جدہ ۔ وزیراعظم شہبازشریف کی سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات ہوئی ہے۔ملاقات کے موقع پر شہزادہ محمد بن سلمان نے وزیراعظم شہبازشریف کا پرتپاک استقبال کیا جبکہ ان کے اعزاز میں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔
اس مو قع پر وزیراعظم شہباز شریف نے سعودی ولی عہد کو اپنے وفد کے ارکان کا تعارف کرایا، وفد میں وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری، وزیردفاع خواجہ آصف ،وزیرخزانہ مفتاح اسماعیل، وزیراطلاعات مریم اورنگزیب ملاقات میں شریک ہیں۔
ذرائع کے مطابق ملاقات میں دوطرفہ تعلقات، علاقائی اور عالمی امور پرتبادلہ خیال کیا گیا۔ اس کے علاوہ اقتصادی وتجارتی روابط بڑھانے، سرمایہ کاری کے فروغ پر بھی بات چیت کی۔
وزیر اعظم شہبا ز شریف جمعہ کو دورہ سعودی عرب کے دوسرے روز مدینہ منورہ سے جدہ پہنچے توگورنر مکہ خالد بن فیصل السعود اور سعودی عرب کے قومی سلامتی کے مشیر ڈاکٹر مسعدبن محمد العیبان نے ہوائی اڈے پر وزیر اعظم کا استقبال کیا۔
وزیر اعظم نے مدینہ منورہ میں قیام کے دوران دو مرتبہ روزہ رسول پر حاضری دی، ریاض الجنتہ میں نوافل ادا کئے، جمعة الوداع کی نماز مسجد نبوی میں ادا کی، ملکی سلامتی، ترقی اور سماجی خوشحالی کے لئے دعائیں مانگیں۔ وزارت عظمی کا منصب سنبھالنے کے بعد وزیراعظم کا یہ پہلا غیر ملکی دورہ ہے۔
ملاقاتوں میں اقتصادی و تجارتی روابط کو بڑھانے اور سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے علاوہ سعودی عرب میں پاکستانی افرادی قوت کے لئے روزگار کے زیادہ سے زیادہ مواقع پیدا کرنے کے حوالے سے بات چیت کی ۔
٭۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
نوٹ: قلب نیوز ڈاٹ کام ۔۔۔۔۔ کا کسی بھی خبر اورآراء سے متفق ہونا ضروری نہیں. اگر آپ بھی قلب نیوز ڈاٹ کام پر اپنا کالم، بلاگ، مضمون یا کوئی خبر شائع کر نا چاہتے ہیں تو ہمارے آفیشیل ای میل qualbnews@gmail.com پر براہ راست ای میل کر سکتے ہیں۔ انتظامیہ قلب نیوز ڈاٹ کام