صفحہ اول / پاکستان / آپ آئیں،آپ حکومت کریں،آپ چیف ایگزیکٹو بن جائیں،مولانا فضل الرحمان کاشکوہ

آپ آئیں،آپ حکومت کریں،آپ چیف ایگزیکٹو بن جائیں،مولانا فضل الرحمان کاشکوہ

کراچی . جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ عمران خان اپنی کارکردگی کے لحاظ سے نااہل ہوئے، پی ٹی آئی سربراہ اپنی جان کی سازش کے حوالے سے جس ویڈیو کی بات کرتے ہیں اس کی دو کاپیاں ہیں، ایک امریکا اور دوسری گولڈ اسمتھ کے گھر پر ہے۔

مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ عدالت سے ایک شکوہ کرنا چاہتا ہوں، چیف ایگزیکٹو نے ایف آئی اے کے افسران کو تبدیل کیا، آپ نے سوموٹو کیوں لیا ؟ کس کے کہنے پر لیا،کیا جلسے میں عمران خان کی گفتگو پر اتنا بڑا اقدام لیا گیا؟ آپ آئیں، آپ حکومت کریں، آپ چیف ایگزیکٹو بن جائیں، عدلیہ کا اپنا کام ہے حکومت کا اپنا کام ہے، آپ ان لوگوں سے ڈرتے ہیں، یہ مخلوق عدالت کے سامنے کھڑی ہوگئی تو کیا کریں گے،عدالت آزادی کے ساتھ فیصلےکرے۔

جے یو آئی کی کراچی میں تقدس حرم نبویؐ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں ایک خاص لابی اسرایئل کو تسلیم کرنے کا درس دے رہی تھی، جے یو آئی کے ایک جلسے نے ان کی زبانوں کو خاموش کیا، پھر کسی ایک فورم پر بھی اسرائیل کو تسلیم کرنے کی کوئی جرات نہیں کرسکا، حرم اقدس کی بے حرمتی اسی یہودی لابی کے ایجنٹوں نے کی، اگر تم نے حرم اقدس کی کسی قسم کی توہین کا ارتکاب کیا تو تمہاری زبانوں کو کھینچ لیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہم تحمل اور برداشت کرنے والے لوگ ہیں، عمران خان سن لو تمہیں مغرب، یہودی لابی نے آسمان پر چڑھا دیا ہے، اچھا ہوا تم اقتدار میں آگئے، تمہاری نااہلی سامنے آگئی، آج پھر گاؤں، گاؤں جلسہ، جلسہ کھیل رہا ہے، عمران کارکردگی کے لحاظ سے نااہل ہوئے، دماغی لحاظ سے تم بیمار بھی ثابت ہو گے، تمہاری وجہ سے پاکستان کی سیاست بدنام ہوگئی، یہ ذہنی بیمار ایک فتنہ بھی ہے۔

مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ ہم خواہ مخواہ اس کے خلاف میدان میں نہیں آئے، ہم ایسے فتنے کا خاتمہ کریں گے، چھوٹی، موٹی فتنیاں ہمارا کیا مقابلہ کریں گی، ان کے جلسوں، پیروکاروں سے نہیں ڈرنا چاہیے، برطانیہ پی ٹی آئی کا صدر انیل مسرت کس سازش کے تحت مدینہ گئے تھے، شیخ رشید نے ایک دن پہلے بتا دیا تھا، سیاست کرنی ہے تو پاکستان میں کرو، پاکستان میں تو ہم نے تمہیں گردن سے اٹھا کر باہر پھینک دیا، کبھی فوج کو ڈراتے ہو، کہتا ہے بین الاقوامی سازش ہوئی، قومی سلامتی اور امریکا نے بھی کہا یہ جھوٹ ہے، اب خط سے بھاگ گیا ہے۔

انہوں نے عمران خان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ سپہ سالار نے جب آنکھیں دکھائیں تو اگلے دن کہا میری مراد شہباز شریف تھا، اب کہتا ہے مجھے قتل کرنے کی سازش ہو رہی ہے، کہتا ہے میں نے ویڈیو ریکارڈ کرائی ہیں، ویڈیو کی دو کاپیاں، ایک امریکا، دوسری گولڈ اسمتھ کے گھر پر ہے۔

٭۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
نوٹ: قلب نیوز ڈاٹ کام ۔۔۔۔۔ کا کسی بھی خبر اورآراء سے متفق ہونا ضروری نہیں. اگر آپ بھی قلب نیوز ڈاٹ کام پر اپنا کالم، بلاگ، مضمون یا کوئی خبر شائع کر نا چاہتے ہیں تو ہمارے آفیشیل ای میل qualbnews@gmail.com پر براہ راست ای میل کر سکتے ہیں۔ انتظامیہ قلب نیوز ڈاٹ کام

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے