لاہور . پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان رمیز راجہ (پاکستان کرکٹ بورڈ) پی سی بی کے بلامقابلہ چیئرمین منتخب ہوگئے۔ پیر 13ستمبر کو پی سی بی بورڈ آف گورننگ کا اجلاس ہوا جس کی صدارت الیکشن کمشنر جسٹس ریٹائرڈ عظمت سعید نے کی۔ اجلاس ميں 36ویں پی سی بی چيئرمين کا انتخاب کيا گیا۔
وزیراعظم کے 2منتخب ممبران، 4آزاد اراکین اور چیف ایگزیکٹو وسیم خان اجلاس میں شریک ہوئے۔ وہ آئندہ تین سال کے لیے پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین بنے ہیں۔
پی سی بی کے پیٹرن اور وزیراعظم عمران خان نے27 اگست کو رمیز راجہ کے علاوہ اسدعلی خان کو تین سال کے لیے پی سی بی کے بورڈ آف گورنرز کا رکن نامزد کیا تھا۔ ان کے علاوہ عاصم واجد جواد، عالیہ ظفر، عارف سعید، جاوید قریشی اور وسیم خان (چیف ایگزیکٹو پی سی بی) بھی بورڈ آف گورنرز کا حصہ ہیں۔
اس سے قبل احسان مانی پی سی بی کے چیئرمین تھے اور اپنی مدت پوری کرنے کے بعد انہوں نے عہدے پر مزید تین سال کام کرنے سے معذرت کرلی تھی۔
قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور کرکٹ کمنٹیٹر رميز راجا نے وزيراعظم عمران خان سے ملاقات بھی کی تھی جس ميں انہوں نے قومی سطح پر کرکٹ کی بہتری کے لیے روڈ ميپ اور دیگر تجاویز پيش کی تھیں۔
رمیز راجہ کو پی سی بی کا چیئرمین نامزد کیے جانے کے بعد قومی ٹیم کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ اسکواڈ کا اعلان کیا گیا۔ اسکواڈ کے اعلان کے بعد ہیڈ کوچ مصباح الحق اور بولنگ کوچ وقار یونس اپنے عہدوں سے مستعفی ہوگئے۔دونوں کے عہدوں سے دستبرداری کے بعد عبدالرزاق اور ثقلین مشتاق کو عبوری کوچز بنایا گیا۔
٭۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
نوٹ: قلب نیوز ڈاٹ کام ۔۔۔۔۔ کا کسی بھی خبر اورآراء سے متفق ہونا ضروری نہیں. اگر آپ بھی قلب نیوز ڈاٹ کام پر اپنا کالم، بلاگ، مضمون یا کوئی خبر شائع کر نا چاہتے ہیں تو ہمارے آفیشیل ای میل qualbnews@gmail.com پر براہ راست ای میل کر سکتے ہیں۔ انتظامیہ قلب نیوز ڈاٹ کام