صفحہ اول / شہر شہر / جنوبی پنجاب صوبےکابل اسمبلی میں جلد پیش کیاجائےگا،ڈاکٹراخترملک

جنوبی پنجاب صوبےکابل اسمبلی میں جلد پیش کیاجائےگا،ڈاکٹراخترملک

مظفرگڑھ . صوبائی وزیر توانائی ڈاکٹر اختر ملک نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب شعبہ صحت میں نمایاں خدمات سرانجام دے رہی ہے صوبہ بھر میں 21 ہسپتال زیر تعمیر ہیں جبکہ نشتر ٹو کا منصوبہ جنوبی پنجاب کی عوام کے لیے ایک میگا پروجیکٹ ہے، یہ بات انہوں نے مظفرگڑھ میں پی ایم اے کے نو منتخب عہدیداران کی حلف برداری کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

تقریب میں ڈپٹی کمشنر سید موسیٰ رضا۔ سی ای او صحت ڈاکٹر محمدفیاض، صدر ڈسٹرکٹ بار جنید فاروق وجدانی۔صدر ڈسٹرکٹ پریس کلب نعیم احمد خان، صدر ایپکا وزیر خان دستی، انجمن تاجران سے امیر حسن، شیخ عامر سلیم، ملک جاوید اختر۔ سول سوسائٹی سے محترمہ ام کلثوم سیال سمیت ڈاکٹرز لیڈی ڈاکٹرز، وکلاء، سول سوسائٹی اور صحافی تنظیموں کے عہدیداران نے شرکت کی۔

صوبائی وزیر تعلیم ڈاکٹر اختر ملک نے کہا سابقہ ادوار میں جنوبی پنجاب کو بنیادی سہولیات سے محروم رکھا گیا، اپر پنجاب کے مقابلے میں جنوبی پنجاب کی عوام پر وسائل کم خرچ کئے گئے اور یہاں کے فنڈ اپر پنجاب پر خرچ کئے گئے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت نے جنوبی پنجاب کے لئے 33 فی صد فنڈ فکس کر دئیے ہیں اب جنوبی پنجاب کے فنڈ یہاں کی عوام پر ہی خرچ ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب کی عوام کے مسائل کے حل کے لیے سیکرٹریٹ قائم کیا گیا۔ سیکرٹریز کو مکمل پاور دے کر بااختیار بنایا گیاہے جو صرف وزیر اعلیٰ کو ہی جوابدہ ہونگے۔ سرکاری ملازمت میں جنوبی پنچاب کا کوٹہ بھی فکس کر دیا گیا ہے اب باہر کا کوئی فرد یہاں ملازمت حاصل نہیں کر سکتا۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ بہت جلد جنوبی پنجاب صوبے کا بل اسمبلی میں پیش کیا جائے گا اب پتہ چل جائے گا کہ کون کون سی سیاسی جماعتیں جنوبی پنجاب صوبے کے قیام کیلئے مخلص ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹری ایک باعزت اور مقدس پیشہ ہے، میں پہلے ڈاکٹر ہوں بعد میں وزیر ہوں، پنجاب اسمبلی میں ڈاکٹروں کے تحفظ کے لیے قانون سازی کے بل کی منظوری کے لئے اپنا مثبت کردار ادا کروں گا۔

انہوں نے بتایا کہ صوبہ بھر کے سرکاری ہسپتالوں اور تعلیمی اداروں کو سولر سسٹم پر منتقل کیا جارہا ہے۔ جلد ہی تمام ہسپتال اور تعلیمی ادارے سولر سسٹم پر منتقل کر دئے جائیں گے۔ قبل ازیں انہوں نے پی ایم اے مظفرگڑھ کے نومنتخب عہدیداران سے حلف لیا اور بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے ڈاکٹروں میں شیلڈ تقسیم کیں۔

تقریب سے ڈاکٹر مسعود روف ہنجرا، ڈاکٹر نجیب الرحمن چشتی، ڈاکٹر مقبول عالم اورڈاکٹر یوسف لغاری نے بھی خطاب کیا اور پی ایم اے کی کارکردگی، ڈاکٹروں کی خدمات پر روشنی ڈالی اور ڈاکٹروں سے مسائل سے آگاہ کیا۔ تقریب کے اختتام پر ڈاکٹر مقبول عالم نے معزز مہمانوں کو شکریہ ادا کی۔

٭۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
نوٹ: قلب نیوز ڈاٹ کام ۔۔۔۔۔ کا کسی بھی خبر اورآراء سے متفق ہونا ضروری نہیں. اگر آپ بھی قلب نیوز ڈاٹ کام پر اپنا کالم، بلاگ، مضمون یا کوئی خبر شائع کر نا چاہتے ہیں تو ہمارے آفیشیل ای میل qualbnews@gmail.com پر براہ راست ای میل کر سکتے ہیں۔ انتظامیہ قلب نیوز ڈاٹ کام

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے