فیصل آباد . ضلع فیصل آباد میں 24جنوری سے شروع ہونے والی انسدادپولیومہم کے تمام تر انتظامات مکمل ہیں اور مہم کا افتتاح ہفتہ 22 جنوری کو ہلال احمر میٹرنٹی ہسپتال میں ہوگا۔ڈپٹی کمشنر علی شہزاد نے ڈسٹرکٹ پولیو ایریڈیکیشن کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کی اور ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی کو انسداد پولیو مہم سو فیصد کامیاب بنانے کیلئے سرتوڑ کوششیں کرنے کا حکم دیا۔
انہوں نے کہا کہ مہم کے دوران پانچ سال تک کی عمر کے ہر بچے تک رسائی حاصل کرکے انہیں حفاظتی قطرے پلانے کا ہدف حاصل ہونا چاہیے۔اس ضمن میں معمولی سی بھی غفلت کے متحمل نہیں ہوسکتے۔ڈپٹی کمشنر نے انسدادپولیومہم پر ذمہ دارانہ عملدرآمد کیلئے متعلقہ محکموں کو متحرک کرتے ہوئے ٹاسک تفویض کئے اور کہا کہ اہداف کے حصول کیلئے وضع کردہ مائیکرو پلان پر عملدرآمد ہونا چاہیے۔
انہوں نے والدین کی آگاہی کیلئے تشہیر کے ہرممکن ذرائع بروئے کارلانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ مہم کی دوہری مانیٹرنگ ہوگی۔انہوں نے سوشل ویلفیئر،لیبر،پاپولیشن ویلفیئر اوردیگر محکموں کو والدین کی آگاہی کیلئے اقدامات کرنے کی بھی تاکید کی۔
اجلاس کے دوران سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر بلال احمدنے مہم کے انتظامات کے بارے میں بریفنگ دی اور بتایا کہ مہم کے دوران پانچ سال تک کی عمر کے تقریبا 13 لاکھ بچوں کو حفاظتی قطرے پلائے جائیں گے اس مقصد کے لئے مجموعی طور پر 4870 ٹیمیں فرائض انجام دیں گی۔
انہوں نے بتایا کہ متعلقہ سٹاف کی ٹریننگ کا عمل مکمل اور مہم کی کامیابی کے لئے پرعزم ہیں۔اسسٹنٹ کمشنر سٹی صاحبزادہ محمد یوسف،ڈی ایچ او ڈاکٹر وسیم بھٹی،مذہبی رہنما محمد حفیظ اور مختلف محکموں کے افسران بھی موجود تھے۔
٭۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
نوٹ: قلب نیوز ڈاٹ کام ۔۔۔۔۔ کا کسی بھی خبر اورآراء سے متفق ہونا ضروری نہیں. اگر آپ بھی قلب نیوز ڈاٹ کام پر اپنا کالم، بلاگ، مضمون یا کوئی خبر شائع کر نا چاہتے ہیں تو ہمارے آفیشیل ای میل qualbnews@gmail.com پر براہ راست ای میل کر سکتے ہیں۔ انتظامیہ قلب نیوز ڈاٹ کام