صفحہ اول / کھیل اور کھلاڑی / افغانستان کی خواتین فٹ بال کے 81 اراکین کا لاہور پہنچنے پرپُرتپاک استقبال

افغانستان کی خواتین فٹ بال کے 81 اراکین کا لاہور پہنچنے پرپُرتپاک استقبال

لاہور ۔ افغانستان کی خواتین فٹبال ٹیم کے 81 اراکین لاہور پہنچ گئے ہیں جہاں پر پاکستان فٹبال فیڈریشن نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔
لاہور پہنچنے والے 81 افراد میں خواتین فٹ بال کھلاڑیوں کے علاوہ ان کے اہل خانہ جن میں بزرگ اور بچے شامل ہیں پہنچے ہیں۔ پاکستان فٹ بال فیڈریشن کے دفتر پہنچنے پر پر ٹیم کے کھلاڑیوں پر گل پاشی بھی کی گئی۔

افغانستان کی جونیئر فٹ بال ٹیم جس میں ان کے ریجنل اور ڈسٹرکٹ لیول کے کھلاڑی شامل ہیں، کو بنیادی طور پر برطانوی تنظیم راکٹ فاونڈیشن اور فٹ بال فار پیس نامی تنظیم کے تعاون سے پاکستان لایا گیا ہے۔

فٹ بال فار پیس فاونڈیشن کے پاکستان میں نمائندے سردار نوید کے مطابق افغان خواتین فٹ بالرز نے پہلے راکٹ فاونڈیشن سے رابطہ کیا جس کے بعد فاونڈیشن نے ان کی تنظیم کے ساتھ رابطہ کیا، دونوں تنظیموں کی مشترکہ کوششوں سے ٹیم پاکستان پہنچی ہے۔انہوں نے بتایا کہ ’ٹیم کے کھلاڑیوں نے حکومت پاکستان کو ویزہ کے حصول کے لیے درخواست دی تھی جو وزیراعظم عمران خان نے قبول کرتے ہوئے تمام کھلاڑیوں اور ان کے خاندانوں کو پاکستان کا 30 روزہ ویزا جاری کیا ہے۔

انہوں نے مزید کاہ کہ اس دوران خواتین کھلاڑی فیصلہ کریں گی کہ آیا وہ مستقبل میں پاکستان میں فٹ بال کھیلیں گی یا کسی اور ملک میں میں جانا پسند کریں گی۔ یہ ان پر منحصر ہے کہ وہ اپنی زندگی کے بارے میں کیا فیصلہ کرتی ہیں۔

سردار نوید کا کہنا تھا کہ دونوں تنظیمیں صرف ایک فٹ بال پارٹنر کے طور پر ٹیم کا استقبال کر رہی ہیں اور مشکل کی اس گھڑی میں ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔فٹبال کا رشتہ سیاست سے ہٹ کر رشتہ ہے جس کو ہم نبھا رہے ہیں۔افغانستان سے پاکستان پہنچنے والی یہ خواتین فٹ بال کھلاڑی انڈر 14 اور انڈر 16 ٹیموں سے تعلق رکھتی ہیں۔ انہیں پاکستان فٹ بال فیڈریشن کے ہاسٹل میں ٹھہرایا گیا ہے۔

ایک خاتون فٹ بالر رویا اللہ یار نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس بات پر شکر گزار ہوں کہ فیفا اور پاکستان فٹ بال فیڈریشن نے ہماری مدد کی اور ہم ان کی مدد پر ان کے بہت شکر گزار ہیں۔ انہوں نے ہمارے لیے بہت اچھے انتظام کیے ہیں اور ہماری مدد کی ہے۔

ایک اور خاتون فٹ بالر سویتا نے کہا کہ ’افغانستان سے آنے کے بعد پاکستان فٹبال فیڈریشن نے ان کے ساتھ بہت اچھا برتاو کیا ہے، ہم اپنے پاکستانی بھائیوں سے بہت خوش ہیں ہمارے لیے ہر چیز کا انتظام ہے، رہنے کا بھی بندوبست ہے، سب کچھ بہت اچھا لگ رہا ہے۔

فٹ بال فار پیس فاونڈیشن کے پاکستان میں نمائندے سردار نوید نے بتایا کہ فی الحال 81 افراد پاکستان پہنچے ہیں، جبکہ کل 115 افراد کو ویزے جاری کیے گئے تھے جو آئندہ چند دنوں میں یہاں پہنچ جائیں گے۔ ان افراد کو پاکستان لانے کے انتظامات کیے جا رہے ہیں۔

٭۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
نوٹ: قلب نیوز ڈاٹ کام ۔۔۔۔۔ کا کسی بھی خبر اورآراء سے متفق ہونا ضروری نہیں. اگر آپ بھی قلب نیوز ڈاٹ کام پر اپنا کالم، بلاگ، مضمون یا کوئی خبر شائع کر نا چاہتے ہیں تو ہمارے آفیشیل ای میل qualbnews@gmail.com پر براہ راست ای میل کر سکتے ہیں۔ انتظامیہ قلب نیوز ڈاٹ کام

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے