صفحہ اول / پاکستان / افغانستان کے ساتھ ہماری سرحد محفوظ ہے, ترجمان پاک فوج

افغانستان کے ساتھ ہماری سرحد محفوظ ہے, ترجمان پاک فوج

راولپنڈی . پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل بابر افتخار نے کہا ہے کہ افغانستان کے ساتھ ہماری سرحد محفوظ ہے۔ توقع ہے طالبان اپنے وعدوں پر عمل کرینگے۔افغانستان میں پیدا ہونے والی صورت حال غیر متوقع تھی، پاکستان نے پہلے ہی اقدامات اٹھانا شروع کر دیئے تھے.

ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ ، افغانستان میں15اگست کے بعد تیزی سےتبدیلی آرہی ہے، 15اگست کے بعد افغان بارڈر متعدد بار بند اور کھولا گیا، افغانستان کی صورت حال کے تناظر میں پاکستان میں امن کے لیے مناسب اقدامات کیے گئے اور سیکیورٹی اقدامات کیے جارہے ہیں، چیک پوائنٹس پر دستے تعینات کیے، سرحد پر غیر قانونی نقل و حرکت روک دی گئی ہے، پاک افغان بارڈر پر اس وقت صورت حال نارمل ہے، پاک افغان بارڈر پر باڑ لگانے کا 90فیصد کام مکمل ہوچکا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں بے حد قربانیاں دیں۔ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں 80 ہزار سے زائد جانیں دیں۔ پاکستان کو 2013ء میں دہشتگردی کے 90 بڑے واقعات کا سامنا کرنا پڑا لیکن قوم کی حمایت سے ہم نے کامیابی حاصل کی۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ افغان فوج کے کیڈٹس نے بھارت سے تربیت حاصل کی، صرف 6افغان کیڈٹ پاکستان آئے باقی سب بھارت گئے، ہم نے افغان آرمی کی پوری بریگیڈ کو تربیت فراہم کرنے کی پیشکش کی، افغانستان نے اپنے ہزاروں فوجیوں کو بھارت سے ٹریننگ دینے کو ترجیح دی۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ بھارت کا افغانستان میں کردار بہت منفی تھا، بھارت افغان قیادت اور عوام کے ذہن میں زہر بھرتا رہا، را اور این ڈی ایس نے مل کر پاکستان میں دہشت گردی کی، داسو، لاہور، کوئٹہ اور گوادر میں دہشت گردی واقعات کے ذمہ داروں کاتعین کردیا ہے، اب افغانستان سے بھارت کا اثر و رسوخ ختم ہو جائے گا، طالبان نے یقین دلایا ہے کہ ٹی ٹی پی کو افغان سرزمین استعمال کرنے نہیں دیں گے، ٹی ٹی پی سے متعلق ہمیں طالبان کی بات پر یقین ہے۔

ترجمان پاک فوج نے کہا کہ افغانستان کے حالات کا پاکستان پر براہ راست اثر پڑتا ہے۔ پاک افغان سرحد پر باڑ لگانا بڑا منصوبہ تھا۔ پاک افغان سرحد پر باڑ لگانے کا 90 فیصد جبکہ ایرانی سرحد کے ساتھ 50 فیصد کام مکمل ہو گیا ہے۔ سرحد پر 2 ہزار سے زائد پاکستانی چوکیاں موجود ہیں لیکن افغانستان کی صرف 350 چوکیاں تھیں۔

ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ سی پیک منصوبوں کی سیکیورٹی پر پاک فوج کے دستے تعینات ہیں۔ داسو، لاہور، کوئٹہ اور گوادر میں دہشتگردی واقعات کے ذمہ داروں کا تعین کر دیا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے