اسلام آباد ۔ پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے صدارتی خطاب کے موقع پر پارلیمنٹ ہاوس کی پریس گیلری کو بند کر دیا گیا ، پارلیمنٹ رپورٹر ایسوسی ایشن کے عہدیداران و ممبران نے پالیمنٹ ہاوس گیٹ نمبر 1کے اند ر احتجاجی دھرنا دیدیا۔
پارلیمنٹ رپورٹر ایسوی ایشن کے مطابق صحافیوں کی بجائے دوسرے لوگوں کو گیلری کے کارڈ جاری کئے گئے اور پارلیمنٹ کا مرکزی دروازہ بھی سیل کیا گیا ہے ۔مہمانوں کی آمد ورفت کیلئے وزیر اعظم والا راستہ استعمال کیا جا رہے ۔
انہوں نے کہا کہ آج ملک کی تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے اس لئے کہ مارشل لا دور میں بھی کبھی پریس گیلری کی تالہ بندی نہیں کی گئی لیکن عمران خان حکومت میں پریس گیلری پر تالے لگا دئیے گئے اور جر نلسٹ کو پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کی کوریج سے روک دیا گیا ہے جس پر ہم شدید احتجاج کرتے ہیں ۔
ذرائع کے مطابق ڈی انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے ڈیرھ سے دو درجن من پسند صحافیوں کوپریس گیلری کے کارڈ جاری کئے گئے تھے لیکن ان کو بھی پریس گیلری میں جانے سے روک دیا گیا اور کہا گیا ہے کہ کیفے ٹیریا میں موجود ٹیلی ویژن کے ذریعے اجلاس کی کارروائی دیکھیں ۔
پارلیمنٹ رپورٹر ایسوسی ایشن کے مطابق مہذب دنیا میں پریس گیلری پارلیمنٹ کا حصہ تصور کیا جاتا ہے جو بنیادی طور پر عوام کی آنکھیں اور کان ہیں آج ان کے آنکھوں اور کانوں کو پر ہاتھ رکھنے کی کوشش کی گئی ہے اور ملکی تاریخ میں پہلے مرتبہ پریس گیلری کو تالے لگ گئے ہیں جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے ۔
٭۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
نوٹ: قلب نیوز ڈاٹ کام ۔۔۔۔۔ کا کسی بھی خبر اورآراء سے متفق ہونا ضروری نہیں. اگر آپ بھی قلب نیوز ڈاٹ کام پر اپنا کالم، بلاگ، مضمون یا کوئی خبر شائع کر نا چاہتے ہیں تو ہمارے آفیشیل ای میل qualbnews@gmail.com پر براہ راست ای میل کر سکتے ہیں۔ انتظامیہ قلب نیوز ڈاٹ کام