راولپنڈی . پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ سے چیف آف جنرل سٹاف ترک لینڈ فورسز لیفٹیننٹ جنرل ویلی تراکجی نے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران علاقائی سلامتی کی صورتحال، باہمی اور پیشہ ورانہ دلچسپی کے امور اور بالخصوص دونوں برادر ممالک کے درمیان دفاعی اور سکیورٹی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق آرمی چیف نے کہا کہ ہم ترکی کے ساتھ اپنے برادرانہ تعلقات کو بہت اہمیت دیتے ہیں جو گہری تاریخی، ثقافتی اور مذہبی وابستگیوں سے جڑے ہیں۔ انہوں نے افغانستان میں امن اور مفاہمت کے اقدامات کی اہمیت اور انسانی بحران سے بچنے کے لیے مخلصانہ بین الاقوامی کوششوں کی ضرورت پر زور دیا۔
اس موقع پر دونوں فریقوں نے خاص طور پر تربیت اور انسداد دہشت گردی کے شعبوں میں فوجی تعلقات کو مزید بہتر بنانے پر اتفاق کیا۔ معزز مہمان نے پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ وارانہ مہارت کا اعتراف کیا اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا۔
انہوں نے افغان صورتحال میں پاکستان کے کردار، بارڈر مینجمنٹ کے لیے خصوصی کوششوں اور علاقائی استحکام میں کردار کو بھی سراہا۔
٭۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
نوٹ: قلب نیوز ڈاٹ کام ۔۔۔۔۔ کا کسی بھی خبر اورآراء سے متفق ہونا ضروری نہیں. اگر آپ بھی قلب نیوز ڈاٹ کام پر اپنا کالم، بلاگ، مضمون یا کوئی خبر شائع کر نا چاہتے ہیں تو ہمارے آفیشیل ای میل qualbnews@gmail.com پر براہ راست ای میل کر سکتے ہیں۔ انتظامیہ قلب نیوز ڈاٹ کام