صفحہ اول / پاکستان / خاتون جنت ؑ کی حیات طیبہ خواتین عالم کیلئے مشعل راہ ہے,علامہ ساجد نقوی

خاتون جنت ؑ کی حیات طیبہ خواتین عالم کیلئے مشعل راہ ہے,علامہ ساجد نقوی

راولپنڈی . قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے دختر پیغمبر گرامی‘ زوجہ امیر المومنین علی ابن ابی طالب ؑ ‘ مادر حسنین ؑ حضرت فاطمہ زہرا ؑ کے یوم ولادت باسعادت 20 جمادی الثانی کے پرمسرت اور بابرکت موقع پر اسلامیان عالم کو تبریک پیش کرتے ہوئے کہا کہ خاتون جنت ؑ کی حیات طیبہ خواتین عالم کیلئے نمونہ عمل ومشعل راہ ہے۔

اپنے پیغام میں علامہ ساجد نقوی کہتے ہیں کہ عورت کی زندگی کا ہر پہلو کا نمونہ جناب سیدہ ؑ کی زندگی میں ہے ،بیٹی ہونے کے ناطے ختمی مرتبت ‘ خاتم النبین رسول اعظم جیسے کائنات کے عظیم ترین والد جیسی ہستی کے ہوتے ہوئے زندگی کی ہر طرح کی مصیبت و زحمت کو برداشت کیا‘ملیکة العرب حضرت خدیجہ الکبری ؑ جیسی والدہ گرامی کے ہوتے ہوئے بھی کبھی راحت و آرام اورزیب و زینت کی زندگی کو پسند نہ فرمایا، علی ابن ابی طالب ؑ جیسے شجاع و سخی شوہر کے ہوتے ہوئے اطاعت و تابعداری و خدمت کو شعار بنایا اور کوئی فرمائش نہ کی اور اسی طرح جوانان جنت کے سردار فرزندان کے ہوتے ہوئے فاقوں کی زندگی کو ترجیح دی۔

علامہ ساجد نقوی نے کہا کہ صدیقہ‘ طاہرہ اور بتول جیسے القابات کی حامل بی بی نے اطاعت خداوندی‘ عبادت و ریاضت‘ عصمت و طہارت‘ عفت و پاکدامنی‘ پردہ و حیا‘ تربیت اولاد‘ علم و کمال‘ اعلی تہذیب و اخلاقی اقداراور قناعت پسندی کے ذریعے مثالی اسلامی معاشرے کو بنیادیں فراہم کیں۔اس کی ایک روشن مثال وہ واقعہ ہے جب رسول خدا کے نابینا صحابی ابن مکتوم سے بھی جب جناب سیدہ ؑ نے پردہ فرمایا تو کچھ خواتین نے استفسار کیا کہ وہ تو نابینا ہیں مگر جواب میں بی بی نے فرمایا کہ وہ تو نابینا ہیں مگر ہم تو نہیں ۔

قائد ملت جعفریہ پاکستان نے یہ بات زور دے کر کہی کہ کہ آزادی نسواں کے عالمی نعروں کو اگر حضرت سیدہ فاطمہ زہراؑ کے کردار کی روشنی میں دیکھیں تو موجودہ نعروں کی حیثیت آشکار ہوجاتی ہے ، البتہ سیرت زہرا کی روشنی میں آزادی نسواں کے تصور اور نظریے کو اجاگرکرنے سے عورت حقیقی معنوں میں ترقی کرسکتی ہے،معاشروں کی تعمیر کرسکتی ہے ،نئی نسلوں کی کردار سازی کرسکتی ہے،سوسائٹی کو سنوارنے میں اپنا کردار ادا کرسکتی ہے اور اپنے ذاتی‘ اجتماعی اور معاشرتی مسائل کا حل تلاش کرسکتی ہے۔

٭۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
نوٹ: قلب نیوز ڈاٹ کام ۔۔۔۔۔ کا کسی بھی خبر اورآراء سے متفق ہونا ضروری نہیں. اگر آپ بھی قلب نیوز ڈاٹ کام پر اپنا کالم، بلاگ، مضمون یا کوئی خبر شائع کر نا چاہتے ہیں تو ہمارے آفیشیل ای میل qualbnews@gmail.com پر براہ راست ای میل کر سکتے ہیں۔ انتظامیہ قلب نیوز ڈاٹ کام

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے