اسلام آباد ۔ چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کا پارلیمانی رپورٹرز ایسوسی ایشن کے عہدیداران کی تقریب حلف برداری سے خطا ب کرتے ہوئے کہا کہ میڈیا اتھارٹی بل پر صحافیوں کے تحفظات وزیراعظم اور وزیر اطلاعات تک پہنچاوں گا،کوشش ہے کہ معاملہ افہام و تفہیم سے حل ہو جائے،صحافیوں سے گزارش ہے وہ باہمی مشاورت اور مذاکرات کے لئے مہلت دیں ۔
چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کا کہناہے کہ میڈیا اتھارٹی قانون اگر بنانا ہے تو اسے باہمی مشاورت سے آنا چاہیے، تمام سٹیک ہولڈرز کو ایک میز پر بٹھائیں گے ،میڈیا اتھارٹی سمیت دیگر معاملات پر صحافی پارلیمنٹ کے گھیراو کی کال واپس لے لیں۔ پارلیمانی رپورٹرز ایسوسی ایشن سنجیدہ فورم ہے اور ہمیشہ صحافیوں کی فلاح و بہبود اور حقوق کے لئے پارلیمان کی رہنمائی کرتی ہے ۔
چیئرمین سینیٹ نے مزید کہاکہ ماضی میں جرنلسٹ پروٹیکشن بل بدقسمتی سے اپوزیشن کی مخالفت کے باعث منظور نہ ہوسکا تمام سٹیک ہولڈرز سے مشاورت، قائل کرنے کے بعد جرنلسٹ پروٹیکشن بل منظور کروائیں گے۔صحافیوں کو ملازمت کی سیکیورٹی فراہم کرنے اور دیگر مسائل کے حل کے لیے پیمرا ترمیمی آرڈیننس منظور کرائینگے یہ ہماری ذمہ داری ہے ۔
اس موقع پرچیئرمین سینٹ نے صحافیوں سے وعدہ کرتے ہوئے کہاکہ ہیلتھ کارڈ کی سہولیات کی جلد از جلد فراہمی بھی یقینی بنائیں گے ،پی آر اے جیسی سنجیدہ تنظیم کو ممبران کی خوشی اور غم میں کفالت کے لیے فنڈ قائم کرنا چاہیے ارکان پارلیمنٹ بھرپور معاونت کریں گے۔
چیئرمین سینیٹ کی جانب سے پی آر اے کو 10 لاکھ کی گرانٹ کا بھی اعلان کرتے ہوئے کہا کہ پی آر اے کے لئے نئے دفتر کے قیام کے سلسلے میں سپیکر قومی اسمبلی سے بات کرونگا، پی آر اے کی شایان شان آفس دیں گے ۔
چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین کی جانب سے پی آر اے کے کرونا میں شہید ہونے والے ممبران کے لواحقین لیے تین تین لاکھ روپے کی امداد کا اعلان بھی کیا ۔شہید ممبران ارشد وحید چوہدری، سہیل عبدالناصر، طارق ملک اور صحافی جوہر مجید کے خاندانوں کو 3 تین لاکھ امداد کے چیک دیے جائیں گے، وزیراعظم سے کورونا سے شہید ہونے والے صحافیوں کیلئے امداد کی فراہمی بھی یقینی بنائیں گے
نومنتخب صدر، نائب صدر، سیکرٹری، سیکرٹری فنانس، سیکرٹری اطلاعات سمیت ممبران ایگزیکٹو باڈی نے حلف اٹھایا۔ڈپٹی چیئرمین سینیٹ مرزا محمد آفریدی، سینیئر صحافیوں سمیت پی آر اے ممبران نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔سینئیر صحافیوں ضیاء الدین اور نصرت جاوید کو پی آر اے کی جانب سے لائیو اچیومنٹ ایوارڈ دیا گیا ۔نومنتخب صدر صدیق ساجد اور سیکرٹری آصف بشیر چوہدری نے چیئرمین سینیٹ کو بھی اعزازی شیلڈ دی۔
٭۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
نوٹ: قلب نیوز ڈاٹ کام ۔۔۔۔۔ کا کسی بھی خبر اورآراء سے متفق ہونا ضروری نہیں. اگر آپ بھی قلب نیوز ڈاٹ کام پر اپنا کالم، بلاگ، مضمون یا کوئی خبر شائع کر نا چاہتے ہیں تو ہمارے آفیشیل ای میل qualbnews@gmail.com پر براہ راست ای میل کر سکتے ہیں۔ انتظامیہ قلب نیوز ڈاٹ کام