لاہور ۔ ملک بھر کے 41کنٹونمنٹ بورڈز کے 218 وارڈز میں بلدیاتی انتخابات میں کانٹے کا مقابلہ ہوا، پاکستان تحریک انصاف کو دیگر جماعتوں پر برتری حاصل ہے، مسلم لیگ (ن) دوسرے جبکہ آزاد امیدوار تیسرے نمبرپر رہا۔
پولنگ کا عمل صبح 8 بجے شروع ہوا جو شام 5بجے تک جاری رہا، پولنگ اسٹیشنوں پر امن وامان کی صورتحال برقرار رکھنے کیلئے پولیس اور رینجرز اہلکار تعینات رہے۔ صوبائی حکومتوں کو انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنوں پر سی سی ٹی وی کیمرہ جات نصب کرنے کی ہدایات جاری کی گئی تھیں۔
غیرسرکاری اور غیر حتمی نتائج کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے 63، مسلم لیگ (ن) کے 58، آزاد امیدوار52، پیپلزپارٹی کے 17، متحدہ قومی موومنٹ کے 10، جماعت اسلامی کے 7، بلوچستان عوامی پارٹی 2، عوامی نیشنل پارٹی کے 2 جبکہ دیگر دیگر 7امیدوار کامیاب قرار پائے۔
کنٹونمنٹ بورڈز کے ہونے والے انتخابات میں خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں تحریک انصاف جبکہ پنجاب مسلم لیگ (ن) لیگ کا پلہ بھاری رہا، کراچی میں پی ٹی آئی 14،پی پی پی 11، جماعت اسلامی 5 جبکہ ایم کیو ایم اور مسلم لیگ (ن)کے تین تین امیداور کامیاب ہوئے۔
حیدرآباد کی 7نشستوں پر ایم کیو ایم کے امیدوار جیت گئے، لاہور ، راولپنڈی اور سیالکوٹ میں ن لیگ کے امیدوار بھاری اکثریت سے کامیاب ہوگئے، جبکہ کوئٹہ، بہاولپور، جہلم، گوجرانوالہ اور کھاریاں میں تحریک انصاف نے میدان مار لیا۔
واضح رہے کہ 25اپریل 2015ءکو ہونے والے کنٹوٹمنٹ کے انتخابات میںن لیگ 68، آزاد امیدوار 55، پی ٹی آئی42، ایم کیو ایم 19، پی پی 7، جماعت اسلامی 6، اے این پی 2نشستوں پر کامیاب ہوئی تھی جبکہ کراچی کی 32نشستوں میں سے 13پر ایم کیو ایم، 5پر ن لیگ، 4پر پی ٹی آئی ، 3پی پی پی اور دو پر جماعت اسلامی کامیاب ہوئی تھی۔
ہونے والے الیکشن کے دوران بعض نشستوں پر سیاسی جماعتوں کے حامیوں نے ایک دوسرے پر دھاندلی کے الزامات لگائے ہیں، کراچی میں پولیس نے 2جعلی پولنگ ایجنٹ گرفتار کرلیا، لاہورمیں ایک پولنگ اسٹیشن پر مسلم لیگ (ن) اور پی ٹی آئی کے کارکن گتھم گتھا ہوگئے، ملتان میں جھگڑے کے سبب ووٹنگ کچھ دیر تک معطل رہی۔
پنجاب میں مسلم لیگ ن کا پلڑا بھاری ہے اور اپوزیشن جماعت مسلم لیگ ن 44 نشستوں کے ساتھ سب سے آگے ہے۔آزاد امیدوار 31 نشستوں کے ساتھ دوسرے اور تحریک انصاف 27 نشستوں کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔لاہور اور راولپنڈی میں تحریک انصاف کو بری طرح شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
لاہور میں والٹن اور لاہور کینٹ مسلم لیگ ن نے جیت لیے جبکہ چکلالہ کینٹ میں بھی پی ٹی آئی کو اپ سیٹ شکست ہوئی۔واہ کینٹ میں مسلم لیگ ن نے 10 میں سے 8 نشستیں جیت کر تحریک انصاف کو بڑا دھچکا پہنچایا۔
گوجرانوالا میں تحریک انصاف نے 10 میں سے 6 نشستیں جیت کر مسلم لیگ (ن) کو مات دی، اس کے علاوہ بہاولپور، جہلم اور کھاریاں میں تحریک انصاف نے میدان مار لیا۔ملتان کینٹ کی 10 میں سے 9 نشستیں آزاد امیدوار لے اڑے۔ کوئٹہ کنٹونمنٹ بورڈ کے انتخابات میں تحریک انصاف نے3 نشستیں حاصل کرکے میدان مار لیا جبکہ دو نشستیں آزاد امیدواروں نے حاصل کی۔
٭۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
نوٹ: قلب نیوز ڈاٹ کام ۔۔۔۔۔ کا کسی بھی خبر اورآراء سے متفق ہونا ضروری نہیں. اگر آپ بھی قلب نیوز ڈاٹ کام پر اپنا کالم، بلاگ، مضمون یا کوئی خبر شائع کر نا چاہتے ہیں تو ہمارے آفیشیل ای میل qualbnews@gmail.com پر براہ راست ای میل کر سکتے ہیں۔ انتظامیہ قلب نیوز ڈاٹ کام