صفحہ اول / پاکستان / معاشی تحفظ قومی سلامتی کا ضامن،پہلی نیشنل سیکورٹی پالیسی منظور

معاشی تحفظ قومی سلامتی کا ضامن،پہلی نیشنل سیکورٹی پالیسی منظور

اسلام آباد . وفاقی وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس نے ملک کی پہلی نیشنل سکیورٹی پالیسی کی منظوری دی ہے۔یہ پالیسی آج (منگل کو) کابینہ اجلاس میں پیش کی جائے گی۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے قومی سلامتی کمیٹی (این ایس سی )کے اجلاس میں ملک کی پہلی قومی سلامتی پالیسی 26-2022 کی منظوری کو تاریخی اقدام قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کسی بھی داخلی اور خارجی خطرات سے نبرد آزما ہونے کی پوری صلاحیت رکھتا ہے،قومی سلامتی پالیسی پر مؤثر عملدرآمد کیلئے تمام ادارے مربوط حکمت عملی اپنائیں۔

پیر کوعمران خان کی زیر صدارت قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں خارجہ، دفاع، اطلاعات و نشریات، داخلہ، خزانہ، انسانی حقوق کے وفاقی وزرا، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی، تینوں مسلح افواج کے سربراہان، قومی سلامتی مشیر، اور سینئر سول و عسکری حکام نے شرکت کی۔

کمیٹی نے ملک کی پہلی قومی سلامتی پالیسی(این ایس پی) 26-2022 کی منظوری دی۔پلاننگ کمیٹی کی از سر نوتشکیل اورنیشنل سیکورٹی کمیٹی ایڈ وائزری بورڈ میں توسیع کی بھی شرکاء نے متفقہ طور پر منظوری دیدی ۔پیرکو جاری اعلامیہ کے مطابق شہریوں پر مبنی اس سکیورٹی پالیسی کو یقینی بنانے کے لیے نیشنل سکیورٹی پالیسی نے معاشی سکیورٹی کو مرکز میں رکھا ہے، مضبوط معیشت کے ذریعے اضافی وسائل پیداہوں گے جنہیں تدبرکے ساتھ فوج اور انسانی سلامتی کی مضبوطی پر خرچ کیاجائے گا ۔

وزیراعظم نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک کا تحفظ شہریوں کے تحفظ سے منسلک ہے۔ وزیراعظم نے ملک کی پہلی قومی سلامتی پالیسی کی تیاری اور منظوری کو ایک تاریخی اقدام قرار دیتے ہوئے کہا کہ قومی سلامتی ڈویژن اور تمام متعلقہ اداروں کی کاوشیں لائق تحسین ہیں ۔

انہوں نے قومی سلامتی مشیر کو پالیسی پر عملدرآمد کے لئے ماہانہ رپورٹ پیش کرنے کی بھی ہدایت کی۔ قومی سلامتی مشیر نے اجلاس کو پالیسی کے خدوخال پر بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان ایک جامع نیشنل سکیورٹی فریم ورک کی طرف جا رہا ہے، جس کا بنیادی مقصد پاکستانی شہریوں کے تحفظ، سکیورٹی اور عزت کویقینی بناناہے ۔

پالیسی پر عملدآرمد یقینی بنانے کے لئے فریم ورک تیار کیا گیا ہےجس کے ذریعے قومی سلامتی ڈویژن متعلقہ محکموں اور وزارتوں کے تعاون سے پیشرفت کا جائزہ لے گا۔شرکاءکو بتایاگیا کہ قومی سلامتی پالیسی ایک جامع قومی سیکورٹی فریم ورک کے تحت ملک کے شہریوں کا تحفظ، سکیورٹی اور وقار یقینی بنائے گی، شہریوں کے تحفظ کی خاطر پالیسی کا محور معاشی سیکورٹی ہوگا، معاشی تحفظ ہی شہریوں کے تحفظ کا ضامن بنے گا۔

انہوں نے بتایا کہ پالیسی سازی کے دوران تمام وفاقی اداروں، صوبائی حکومتوں، ماہرین اور پرائیویٹ سیکٹر سے تفصیلی مشاورت کی گئی، قومی سلامتی کمیٹی سے منظوری کے بعد پالیسی وفاقی کابینہ کے سامنے پیش کی جائے گی۔

٭۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
نوٹ: قلب نیوز ڈاٹ کام ۔۔۔۔۔ کا کسی بھی خبر اورآراء سے متفق ہونا ضروری نہیں. اگر آپ بھی قلب نیوز ڈاٹ کام پر اپنا کالم، بلاگ، مضمون یا کوئی خبر شائع کر نا چاہتے ہیں تو ہمارے آفیشیل ای میل qualbnews@gmail.com پر براہ راست ای میل کر سکتے ہیں۔ انتظامیہ قلب نیوز ڈاٹ کام

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے