صفحہ اول / شہر شہر / جھنگ ضمنی الیکشن،پیر کروڑ یہ شاہ جیونہ بمقابلہ پیر سیال شریف،کمپین کاآغاز

جھنگ ضمنی الیکشن،پیر کروڑ یہ شاہ جیونہ بمقابلہ پیر سیال شریف،کمپین کاآغاز

جھنگ ۔ جھنگ کے دو صوبائی حلقوں پی پی 125اور پی پی 127میں ضمنی انتخابات میں ملک کی دو بڑی سیاسی جماعتوں مسلم لیگ ن اور پاکستان تحریک انصاف کے اُمیدواران کے مابین سخت مقابلہ متوقع ہے ۔اور دو نوں سیاسی پارٹیاں نشستوں پر کامیابی حاصل کرنے اور ایک دوسرے سے بازی لے جانے کےلئے اپنا پور ا زور لگا رہی ہیں ۔

دو صوبائی حلقوں میں اس وقت دلچسپ صورتحا ل اور کمپین میں تیزی آئی جب علاقے کے بااثر دو بڑے گدی نشینوں” پیر کروڑیہ شاہ جیونہ اور پیرسیال شریف “ نے حلقہ پی پی 125اور حلقہ پی پی 127میں کھڑے اپنے اپنے اُمیدواروں کی حمایت کا اعلان کیا ۔

پیرکروڑیہ شاہ جیونہ کے گدی نشین سید فیصل صالح حیات نے حلقہ پی پی 125سے مسلم لیگ ن کے اُمیدوار فیصل حیات جبوآنہ اور حلقہ پی پی 127میں مسلم لیگ ن کے اُمیدوار مہر محمد اسلم بھروانہ کی حمایت کا اعلان کیا ہے جبکہ پیر سیال شریف کے سجادہ نشین پیر قاسم سیالوی حلقہ پی پی 125سے پی ٹی آئی کے نامزد اُمیدوار محمد اعظم چیلہ اور حلقہ پی پی 127سے پی ٹی آئی کے نامزد اُمیدوار محمد نواز بھروانہ کی حمایت کا اعلان کیا ہے .

ان دونوں بااثر شخصیات نے اپنے اپنے مریدین اور بااثر سیاسی و مذہبی شخصیات کوانکے حمایت یافتہ اُمیدواران کی حمایت کرنے اور ووٹ دیکر کامیاب کرانے کا کہاہے ۔

جب کہ ذرائع کے مطابق وزیر داخلہ پنجاب عطااللہ تارڑ کی جھنگ میں انٹری ،جوڑ توڑ کا عمل عروج پر ،دھڑے بندیاں،سیاسی قلابازیاںاور وفاداریاں تبدیل ہو رہی ہیں اور مسلم لیگ کے سابق ٹکٹ ہولڈر نواب خرم خان سیال اور افتخار بلوچ جنہوں نے آزاد حیثیت میں اپنے کاغذات جمع کرائے ہیں اور وہ مسلم لیگ کی قیادت پر الیکشن سے دستبردا ر ہونے سے انکار ی ہو گئے ہیں جس کے باعث لیگی قیادت پریشان ہے جبکہ یہ کامیاب ہونے کی پوزیشن میں تو نہیں بلکہ کسی بھی اُمیدوار کیلئے خطرہ کا باعث بن سکتے ہیں ۔دوسری جانب الیکشن کمیشن نے عطا اللہ تارڑ کی جھنگ میں‌سرگرمیوں کا نوٹس لے لیا ہے .

ان دو حلقوں میں اہلسنت و الجماعت کا بھی ووٹ کسی بھی اُمیدوار کو متاثر کرتے ہوئے اس کے ہار یاجیت کا سبب بن سکتا ہے اور اس جماعت کا ووٹ بینک حاصل کرنے کیلئے صوبائی وزیر داخلہ پنجاب عطااللہ تارڑ نے مولانا محمد احمد لدھیانوی اور محمد معاویہ اعظم سے ملاقات کی ہے جس کے بعداہل سنت والجماعت نے مسلم لیگ ن کے نامزد دونوں اُمیدواران کی حمایت کا اعلان کر دیا ہے ۔

شیخ گروپ نے پیر سیال شریف کے حکم پر پاکستان تحریک انصاف کے نامزد اُمیدواران کی حمایت کا اعلان کیا ہے جبکہ شیخ محمد یعقوب گروپ نے ابھی باقاعدہ طور پر کسی بھی اُمیدوار کی حمایت کا اعلان کھل کر نہیں کیا شیخ یعقوب کا بھی حلقوں‌میں‌اثر موجود ہے ۔

پاکستان تحریک انصاف کے ٹکٹ پر کامیاب ہونے والے ایم این ایز اور ایم پی ایز حلقہ پی پی 125ور حلقہ پی پی 127میں پی ٹی آئی کے ٹکٹ ہولڈرز اُمیدواران کی کمپین میں عدم دلچسپی و حلقے میں غیر حاضری سے سوالات جنم لے رہے ہیں ۔تجزیہ کے مطابق حلقہ پی پی 125اور حلقہ پی پی 127میں مسلم لیگ ن اور پی ٹی آئی کا جو بھی اُمیدوار اپنا ووٹ بینک زیادہ سے زیادہ کاسٹ کرالے گاوہ فتح کے قریب تر ہو گا۔

٭۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
نوٹ: قلب نیوز ڈاٹ کام ۔۔۔۔۔ کا کسی بھی خبر اورآراء سے متفق ہونا ضروری نہیں. اگر آپ بھی قلب نیوز ڈاٹ کام پر اپنا کالم، بلاگ، مضمون یا کوئی خبر شائع کر نا چاہتے ہیں تو ہمارے آفیشیل ای میل qualbnews@gmail.com پر براہ راست ای میل کر سکتے ہیں۔ انتظامیہ قلب نیوز ڈاٹ کام

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے