صفحہ اول / پاکستان / داسو حملہ، افغان سرزمین استعمال ہوئی، شاہ محمود قریشی

داسو حملہ، افغان سرزمین استعمال ہوئی، شاہ محمود قریشی

اسلام آباد . وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ داسو حملے میں بھارت اورافغانستان ملوث ہیں‘ دہشت گرد نیٹ ورک کو بے نقاب کر دیا ہے‘چینی انجینئرز پر دہشت گرد حملے کی منصوبہ بندی این ڈی ایس اور ’’را ‘‘نے کی ‘حملے کیلئے افغانستان کی سرزمین استعمال کی گئی۔

حملہ آوروں کا پہلا ٹارگٹ دیامر بھاشا ڈیم کی سائٹ تھی، جب حملہ آور وہاں کچھ نہ کرسکے تو داسو میں حملہ کیا گیا‘ثبوت مل گئے ہیں ‘مبینہ خود کش حملہ آور کے جسم کے اعضاء ملے ہیں اور دھماکے کیلئے استعمال ہونے والی گاڑی کا بھی پتہ چلایا ہے۔ دشمنوں کو پاکستان کے اندر چینی سرمایہ کاری اور چینی تعاون ہضم نہیں ہورہا اور وہ ان سے خائف ہیں‘ واقعہ کے ذمہ داروں کو بے نقاب کریں گے اور انہیں کیفر کردار تک پہنچائیں گے‘ افغانستان کو ہمارے ساتھ تعاون کر نا چاہیے.

ہماری تحقیقات سے چین مکمل مطمئن ہے ،سی پیک منصوبے نہ صرف جاری رہیں گے بلکہ بروقت مکمل کئے جائینگے ۔ڈی آئی جی سی ٹی ڈی خیر پختونخوا جاوید اقبال کا کہنا ہے کہ اس واقعہ میں ملوث دہشت گرد نیٹ ورک کو ہم گرفتار کر چکے ہیں اور نیٹ ورک کے سرغنہ معاویہ اور خالد شیخ افغانستان میں موجود ہیں‘حملے میں سو سے ایک سو بیس کلو دھماکہ خیز مواد استعمال کیا گیا ‘ پورے واقعے میں 14 مختلف کردار شامل تھے۔

وزارت خارجہ میں ڈی آئی جی سی ٹی ڈی کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر خارجہ نے داسو حملے کی تحقیقات سے صحافیوں کو آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ داسو واقعہ پر چینی حکام کو مکمل طور پر آگاہ رکھا گیا،چینی وفد کو جائے وقوعہ پر لے جایا گیا ۔اس نتائج تک پہنچنے کیلئے ہم نے 36 سی سی ٹی وی کیمرے اور 1400 کلومیٹرز کے روٹ کا جائزہ لیا،انہیں سامنے رکھتے ہوئے ہم نتیجے پر پہنچے ہیں کہ دہشت گرد حملے کیلئے افغانستان کی سرزمین استعمال کی گئی اور اس میں افغانستان کی این ڈی ایس اور بھارتی ’را‘ کا ہاتھ ہے۔

جائے وقوعہ سے حملے میں استعمال ہونے والی گاڑی سے ہمیں موقع پر خود کش حملہ آور کے جسم کے بعض ٹکڑے ملے ہیں۔ہم نے وہاں سے ملنے والے موبائلوں کے ڈیٹا کا بھی جائزہ لیا۔ہم نے چینی وفد کیساتھ پاکستانی اداروں کی جانب سے کی گئی تمام تحقیقات شیئر کیں۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ ہم نے سی پیک منصوبوں کی سیکورٹی مزید مستحکم کرنے کا فیصلہ کیا ہے‘اس موقع پر جاوید اقبال نے کہا کہ داسو حملے میں ملوث سپورٹ نیٹ ورک کی گرفتاریاں عمل میں آ چکی ہیں،حملے کیلئے جو گاڑی استعمال کی گئی وہ افغانستان سے چمن کے راستے سے داخل ہوئی اور پھر مختلف رارستوں سے ہوتی ہوئی سوات اور پھر وہاں پہنچی ہے۔دہشت گرد نیٹ ورک کو ہم گرفتار کر چکے ہیں اور نیٹ ورک کے سرغنہ معاویہ اور خالد شیخ افغانستان میں موجود ہیں ، انکی گرفتاری کیلئے متعلقہ چینل کے ذریعے رابطے میں ہیں۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ ہم توقع کرتے ہیں کہ عالمی برادری اس کا نوٹس لے گی،ہم اسے ہر فورم پر لے کر جائیں گے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
نوٹ: قلب نیوز ڈاٹ کام ۔۔۔۔۔ کا کسی بھی خبر، مضمون یا کالم نگار کی آراء سے متفق ہونا ضروری نہیں. اگر آپ کو خبر، مضمون یا آرٹیکل پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔ علاوہ ازیں آپ بھی قلب نیوز ڈاٹ کام پر اپنا کالم، بلاگ، مضمون یا کوئی خبر qualbnews@gmail.com پر براہ راست ای میل کر سکتے ہیں۔ ادارہ

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے