اسلام آباد ۔ وزیراعظم شہباز شریف نے نوجوانوں کے لئے آسان شرائط پر قرضہ سکیم کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کےلئے جان دے دوں گا،ہر قدم اٹھاﺅں گا، پاکستان کو بچانے کےلئے جو ذمہ داری لی ہے وہ آخری دم تک نبھاﺅں گا، اپنی سیاسی کمائی پاکستان پر قربان کرنے کےلئے تیار ہوں،جتنی چادر ہے اتنے پاﺅں پھیلائیں گے، سب جانتے ہیں کہ انتہائی مشکل ترین حالات میں ہم نے ذمہ داری سنبھالی، پاکستان کو مل کر عظیم ملک بنائیں گے مگر اس کےلئے کچھ شرائط ہیں،یوتھ انٹرن شپ پروگرام کے تحت نوجوانوں کو5 لاکھ تک بلا سود قرضہ دیا جائے گا، 5 سے 15 لاکھ تک قرض پر شرح سود صرف 7فیصد ہو گا اور واپسی کی مدت 7سال ہو گی،15سے 75لاکھ تک قرض پر 7فیصد سود ہو گا اور 8سال تک ادا کرنا ہوں گے۔
نواز شریف کے دور میں 54ہزار نوجوانوں کو 75 ارب روپے کے قرضے دیئے تھے، ہمارے نوجوانوں نے 99فیصد قرضے واپس کئے، تنقید ہوتی تھی کہ لیپ ٹاپ سیاسی پوائنٹ اسکورننگ ہے، ماضی میں جواب دیتا تھا کہ نوجوانوں کے ہاتھوں میں لیپ ٹاپ نہیں تو کیا کلاشنکوف دے دیں؟ اسٹیٹ بینک کہتا ہے کہ شرح سود کو بڑھانا ہے، نوجوانوں کےلئے ایک لاکھ لیپ ٹاپ پروگرام بھی لا رہے ہیں۔
آئی ایم ایف کو واضح پیغام دیا کہ 9واں جائزہ مکمل کرنا چاہتے ہیں، آئی ایم ایف کے ساتھ بیٹھ کر شرائط کو تکمیل تک پہنچا کر آگے بڑھیں، آئی ایم ایف کو واضح گزارش کر رہا ہوں کہ بلا تاخیر 9واں جائزہ مکمل کرنا ہے، نوجوان ہمارے سر کا تاج اور پاکستان کے ستارے ہیںپاکستان کو بچانا ہے تو سیاست کی قربانی دینا پڑے گی۔ تفصیلات کے مطابق منگل کو اسلام آباد میں پرائم منسٹر یوتھ بزنس اینڈ ایگری لون پروگرام کی افتتاحی تقریب کا انعقاد ہوا۔ تقریب میں وزیراعظم شہباز شریف نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ پروگرام کے تحت نوجوانوں کو آسان قرضے دیئے جائیں گے۔
افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ وہ زمانہ تھا کہ جب صوبائی حکومتیں اور میں فرائض انجام دے رہے تھے، ماضی میں پنجاب کے اپنے وسائل سے ہزاروں نوجوانوں کو آسان قرضے فراہم کئے گئے، پرائم منسٹر یوتھ پروگرام کے تحت نوجوانوں میں لیپ ٹاپ تقسیم کئے گئے تھے، بینک آف پنجاب کے ذریعے بے روزگار نوجوانوں کے روزگار کےلئے روزگار گاڑیوں کا آغاز کیا گیا تا کہ نوجوان اپنے پیروں پر کھڑا ہو سکیں، ہم نے ماضی میں چالیس ارب کے قرضے دیئے تھے اور ریکوری 29 فیصد تھی،دوسری طرف اربوں روپے کے قرضے معاف ہوتے اور گھر گاڑیاں واپس ہوتی رہیں، نوجوانوں کو وسائل مہیا کریں تو پاکستان کو دنیا میں اس کا کھویا ہوا مقام مل سکتا ہے۔
نواز شریف کے دور میں 54ہزار نوجوانوں کو 75 ارب روپے کے قرضے دیئے تھے، ہمارے نوجوانوں نے 99فیصد قرضے واپس کئے، تنقید ہوتی تھی کہ لیپ ٹاپ سیاسی پوائنٹ اسکورننگ ہے، ماضی میں جواب دیتا تھا کہ نوجوانوں کے ہاتھوں میں لیپ ٹاپ نہیں تو کیا کلاشنکوف دے دیں؟ وزیراعظم نے کہا کہ یوتھ لون پروگرام کے تحت نوجوانوں کو5 لاکھ تک بلا سود قرضہ دیا جائے گا، 5 سے 15 لاکھ تک قرض پر سود صرف 7فیصد ہو گا اور واپسی کی مدت 7سال ہو گی،15سے 75لاکھ تک قرض پر 7فیصد سود ہو گا اور 8سال تک ادا کرنا ہوں گے، 5لاکھ تک قرضے پر کوئی سود ادا نہیں کرنا پڑے گا۔
وزیر اعظم نے کہا کہ ملک کو بچانا ہے تو اس کی سیاسی قیمت ادا کرنا ہو گی، پاکستان کےلئے جان دے دوں گا،ہر قدم اٹھاﺅں گا، پاکستان کو بچانے کےلئے جو ذمہ داری لی ہے وہ آخری دم تک نبھاﺅں گا، اپنی سیاسی کمائی پاکستان پر قربان کرنے کےلئے تیار ہوں،جتنی چادر ہے اتنے پاﺅں پھیلائیں گے،انشاءاللہ ہم پاکستان کو مشکلات سے نکالیں گے، وزیر اعظم نے کہا کہ سب جانتے ہیں کہ انتہائی مشکل ترین حالات میں ہم نے ذمہ داری سنبھالی، پاکستان کو مل کر عظیم ملک بنائیں گے مگر اس کےلئے کچھ شرائط ہیں۔
ہماری حکومت نے توانائی بچت پروگرام کا فیصلہ کیا ہے، تیل کی امپورٹ پر 27ارب ڈالر خرچ ہوں گے، کچھ اقدامات کر کے ہم چند ارب ڈالر بچا سکتے تھے، توانائی بچت پروگرام کے خلاف ایک صوبے کی حکومت ہائیکورٹ چلی گئی اور حکم امتناع لے لیا، ہائیکورٹ کا ایک حکم جاری ہوا جو سر آنکھوں پر ہے، شہباز شریف نے کہا کہ ایسا نہیں ہو سکتا کہ سیاست اور ریاست کو ایک ساتھ بچالیں، آج ہم بڑی مشکل میں ہیں، ملک کو تمام مشکلات سے نجات دلائیں گے، قرضہ پروگرام ہزار گنا زیادہ ہو سکتا تھا مگر جتنی چادر ہے اتنے پاﺅں پھیلائیں گے، پاکستان کو بچانے کےلئے ہمیں اپنی سیاست کو قربان کرنا ہو گا۔
٭۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
نوٹ: قلب نیوز ڈاٹ کام ۔۔۔۔۔ کا کسی بھی خبر اورآراء سے متفق ہونا ضروری نہیں. اگر آپ بھی قلب نیوز ڈاٹ کام پر اپنا کالم، بلاگ، مضمون یا کوئی خبر شائع کر نا چاہتے ہیں تو ہمارے آفیشیل ای میل qualbnews@gmail.com پر براہ راست ای میل کر سکتے ہیں۔ انتظامیہ قلب نیوز ڈاٹ کام