جھنگ . ڈسڑکٹ شوگرکین پرچیز مانیٹرنگ کمیٹی کا خصوصی اجلاس ڈپٹی کمشنر شاہد عباس جوئیہ کی زیر صدارت منعقد ہوا جس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو شایان علی جاوااور اسسٹنٹ کمشنر ز سمیت محکمہ ٹرانسپورٹ، ٹریفک پولیس، زراعت، خوراک اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران کے علاوہ کسانوں کے نمائندگان اور شوگرملوں کے جنرل منیجر بھی شریک تھے۔
اجلاس میں کریشنگ سیزن کے حوالہ سے گنے کی ادائیگیوں کی موجودہ صورتحال،شوگر ملزکی طرف سے گنے کی خریدوفروخت اور دیگر امور کو زیر بحث لایا گیا۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ضلع کی تمام شوگر ملزحکومت کی طرف سے مقررہ گنے کے ریٹ کے مطابق ہی کسانوں سے گنا کی خرید کی پابندہیں لہٰذاشوگرمل انتظامیہ کاشتکاروں کی ہر ممکن سہولت کا خیال رکھیں اس ضمن میں بے جا کٹوتی سے اجتناب کیا جائے اور مقررہ مدت میں گنے کی قیمت کی ادائیگی کو یقینی بنایا جائے۔
انہوں نے کہا کہ کسانوں کو استحصال سے بچانے کےلئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائیگی ،گنے کی ادائیگیوں کے حوالہ سے موصول ہونے والی شکایات کا فوری ازالہ اولین ترجیح ہے ، کاشتکاروں کے نمائندے مڈل مین مافیاکی نشاندہی کریں تاکہ ان کو فوری گرفت میں لیا جا سکے۔
اجلاس کے دوران ڈپٹی کمشنر نے گنے کی لوڈڈ ٹرالیوں کے پیچھے ریفلیکٹر لگانے پر زور دیا اور کہا کہ حادثات سے بچنے کے لئے ریفلیکٹر کا ہونا بہت ضروری ہے۔ڈپٹی کمشنرنے اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایت کی کہ وہ اپنی تحصیلوں میں گنے کی خریدو فروخت اور کنڈا جات کی چیکنگ کے حوالہ سے باقاعدگی سے شوگرملز کا معائنہ کریں اور اس بارے انہیں تفصیلی رپورٹ پیش کی جائے۔
٭۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
نوٹ: قلب نیوز ڈاٹ کام ۔۔۔۔۔ کا کسی بھی خبر اورآراء سے متفق ہونا ضروری نہیں. اگر آپ بھی قلب نیوز ڈاٹ کام پر اپنا کالم، بلاگ، مضمون یا کوئی خبر شائع کر نا چاہتے ہیں تو ہمارے آفیشیل ای میل qualbnews@gmail.com پر براہ راست ای میل کر سکتے ہیں۔ انتظامیہ قلب نیوز ڈاٹ کام