جھنگ . صوبائی وزیر لائیوسٹاک اینڈ ڈیری ڈویلپمنٹ سردار شہاب الدین خان سیہڑ نے کہا ہے کہ لمپی سکن بیماری کے پیش نظر حکومت پنجاب کی جانب سے متاثرہ جانوروں کے علاج معالجے اور وباءکی روک تھام کے لئے جنگی بنیادوں پراقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔
محکمہ لائیو سٹاک کے تمام افسران ضلعی اور تحصیل سطح پر لمپی سکن بیماری سے بچاﺅ کے حوالہ سے تمام حفاظتی تدابیر اختیار کرنے بارے مویشی پال حضرات کو بھرپور آگاہی فراہم کر رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے جھنگ دورہ کے دوران تحقیقاتی مرکز برائے گائے و بھینس میں میڈیا بریفنگ کے دوران کیا۔
اس موقع پر رکن صوبائی اسمبلی محمد اعظم چیلہ اور محکمہ لائیو سٹاک کے افسران بھی انکے ہمرہ تھے۔ صوبائی وزیر لائیوسٹاک اینڈ ڈیری ڈویلپمنٹ سردار شہاب الدین خان سیہڑ نے کہا کہ لمپی سکن بیماری کی ویکسین صوبائی سطح پر تیار کرنے پر کام کر رہے ہیں۔لمپی سکن کے حوالہ سے جائزہ لینے کےلئے اب تک چار اضلاع کے وزٹس کر چکا ہوں۔ اس ضمن میں محکمہ لائیوسٹاک کے ذمہ داران کو فیلڈ میں متحرک رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ مویشی پال حضرات محکمہ سے رجوع کرکے اپنے قیمتی جانوروں کی حفاظت کو یقینی بنائیں۔
صوبائی وزیر نے شجر کاری کے حوالہ سے پودا بھی لگایا۔قبل ازیں صوبائی وزیر لائیوسٹاک اینڈ ڈیری ڈویلپمنٹ سردار شہاب الدین خان سیہڑ نے تحصیل اٹھارہ ہزاری میں کسان بیٹھک سے خطاب کے دوران لمپی سکن بیماری کے حوالہ سے محکمہ لائیو اسٹاک کی جانب سے کئے گئے اقدامات بارے کسانوں کو آگاہ کیا اور بتایا کہ محکمہ لائیو اسٹاک لمپی سکن بیماری کو کنٹرول کرنے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کر رہا ہے۔
صوبائی وزیر سردار شہاب الدین خان سیہڑ نے ایم پی اے محمد اعظم چیلہ کے ہمراہ تحصیل اٹھارہ ہزاری میں سول ویٹرنری ہسپتال کی نئی عمارت کا افتتاح بھی کیا۔
٭۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
نوٹ: قلب نیوز ڈاٹ کام ۔۔۔۔۔ کا کسی بھی خبر اورآراء سے متفق ہونا ضروری نہیں. اگر آپ بھی قلب نیوز ڈاٹ کام پر اپنا کالم، بلاگ، مضمون یا کوئی خبر شائع کر نا چاہتے ہیں تو ہمارے آفیشیل ای میل qualbnews@gmail.com پر براہ راست ای میل کر سکتے ہیں۔ انتظامیہ قلب نیوز ڈاٹ کام