صفحہ اول / شہر شہر / حکومت کی صنعت دوست پالیسیوں سے معاشی سرگرمیوں میں اضافہ ہوا،میاں اسلم

حکومت کی صنعت دوست پالیسیوں سے معاشی سرگرمیوں میں اضافہ ہوا،میاں اسلم

فیصل آباد ۔ فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے زیر اہتمام قائم ہونے والے سٹیٹ آف دی آرٹ ایکسپو سنٹر کے ذریعے فیصل آباد کی معیاری مصنوعات کو عالمی سطح پر متعارف کرانے میں مدد ملے گی۔ یہ بات صوبائی وزیر صنعت و تجارت و سرمایہ کاری میاں اسلم اقبال نے آج ایکسپو سنٹر کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کی بھر پور توجہ معاشی بحالی پر ہے اور اس مقصد کیلئے برآمدات بڑھانے کے ساتھ ساتھ عالمی سطح پر پاکستان کے پر امن تشخص کو بھی اجاگر کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کرونا کی وبا کے باوجود حکومت کی صنعت دوست پالیسیوں کی وجہ سے معاشی سرگرمیوں میں اضافہ ہو ا ہے جبکہ نئی صنعتوں کے قیام سے روزگار کے نئے مواقع بھی پیدا ہو رہے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ فیصل آباد میں ٹیکسٹائل کی بہترین مصنوعات کی تیاری کی جا رہی ہیں جن کی برآمدات بڑھانے کیلئے نئے رجحانات کے مطابق معیاری مصنوعات کی تیاری پر توجہ دی جائے تاکہ عالمی منڈیوں میں اِن مصنوعات کی بہتر قیمت مل سکے۔ انہوں نے نئی منڈیاں تلاش کرنے کے علاوہ غیر روایتی مصنوعات کی برآمد پر بھی زور دیا اور کہا کہ مجوزہ ایکسپو سنٹر فیصل آباد کی مصنوعات کو عالمی سطح پر متعارف کرانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔

انہوں نے مزید بتایا کہ یہ سنٹر پرائیویٹ ، پبلک پارٹنر شپ کی بنیاد پر تعمیر کیا جائے گا جس کیلئے ایم تھری انڈسٹریل سٹی میں جگہ پہلے ہی مختص کر دی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ فیصل آباد میں ایم تھری انڈسٹریل اسٹیٹ کے علاوہ علامہ اقبال سپیشل اکنامک زون کی جلد آباد کاری کیلئے بھی ضروری اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔

صوبائی وزیر نے صنعتکاروں کی سہولت کیلئے انڈسٹریل سہولت لاﺅنج کا بھی افتتاح کیا اور اس سلسلہ میں صدر انجینئر حافظ احتشام جاوید کی کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے بطور صدر فیصل آباد میں صنعتی ترقی کی رفتار کو تیز کرنے میں کلیدی کردار ادا کیا اور توقع ہے کہ فیڈمک اُن کی خداداد صلاحیتوں سے مزید فائدہ اٹھائے گا۔

اس موقع پر انجینئر حافظ احتشام جاوید نے ایکسپو سنٹر کے بارے میں بتایا کہ اس کی جلد تعمیر شروع کرنے کیلئے تمام متعلقہ اداروں سے رابطہ کیا جا رہا ہے اور توقع ہے کہ اس کام کو فاسٹ ٹریک پر مکمل کر لیا جائے گا۔اس موقع پر سینئر نائب صدر چوہدری طلعت محمود،نائب صدر ایوب اسلم منج ، نومنتخب صدر عاطف منیر، انجینئر احمد حسن، وومن چیمبر کی بانی صدر محترمہ روبینہ امجد ، صدر تہمینہ پاشا اور نو منتخب صدر محترمہ نگہت شاہد اور فیصل آباد چیمبر کے دیگر ایگزیکٹو ممبران بھی موجود تھے۔

آخر میں ایگزیکٹو ممبر ڈاکٹر سجاد ارشد نے اِن منصوبوں کی جلد تکمیل اور کامیابی کیلئے خصوصی دعا کرائی۔ صوبائی وزیر صنعت وتجارت میاں اسلم اقبال نے فیصل آباد وومن چیمبر آف کامرس میں بزنس انڈکشن سنٹر کا افتتاح بھی کیا۔

٭۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
نوٹ: قلب نیوز ڈاٹ کام ۔۔۔۔۔ کا کسی بھی خبر اورآراء سے متفق ہونا ضروری نہیں. اگر آپ بھی قلب نیوز ڈاٹ کام پر اپنا کالم، بلاگ، مضمون یا کوئی خبر شائع کر نا چاہتے ہیں تو ہمارے آفیشیل ای میل qualbnews@gmail.com پر براہ راست ای میل کر سکتے ہیں۔ انتظامیہ قلب نیوز ڈاٹ کام

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے