اربیل . عراقی کردستان کے علاقائی مرکز پر وسیع پیمانے پر راکٹ حملے / موساد کے دو تربیتی مراکز اور اربیل میں امریکی قونصل خانے کے ارد گرد کو نشانہ بنایا گیا ہے ،خبر رساں ذرائع نے اطلاع دی ہے کہ اربیل میں امریکی فوجی اڈے اور قونصل خانے پر دس سے زیادہ راکٹ اور میزائل داغے گئے، اسی طرح اربیل میں موساد کے دو تربیتی مراکز اور شمالی عراق کے علاقے سلیمانیہ میں ایک دھماکہ ہوا۔
اربیل کے گورنر امید خوشناف نے کہا کہ "آج صبح اربیل پر کئی راکٹ مارے گئے، لیکن یہ واضح نہیں ہے کہ آیا اس کا ہدف امریکی قونصل خانہ تھا یا اربیل بین الاقوامی ہوائی اڈہ ،اسی دوران بعض خبری ذرائع نے اطلاع دی ہے کہ بغداد کے گرین زون میں واقع امریکی سفارت خانے میں خطرے کی گھنٹی بجا دی گئی۔
دریں اثنا، صابر نیوز ٹیلیگرام چینل نے اطلاع دی ہے کہ شمالی عراق کے سلیمانیہ میں اسی وقت ایک دھماکے کی آواز سنی گئی۔ سبرین نیوز نے ایک سیکیورٹی ذریعے کے حوالے سے یہ بھی بتایا کہ راکٹ حملوں نے شمالی عراق کے شہر اربیل میں اسرائیلی موساد کے دو جدید تربیتی مراکز کو "بیلسٹک میزائلوں” سے نشانہ بنایا۔
عراقی کردستان ریجن کے انسداد دہشت گردی کے ادارے نے دعویٰ کیا ہے کہ "اربیل پر آج صبح عراق کے باہر سے داغے گئے 12 بیلسٹک میزائلوں سے حملہ کیا گیا۔
کسی گروپ نے اس حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے اور نہ ہی کسی جانی نقصان کی اطلاع ملی ہے لیکن رائٹرز نے ایک امریکی اہلکار کے حوالے سے بتایا ہے کہ "عراق کے اربیل پر حملے کے بعد امریکی فوجیوں میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔”
اربیل میزائل حملوں پر امریکہ کا پہلا ردعمل اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ نے راکٹ حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ "ہم اس شیطانی حملے اور تشدد کے مظاہرے کی مذمت کرتے ہیں۔
پینٹاگون نے یہ بھی کہا کہ وہ ان حملوں کی تحقیقات کر رہا ہے۔ ایک عراقی سکیورٹی اہلکار نے خبر رساں ایجنسی اسوسی ایٹڈ پریس سے بات کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ میزائل ایران کی طرف سے داغے گئے تھے۔
ایک امریکی اہلکار نے بھی اے بی سی نیوز سے بات کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ ’میزائل ایران سے آئے تھے۔‘ دھماکوں پر ابتدائی ردعمل میں اربل کے گورنر امید خوشناف نے کہا کہ کئی راکٹ قونصل خانے کے قریب گرے ہیں اور یہ واضح نہیں ہے کہ نشانہ شہر کا ہوائی اڈہ تھا یا امریکی قونصل خانہ۔
ادھر عراقی وزیرِ اعظم مسرور برزانی نے اربیل میں ہونے دھماکہ کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ان بزدلانہ حملوں کے سامنے ڈٹ کر کھڑے ہیں۔اربل ہوائی اڈے پر امریکی فوجی اڈہ بھی ہے۔ کردستان کے وزیر صحت نے کہا ہے کہ ان حملوں میں کوئی زخمی نہیں ہوا۔
٭۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
نوٹ: قلب نیوز ڈاٹ کام ۔۔۔۔۔ کا کسی بھی خبر اورآراء سے متفق ہونا ضروری نہیں. اگر آپ بھی قلب نیوز ڈاٹ کام پر اپنا کالم، بلاگ، مضمون یا کوئی خبر شائع کر نا چاہتے ہیں تو ہمارے آفیشیل ای میل qualbnews@gmail.com پر براہ راست ای میل کر سکتے ہیں۔ انتظامیہ قلب نیوز ڈاٹ کام