رسالپور ۔ پی اے ایف اکیڈمی اصغر خان، رسالپور میں 146ویں جی ڈی (پی)، 92ویں انجینئرنگ، 102ویں ایئر ڈیفنس، 92 اور 94ویں رائل سعودی ایئر فورس انجینئرنگ کیڈٹس کے کورسز کی گریجویشن تقریب منعقد ہوئی۔ چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا اس موقع پر مہمان خصوصی تھے۔ اکیڈمی پہنچنے پر ایئر وائس مارشل محمد قیصر جنجوعہ، ایئر آفیسر کمانڈنگ پی اے ایف اکیڈمی اصغر خان نے مہمان خصوصی کا استقبال کیا۔
پاسنگ آوٹ پریڈ کی تقریب میں کل 115 ایوی ایشن کیڈٹس، 10 جنٹلمین کیڈٹس اور 22 رائل سعودی ایئر فورس کیڈٹس گریجویٹ ہوئے۔ مہمان خصوصی نے فارغ التحصیل ہونے والے کیڈٹس کو برانچ انسگنیا اور نمایاں کارکردگی دکھانے والے گریجویٹس کو ٹرافیوں سے نوازا۔ جنرل سروس ٹریننگ میں بہترین کارکردگی پر چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی کی ٹرافی ایوی ایشن کیڈٹ اکیڈمی انڈر آفیسر صبیح الدین نے اپنے نام کی جبکہ انجینئرنگ ڈسپلن میں بہترین کارکردگی پر چیف آف دی ائیر اسٹاف ٹرافی ایوی ایشن کیڈٹ سکواڈرن انڈر آفیسر محمد ثاقب شیر کو دی گئی۔
فلائنگ ٹریننگ میں شاندار کارکردگی پر چیف آف دی ائیر اسٹاف بہترین پائلٹ ٹرافی ایوی ایشن کیڈٹ احسن علی خٹک نے اپنے نام کی۔ 92ویں رائل سعودی ائیر فورس کیڈٹس کورس کی بہترین الائیڈ کیڈٹ ٹرافی رائل سعودی ائیر فورس کے کیڈٹ فہد مبارک الجوہانی نے جیتی جبکہ 94ویں رائل سعودی ائیر فورس کیڈٹس کورس کی بہترین الائیڈ کیڈٹ ٹرافی رائل سعودی ائیر فورس کے کیڈٹ ولید خالد عبداللہ الترکی کو دی گئی۔
کالج آف ایروناٹیکل انجینئرنگ میں مجموعی طور پر بہترین کارکردگی کی اعزازی تلوار ایوی ایشن کیڈٹ اسکواڈرن انڈر آفیسر محمد ثاقب شیر نے حاصل کی جبکہ کالج آف فلائنگ ٹریننگ میں مجموعی طور پر بہترین کارکردگی پر ایوی ایشن کیڈٹ محمد سعد بنگش کو اعزازی تلوار سے نوازا گیا۔
مہمان خصوصی نے حاضرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ایک امن پسند ملک ہے جو باہمی احترام اور پرامن بقائے باہمی کے آئیڈیل پر قائم ہے۔ پاکستانی قوم اور ہماری مسلح افواج نے علاقائی استحکام اور عالمی امن کے لیے عظیم قربانیاں دی ہیں۔ ہم بدلتی ہوئی علاقائی اور عالمی صورتحال سے پوری طرح باخبر ہیں اور کسی بھی ملک کو غیر مستحکم علاقائی صورتحال کا فائدہ اٹھاتے ہوئے پاکستان کے خلاف جانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
مہمان خصوصی نے فارغ التحصیل ہونے والے کیڈٹس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس پیشہ ورانہ زندگی کے آغاز میں یہ یاد رکھیں کہ آپ پاکستان کی فضائی سرحدوں کے دفاع کی ایک بھاری ذمہ داری اپنے کندھوں پر اٹھانے جا رہے ہیں۔ لہٰذا، امن اور جنگ دونوں صورتوں میں یہ آپ کی اولین ترجیح ہونی چاہیے کہ آپ مستقبل کے پیشہ ورانہ چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے لیے اپنی بہترین صلاحیتوں کا استعمال کریں۔ ایسا کرنے کے لیئے آپ کو ہمارے عظیم پیشروو¿ں کی شجاعت کے کارناموں سے اپنے جذبوں کو تحریک دینی ہے اور پاکستان کے پرچم کو ہمیشہ سر بلند رکھنا ہے۔
تقریب کے بعد پی اے ایف اکیڈمی ایروبیٹکس ٹیم "شیردلز” کی طرف سے ایک سنسنی خیز ہوائی ڈسپلے پیش کیا گیا جس نے اعلیٰ معیار کی فارمیشن ایروبیٹکس اور فلائنگ ڈسپلے کے ذریعے شائقین کے دل موہ لیئے۔ گریجویشن پریڈ کو عسکری اور سول معززین سمیت گریجویٹ ہونے والے کیڈٹس کے والدین نے بھی دیکھا۔
٭۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
نوٹ: قلب نیوز ڈاٹ کام ۔۔۔۔۔ کا کسی بھی خبر اورآراء سے متفق ہونا ضروری نہیں. اگر آپ بھی قلب نیوز ڈاٹ کام پر اپنا کالم، بلاگ، مضمون یا کوئی خبر شائع کر نا چاہتے ہیں تو ہمارے آفیشیل ای میل qualbnews@gmail.com پر براہ راست ای میل کر سکتے ہیں۔ انتظامیہ قلب نیوز ڈاٹ کام