چنیوٹ . ڈپٹی کمشنر سید محمد مسعود نعمان اور ڈی پی او بلال ظفر نے ڈپٹی کمشنر آفس چنیوٹ میں ضلعی امن کمیٹی کے ارکان سے ملاقات کی۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر، تمام مکاتب کے علماء کرام،تاجران و دیگر ممبران امن کمیٹی بھی شریک تھے۔
ڈپٹی کمشنر اور ڈی پی او نے ضلعی امن کمیٹی کے ارکان کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ معاشرتی امن اورمذہبی رواداری کی فضاء برقرار رکھنے کے لئے ان کی شاندارخدمات قابل ستائش ہیں۔
انہوں نے خوشی اوراطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ چنیوٹ ضلع میں تمام مکاتب فکر کے علماکرام آپس میں متحد ومتفق ہیں۔انہوں نے کہا کہ علماء کرام اپنے محراب ومنبر سے مذہبی رواداری،پیارومحبت اور قانون کی پاسداری کا درس دیں اور خصوصی طور پر جمعۃ المبارک کے اجتماعات میں اسوہ حسنہ پر صدق دل سے عمل پیرا ہونے اور کورونا وباء سے محفوظ رہنے کا پیغام اجاگر کریں۔
انہوں نے کہا کہ علماء کرام سے گہرا رابطہ استوار رہے گا اور امن کے قیام کے لئے ان کی تجاویز کا ہمیشہ خیر مقدم کریں گے۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ امن و سلامتی دین اسلام کا طرہ امتیاز ہے جس سے دنیا و آخرت بہتر ہوتی ہے لہذا چنیوٹ کو امن کا گہوارہ رکھنے کے لئے کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کریں گے جس کا سہرا تمام مسالک کے علما کرام کے سر پر ہے۔
انہوں نے کہا کہ چہلم حضرت امام حسین ؓ کے موقع پر بھی علماء کرام کی تجاویز کی روشنی میں بہترین انتظامی وحفاظتی انتظامت کو یقینی بنایا جائے گا۔
اجلاس کے دوران علماکرام نے ڈپٹی کمشنر اور ڈی پی او کو اپنے بھرپور تعاون کایقین دلایا اورکہا کہ امن ہم سب کی اشد ضرورت ہے،آخرمیں ملک وقوم کی ترقی وخوشحالی،امن وسلامتی،اتحاد ویکجہتی اورخیروبرکت کی دعا کی گئی۔
٭۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
نوٹ: قلب نیوز ڈاٹ کام ۔۔۔۔۔ کا کسی بھی خبر اورآراء سے متفق ہونا ضروری نہیں. اگر آپ بھی قلب نیوز ڈاٹ کام پر اپنا کالم، بلاگ، مضمون یا کوئی خبر شائع کر نا چاہتے ہیں تو ہمارے آفیشیل ای میل qualbnews@gmail.com پر براہ راست ای میل کر سکتے ہیں۔ انتظامیہ قلب نیوز ڈاٹ کام