راولپنڈی ۔پاکستان آرڈیننس فیکٹری واہ کینٹ میں دھماکے کے نتیجے میں 3 افراد جاں بحق اور 2 زخمی ہوگئے۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ دھماکا حادثاتی تھا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق راولپنڈی کے علاقے واہ کینٹ پاکستان آرڈیننس فیکٹری میں حادثاتی دھماکے میں 3 ملازمین جاں بحق اور 2 زخمی ہوگئے۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق حادثے کے بعد صورتحال پر قابو پالیا گیا ہے، پی او ایف ٹیکنیکل ایمرجنسی رسپانس ٹیم نے جائے حادثہ کو کلیئر کردیا، واقعے سے متعلق مزید تفصیلات جلد شیئر کی جائیں گی۔
اس سے قبل مقامی پولیس کا کہنا تھا کہ دھماکے سے کئی عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے، زور دار دھماکے کے بعد دھویں کے گہرے بادل بھی اٹھتے دیکھے گئے۔
رپورٹ کے مطابق دھماکے کے بعد علاقے کو پاک فوج کے جوانوں نے گھیرے میں لے لیا، واہ کینٹ اسپتال میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی۔