کوئٹہ ۔ وزیر اعظم پاکستان عمران خان کی ہدایت پر وفاقی وزارت داخلہ نے گوادر کے مسائل کے حل اور غیر قانونی ماہی گیری کی روک تھام سے متعلق کمیٹی تشکیل دے دی۔
گزشتہ روز وفاقی سیکرٹری داخلہ کی زیر صدارت گوادر کے مسائل سے متعلق اجلاس منعقد ہوا جس میں ضلع گوادر کے علاقوں میں دائرہ اختیار کے مسائل اور غیر قانونی ماہی گیری کے ٹرالروں سے نمٹنے کیلئے فوری اقدامات کرنے پر غورکیاگیا اس سلسلے میں وزیراعظم کی ہدایت پر وفاقی وزرات داخلہ نے گوادر کے مسائل کے حل کے لئے کمیٹی تشکیل دے دی جس کا نوٹیفکیشن بھی جاری کیاگیا۔
کمیٹی میں وزرات داخلہ کے جوائنٹ سیکرٹری محمد رمضان ڈی جی فشریز بلوچستان طارق الرحمان پاکستان کوسٹ گارڈز GSO-I لیفٹیننٹ کرنل محمد ہاشم ،ڈی سی گوادر کیپٹن (ر)جمیل احمد ، سندھ حکومت کے ڈی جی میرین اینڈ کوسٹل فشریز علی محمد مستوئی ،جوائنٹ سیکرٹری (میری ٹائم)وزارت سمندری زید مسعود ، وزرات دفاع کے محمد ہارون ، کمانڈر احسان فرید، لیفٹیننٹ کمانڈر فرخ میرین ٹو ڈی جی پورٹس اینڈ شپنگ حکومت سندھ کے سید سلمان رضا شامل ہیںکمیٹی سات روز میں سفارشات اور تجاویز وزارت داخلہ کو ارسال کریگی۔
دوسری جانب گوادر میں احتجاج کرنے والی بلوچستان کو حق دو تحریک کے روحِ رواں مولانا ہدایت الرحمن بلوچ نے کہاہے کہ وزیرِ اعظم عمران خان نے اعلان کیا ہے تو مثبت سمجھتے ہوئے اس کا خیر مقدم کرتے ہیں .
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا ہدایت الرحمن بلوچ نے کہا کہ ہم ضدی لوگ نہیں ہیں، مسائل کے حل پر یقین رکھتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ گوادر کے مسائل حل ہوں تو ہم سے زیادہ خوشی کسے ہو گی، مسئلہ عمل درآمد کا ہے۔
مولانا ہدایت الرحمن بلوچ کا یہ بھی کہنا ہے کہ وزیرِ اعظم عمران خان نے نوٹس لیا ہےتو عمل درآمد کی توقع ہے، امید ہے پوری ہو گی دوسری جانب وزیرِ اعظم عمران خان کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ میں نے گوادر کے ماہی گیروں کے جائز مطالبات کا نوٹس لے لیا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ 27 روز سے گوادر میں بلوچستان کوحق دو تحریک کا دھرنا جاری ہے جس نے تاریخ رقم کر دی ہے۔گزشتہ روز گوادر میں ہزاروں افراد کی تاریخی احتجاجی ریلی میں سڑکوں پر انسانوں کا سمندر امڈ آیا، دھرنے کی کمان خواتین نے سنبھال رکھی تھی۔
دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے مولانا ہدایت الرحمن کا کہنا تھا کہ عزتِ نفس کی بحالی اور بنیادی حقوق پر سمجھوتا نہیں کریں گے، صوبائی حکومت کو بہانے تلاش کرنے کا موقع نہیں دیں گے، حق لے کر رہیں گے۔بلوچستان کے ممتاز سیاستدان عبدالحکیم لہڑی اور سابقہ صوبائی وزیر میر اسلم بلیدی نے دھرنے میں شرکت کر کے تحریک کی حمایت کا اعلان کیا.
٭۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
نوٹ: قلب نیوز ڈاٹ کام ۔۔۔۔۔ کا کسی بھی خبر اورآراء سے متفق ہونا ضروری نہیں. اگر آپ بھی قلب نیوز ڈاٹ کام پر اپنا کالم، بلاگ، مضمون یا کوئی خبر شائع کر نا چاہتے ہیں تو ہمارے آفیشیل ای میل qualbnews@gmail.com پر براہ راست ای میل کر سکتے ہیں۔ انتظامیہ قلب نیوز ڈاٹ کام