اسلام آباد ۔ سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ افغانستان کی عوام کے ساتھ ہمارا گہرا رشتہ ہے، پاکستان اور افغانستان کی ترقی ایک دوسرے سے جڑی ہوئی ہے، خطہ کی ترقی اور خوشحالی کیلئے دونوں ممالک کو مشترکہ حکمت عملی اپنانی ہوگی۔
اے پی پی کے مطابق جمعرات کو یہاں پاکستان افغانستان مشترکہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان اور افغانستان کی ترقی اور خوشحالی ایک دوسرے سے جڑی ہوئی ہے، افغانستان کی عوام کے ساتھ ہمارا گہرا رشتہ ہے۔
سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ پاک۔افغان پارلیمانی فرینڈشپ گروپ کی ایگزیکٹو کمیٹی نے دوطرفہ عوامی سطح پر رابطوں میں تیزی لانے کیلئے اہم کردار ادا کیا ہے، پاک۔افغان ٹرانزٹ ٹریڈ کو مستحکم بنانے کیلئے ایگزیکٹو کمیٹی نے قابل ستائش کردار ادا کیا، وزیر اعظم پاکستان عمران خان افغانستان کے ساتھ تجارت اور ٹرانزٹ ٹریڈ کے فروغ کیلئے گہری دلچسپی رکھتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ افغانستان کے ساتھ ویزا پالیسی میں خصوصی نرمی کی گئی ہے، طلبا کے لیے ویزہ پالیسی میں نرمی کے ساتھ ساتھ ویزا کی مدت میں اضافہ بھی کیا گیا ہے۔ سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ افغان بھائیوں کی مشکلات میں پاکستان افغانستان کے شانہ بشانہ کھڑا ہے، افغانستان اور پاکستان کے مابین تجارت اور ٹرانزٹ ٹریڈ کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کیلئے تمام وسائل کو بروئے کار لایا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ خطے کی ترقی اور خوشحالی کیلئے دونوں ممالک کو مشترکہ حکمت عملی اپنانی ہو گی، افغانستان اور پاکستان نے مل کر آگے بڑھنا ہے، پاکستان اور افغانستان کی آنے والی نسلوں کے مستقبل کا مسئلہ ہے۔ سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ ٹرانزٹ ٹریڈ کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کیلئے پاک۔افغان فرینڈشپ گروپ کی ایگزیکٹو کمیٹی بنائی، وسطی ایشیائی ممالک کے ساتھ تجارت افغانستان اور پاکستان کیلئے انتہائی اہم ہے، پاکستان اور افغانستان کے مابین تجارت میں تیزی افغانستان کے ساتھ تجارت میں آسانی پر منحصر ہے، وسطی ایشیائی ریاستوں کے ساتھ تجارت کے فروغ کے وسیع مواقع موجود ہیں۔
سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ اقوام متحدہ سمیت بین الاقوامی فورمز کو نئی افغان حکومت کی مدد کرنے کی ضرورت ہے، افغانستان میں پائیدار امن کا قیام خطے میں امن و استحکام کیلئے ناگزیر ہے، پاکستان کی موجودہ حکومت افغانستان کے ساتھ برادارنہ اور تجارتی تعلقات کی خواہاں ہے۔
٭۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
نوٹ: قلب نیوز ڈاٹ کام ۔۔۔۔۔ کا کسی بھی خبر اورآراء سے متفق ہونا ضروری نہیں. اگر آپ بھی قلب نیوز ڈاٹ کام پر اپنا کالم، بلاگ، مضمون یا کوئی خبر شائع کر نا چاہتے ہیں تو ہمارے آفیشیل ای میل qualbnews@gmail.com پر براہ راست ای میل کر سکتے ہیں۔ انتظامیہ قلب نیوز ڈاٹ کام