صفحہ اول / پاکستان / سب ایک پیج پر،سول ملٹری تعلقات آئیڈیل ہیں،وزیراعظم عمران خان

سب ایک پیج پر،سول ملٹری تعلقات آئیڈیل ہیں،وزیراعظم عمران خان

اسلام آباد . وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ اہم عہدوں پر تعیناتیوں کے حوالے سے کوئی اختلاف نہیں ہے، سب ایک پیج پر ہیں۔
تفصیلات کے مطابق پاک فوج میں تبادلے کے معاملے پر وزیراعظم عمران خان نے وفاقی کابینہ ارکان کو اعتماد میں لیا۔اجلاس کے دوران وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ اہم عہدوں پر تعیناتیوں کے حوالے سے کوئی اختلاف نہیں،ہم سب ایک پیج پر ہیں، جلد معاملہ حل کر لیں گے، نوٹیفکیشن کے معاملے کو غلط رنگ نہ دیا جائے۔

دوسری طرف وفاقی کابینہ نےقومی رحمت للعالمین ﷺ اتھارٹی کےقیام کی منظوری دے دی۔وفاقی کابینہ اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہا ہے کہ نئے ڈی جی آئی ایس آئی کی تعیناتی پر وزیراعظم عمران خان ، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ میں اتفاق رائے ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ ڈی جی آئی ایس آئی سے متعلق کابینہ کو اعتماد میں لیا گیا، سول ملٹری تعلقات آئیڈیل ہیں۔ گزشتہ رات وزیراعظم عمران خان اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کے درمیان طویل ملاقات ہوئی۔ان کا کہنا تھا کہ رحمت للعالمین اتھارٹی بچوں کیلئے تعلیمی نصاب کے حوالے سے کام کریگی، اتھارٹی کامقصد ہے کہ ہم سیرت نبی ﷺ سے سبق حاصل کریں، رحمت للعالمین اتھارٹی میں پاکستان سمیت دنیا کے سکالرز شامل ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ ایئر سیال لمیٹڈ کو لائسنس کا اجرا کیا گیا ہے، 18اداروں کی اسامیاں ختم کی جارہی ہیں، 80 کے قریب ٹاپ لیول کی تعیناتیاں کر چکے ہیں، یوٹیلٹی سٹورز پر 5لاکھ میٹرک ٹن گندم کی ضرورت ہے، یوٹیلٹی سٹورز پر 3 لاکھ میٹرک ٹن گندم فراہم کردی گئی۔

وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ اسلام آباد پولیس میں ایک نیا یونٹ بنانے سے متعلق بریفنگ دی گئی، یونٹ میں کیمرے اور ڈرون ٹیکنالوجی شامل ہے۔ افغانستان سے آنے والوں کیلئےویزہ فیس ختم کردی گئی ہے۔فواد چودھری کا کہنا تھا کہ اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کی سہولت لازمی دینا چاہتے ہیں، ہمارا ایسا کوئی اجلاس نہیں ہوا جس میں اوورسیز پاکستانیوں کی بات نہ ہو۔

٭۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
نوٹ: قلب نیوز ڈاٹ کام ۔۔۔۔۔ کا کسی بھی خبر اورآراء سے متفق ہونا ضروری نہیں. اگر آپ بھی قلب نیوز ڈاٹ کام پر اپنا کالم، بلاگ، مضمون یا کوئی خبر شائع کر نا چاہتے ہیں تو ہمارے آفیشیل ای میل qualbnews@gmail.com پر براہ راست ای میل کر سکتے ہیں۔ انتظامیہ قلب نیوز ڈاٹ کام

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے