کربلا ۔ عراق اور ایران میں چہلم امام حسین ؑ نہایت عقیدت واحترام کے ساتھ منایا گیا جس میں لاکھوں افراد نے شرکت کی .اربعین امام حسین علیہ السلام میں شرکت کے لیے دنیا بھر سے زائرین کربلا معلی پہنچے ۔نجف اشرف سے کربلا تک پیدل سفر کرنے والے عشاق میں نوجوانوں کے علاوہ بچوں، بزرگوں اور خواتین کی تعدادلاکھوں میں رہی ۔ جنہوں نے مختلف قافلوں کی صورت میں پیدل سفر شروع کیا اور کربلا پہنچے ۔
عراقی حکومت نے زائرین کوسیکورٹی سمیت دیگر سہولیات کی فراہمی کے لیے اعلی سطح انتظامات کر رکھے تھے ۔تمام ائیرپورٹس اور سرحدی علاقوں پر عملے کی تعداد میں کئی گنا اضافہ کیا گیا ہے تاکہ زائرین کو سرزمین عراق داخل ہونے میں کسی مشکل کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
رپورٹ کے مطابق الحشد الشعبی کے کمانڈر علی الحمدانی کا کہنا ہے کہ سید الشہداء حضرت امام حسین علیہ السلام کے چہلم کی مناسبت سے پیدل مارچ میں دسیوں لاکھ عراقیوں کی سکیورٹی کو یقینی بنانے کیلئے سکیورٹی فورسز کی تعداد دو گنا بڑھا دی گئی اور اس طرح اب حشد الشعبی کے 9 ہزار 500 رضاکار کربلائے معلی میں تعینات ہوئے ہیں اور 266 گاڑیاں بھی گشت کر رہی ہیں۔
عراقی حکومت نے زائرین کو تمام ممکن سہولیات فراہم کرنے کے لیے حکومتی محکموں کو خصوصی ہدایات کر رکھی ہیں۔نجف سے کربلا تک کھانے پینے کی مفت اشیا کے جابجا سٹال لگے ہوئے ہیں، مسافروں کے آرام کے لیے عارضی رہائش گاہوں، موکب کا بھی انتظام موجود تھا ۔
عقیدت مندوں کی بڑی تعداد پیدل سفر کرنے والے زائرین کی خدمت میں پیش پیش رہی ۔ اربعین امام حسین علیہ السلام عالم اسلام کا سب سے بڑا اجتماع ہے جس میں ہر سال کڑوروں زائرین شریک ہوتے ہیں۔
عراق اور ایران میں آج چہلم امام حسین علیہ السلام منایا گیا جس میں لاکھوں لوگوں نے امام حسین علیہ السلام کی یاد مناتے ہوئے نوحہ خوانی اور سینہ کوبی کی جب کہ کل پاکستان کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں نواسہ رسول جگر گوشہ بتول امام عالی مقام حضرت امام حسین علیہ السلام سمیت دیگر شہدا کربلا کا چہلم نہایت عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جائے گا جس کے لئے حکومت کی جانب سے سیکورٹی کے تمام انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں ۔
٭۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
نوٹ: قلب نیوز ڈاٹ کام ۔۔۔۔۔ کا کسی بھی خبر اورآراء سے متفق ہونا ضروری نہیں. اگر آپ بھی قلب نیوز ڈاٹ کام پر اپنا کالم، بلاگ، مضمون یا کوئی خبر شائع کر نا چاہتے ہیں تو ہمارے آفیشیل ای میل qualbnews@gmail.com پر براہ راست ای میل کر سکتے ہیں۔ انتظامیہ قلب نیوز ڈاٹ کام