گلگت بلتستان ۔ گلگت بلتستان کو وطن عزیز کے آئینی اداروں قومی اسمبلی اور سینیٹ میں باقی صوبوں کے برابر نمائندگی دی جائے۔ موجودہ سیٹ اپ عبوری سیٹ اپ ہے، مزید مذاق نہ کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ 75سالوں سے محرومی کے شکار گلگت بلتستان کے عوام کی قسمت کا فیصلہ ماضی کے تلخ تجربات کو مدنظر رکھ کر کریں۔ ہمیں حب الوطنی کا سرٹیفکیٹ وفاق میں بیٹھے لوگ نہ دیں۔ ہم پاکستان کے سب سے زیادہ وفادار قوم ہیں۔ ہمارے آباو اجداد نے بے سروسامانی میں علاقے کو آزاد کروا کر قائد اعظم محمد علی جناح کو تحفے میں دیا۔
انہوں نے مزید کہاکہ آج گلگت بلتستان کے فیصلے وہ لوگ کر رہے ہیں جن کا علاقے سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ علاقے کے عوام کےلئے فیصلے ہمارے منتخب نمائندگان سے کروائے جائیں۔
ان خیالات کا اظہار گلگت بلتستان ہیومن رائٹس کے صدر ولایت بلتی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ گلگت بلتستان کی بنائی کمیٹی سے کوئی فائدہ نہیں ان کے پاس کوئی اختیار نہیں ہے۔ خطے کے فیصلے سوچ سمجھ کر کرنا ہوں گے، عوام ہر بات پر یس سر کہنے والوں کو کبھی معاف نہیں کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ ایک صوبے کے 23 سینیٹرز کے سامنے گلگت بلتستان کے 4 یا 5 سینیٹرز بنانا علاقے کے ساتھ زیادتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ این ایف سی ایوارڈ میں دوسرے صوبوں کے برابر حصہ دیا جائے کیونکہ گلگت بلتستان میں ترقیاتی منصوبوں کا فقدان ہے۔
انہوں نے کہا کہ عبوری سیٹ اپ گلگت بلتستان کے محب وطن عوام کی توہین ہے، ہمیں مکمل آئینی صوبہ دیا جائے۔ عوام اب خاموش نہیں رہیں گے، صدر پاکستان، وزیر اعظم پاکستان اور آرمی چیف سے مطالبہ کرتے ہیں کہ گلگت بلتستان کے عوام کو پاکستان کے باقی شہریوں کے برابر باعزت طور پر حقوق دیے جائیں، عوام پر ٹیکس لگائیں تو عوام تیار ہے۔
انہوں نے کہا کہ علاقے کی عوام کا واحد ذریعہ سوست بارڈر سے آنے والی آمدنی ہے کیونکہ اس کے علاوہ کوئی ذریعہ آمدن نہیں فراہم کیا گیا جس کے باعث عوام غربت کی نچلی سطح پر زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔
لہذا حکومت پاکستان سے درخواست ہے کہ گلگت بلتستان کو باقاعدہ صوبہ کا درجہ دے کر علاقے کے عوام سے امتیازی سلوک نہ برتا جائے۔ گلگت بلتستان کے دریا، موجودہ سی پیک اور ٹور ازم سے حاصل ہونے والی آمدنی میں صوبے کا حصہ ہونا چاہیے۔
٭۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
نوٹ: قلب نیوز ڈاٹ کام ۔۔۔۔۔ کا کسی بھی خبر اورآراء سے متفق ہونا ضروری نہیں. اگر آپ بھی قلب نیوز ڈاٹ کام پر اپنا کالم، بلاگ، مضمون یا کوئی خبر شائع کر نا چاہتے ہیں تو ہمارے آفیشیل ای میل qualbnews@gmail.com پر براہ راست ای میل کر سکتے ہیں۔ انتظامیہ قلب نیوز ڈاٹ کام