صفحہ اول / پاکستان / پاکستان کا مستقبل روشن ہے،وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی

پاکستان کا مستقبل روشن ہے،وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی

ملتان ۔ وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان کا مستقبل روشن ہے ہم اسکی تر قی و خوشحالی کے لئے دعا گو ہیں،آستانوں اور اولیا اللہ کے درباروں سے ہمیشہ محبت اخوت اور امن کا درس ملا ہے،پنجاب حکومت اور محکمہ اوقاف بزگان دین کے مزارات پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں تاکہ زائرین کو زیادہ سے زیادہ سہولیات دی جا سکیں،شاہ رکن دین عالم کے دربار پر جو بھی آیا ہے خالی نہیں لوٹا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کے روز برصغیر کے عظیم روحانی پیشوا حضرت شاہ رکن عالم سہروردی ملتانی کے 708ویں عرس کی تقریبات کے دوسرے روز خطاب اور دعا کراتے ہوئے کیا۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ محکمہ اوقاف کی طرف سے عرس پر قابل ستائش انتظامات کئے گئے ہیں اور مجھے خوشی ہے حکومت پنجاب اور محکمہ اوقاف صوبہ بھر کے درباروں پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ میں عرس میں شرکت کرنے پرڈائریکٹر جنرل محکمہ اوقاف پنجاب کو خوش آمدید کہتا ہوں ۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ڈی جی اوقاف ملتان کے تین دربار حضرت شاہ رکن عالم ، بہاولدین زکریا اور بی بی پاک دامن ان پر بھی نظر ڈالتے جائیں کیونکہ تینوں درباروں پر کام ہورہا ہے لیکن سست روی کا شکار ہے۔اس موقع پر دعا کراتے ہوئے وزیر خارجہ نے کہا کہ جو درود و سلام پڑھا گیا ان کا نذرانہ حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی خدمت میں پیش کرتا ہوں۔انہوں نے کہا کہ شاہ رکن عالم کا دربار وہ آستانہ ہے جہاں سے کوئی خالی نہیں لوٹا کیونکہ سمندر کبھی خشک نہیں ہوتا درباروں سے لوگ فیض پاتے رہیں گے۔

انہوں کہا کہ مجھے یاد ہے کہ پچھلے سال کورونا کے باعث عرس پر پابندی لگ گئی ہم نہیں آسکے تھے تو دل بڑا رنجیدہ تھا اورکورونا کے باعث ہاتھ بھی نہیں ملا سکتے تھے اورساتھ کھڑے نہیں ہوسکتے تھے مگر آج یہاں لوگوں کو یہاں دیکھ کر اطمینان ہورہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ سردی کے باوجود بڑی تعداد میں زائرین عرس میں شریک ہوئے ہیں۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے دربار خواجہ غلام فرید کوٹ مٹھن کے سجادہ نشین خواجہ معین الدین کوریجہ نے کہا کہ پاکستان مشکلات سے دوچار ہے اسے موجودہ حکومت حل کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے اور مجھے امید ہے حکومت جلد مسائل پر قابو لے گی۔انہوں نے کہا کہ میں 25 سال سے عرس پر حاضری دے رہا ہوں اور آج بھی علالت کے باعث یہاں حاضری دینے آیا ہوں۔انہوں نے کہا کہ آستانوں اور درباروں نے ہمیشہ ملکی سلامتی اور استحکام میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

اس موقع پر پیر آف سندر شریف سید محمد حبیب عرفانی نے کہا کہ جب بھی ملک کے حالات میں ردوبدل آتا ہے ان کو معمول پر لانے میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ہمیشہ اہم کردار ادا کیا ہے یہ انکی بہترین فہم و فراصت کا نتیجہ ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمیں ملک میں امن و امان کے قیام کے لئے کہ معاشرے میں ناہمواریوں کا خاتمہ کرنا ہوگا جس میں خاص طور پر شدت کے عنصر کا خاتمہ کرنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ خانقاہوں سے ہمیشہ محبت، امن، خلوص اورانسانی حقوق کو پورا کرنے کا درس ملا ہے۔اس موقع پر ڈی جی محکمہ اوقاف طاہر رضا بخاری نے کہا کہ محکمہ اوقاف بزرگان دین کے مزارات پر زائرین کو سہولیات فراہم کرنے کے لئے بھرپور اقدامات کررہا ہے کیونکہ ان آستانوں نے ہمیشہ ہدایت کی تقسیم میں اہم کردار ادا کیا۔انہوں کہا کہ ملتان میں محکمہ اوقاف کے زیر انتظام مزارات پر جاری کاموں کو جلد مکمل کیا جائے گا اور آج عرس کی تقریب میں شرکت کرنا میرے لئے سعادت کی بات ہے۔

٭۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
نوٹ: قلب نیوز ڈاٹ کام ۔۔۔۔۔ کا کسی بھی خبر اورآراء سے متفق ہونا ضروری نہیں. اگر آپ بھی قلب نیوز ڈاٹ کام پر اپنا کالم، بلاگ، مضمون یا کوئی خبر شائع کر نا چاہتے ہیں تو ہمارے آفیشیل ای میل qualbnews@gmail.com پر براہ راست ای میل کر سکتے ہیں۔ انتظامیہ قلب نیوز ڈاٹ کام

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے