صفحہ اول / پاکستان / بانی پاکستان کی 73 ویں برسی آج انتہائی عقیدت و احترام سے منائی گئی

بانی پاکستان کی 73 ویں برسی آج انتہائی عقیدت و احترام سے منائی گئی

کراچی ۔ بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کی 73 ویں برسی آج انتہائی عقیدت و احترام سے منائی گئی ۔ اس موقع پر سرکاری اور نجی سطح پر مختلف تقریبات کا اہتمام بھی کیا گیا۔

مٹھی بائی کے گھر قائد اعظم محمد علی جناح 25 دسمبر 1876 میں کراچی میں پیدا ہوئے والدین نے محمد علی جناح کا نام دیا اور برصغیر کے مسلمانوں نے قائد اعظم کے نام سے پکارا۔محمد علی جناح کو 1937 میں مولانا مظہرالدین نے ’قائداعظم‘ کا لقب دیا۔ ان کی ولولہ انگیز قیادت میں مسلمانان ہند نے الگ وطن ’پاکستان‘ حاصل کیا اور انگریزوں کے تسلط سے چھٹکارا پایا۔

قائد اعظم محمد علی جناح‌ نے ابتدائی تعلیم کا آغاز 1882 میں اپنے آبائی شہر سے کیا اور 1893 میں اعلیٰ تعلیم کے حصول کے لئے انگلینڈ چلے گئے۔ 1896 میں قائد اعظم نے بیرسٹری کا امتحان پاس کیا اور وطن واپس لوٹ آئے۔محمد علی جناح پیشے کے لحاظ سے وکیل تھے اور وطن واپسی کے کچھ عرصہ بعد ہی قائداعظم کا شمار برصغیر کے مایہ ناز قانون دانوں میں کیا جانے لگا تھا۔

برصغیر واپسی کے بعد قائداعظم نے سیاست میں باضابطہ طور پر حصہ لیا اور 1906 میں انڈین نیشنل کانگریس میں شمولیت اختیار کی۔ کانگریس کا حصہ بننے کے بعد انہیں اندازہ ہوا کہ یہ جماعت برصغیر کے تمام باسیوں کی نہیں بلکہ صرف ہندووں کی نمائندہ جماعت ہے۔

قائداعظم نے 1913 میں آل انڈیا مسلم لیگ میں شمولیت اختیار کی مگر امید کا دامن نہ چھوڑا اور کانگریس کے ساتھ بھی کام کرتے رہے۔ کانگریس کی ہندو نواز پالیسیوں سے تنگ آکر بالآخر 1920 میں قائداعظم نے کانگریس کو خیرآباد کہہ دیا اور آخری سانس تک مسلمانوں کی نمائندہ جماعت مسلم لیگ سے وابستہ اختیار کر لی۔

اسی جماعت کی چھتری تلے ہی قائداعظم نے برصغیر کے مسلمانوں کے لیے علیحدہ وطن حاصل کیا۔ قیام پاکستان کے بعد قائداعظم اس پاک وطن کے پہلے گورنر جنرل بنے اور 11 ستمبر 1948 میں وفات تک اس عہدے پر تعینات رہے۔

قائد اعظم محمد علی جناح جنہوں نے برصغیر کے مسلمانوں کو علیحدہ وطن دِلایا پاکستان کے لیے بہت کچھ کرنے کے خواہش مند تھے لیکن ان کی بیماری نے ان کے تعمیری منصوبوں کو پایہ تکمیل تک نہ پہنچنے دیا اور مسلمانانِ ہند 11 ستمبر 1948 کو اپنے اس عظیم رہنما کی قیادت سے محروم ہوگئے۔

حکومتِ پاکستان کے اعلان کے مطابق 11 ستمبر 1948ءکو رات 10 بج کر 25 منٹ پر بانی پاکستان قائدِ اعظم محمد علی جناح حرکتِ قلب بند ہو جانے کے باعث انتقال کرگئے۔ وہ ہفتے کا دن تھا۔ اس خبر پر ملک بھر میں فضا سوگوار ہوگئی اور ہر پاکستانی افسردہ و رنجیدہ نظر آیا۔

پاکستان کے عوام بالخصوص نئی نسل کو یاد رکھنا ہو گاکہ وطن عزیز کے لیے ان کے قائدین، اکابرینِ ملّت اور بزرگوں نے بے شمار قربانیاں دی ہیں اور آزادی کا یہ کارواں قائدِ اعظم محمد علی جناح کی لازوال اور مثالی قیادت میں منزل تک پہنچا جس کی بقا و سلامتی، استحکام، ترقی اور خوش حالی کے لیے ہر فرد کو اپنا کردار ادا کرنا ہے۔

قائد اعظم کی وفات کو کئی دہائیاں گزرنے کے باوجود ا ن کے یوم وفات پر ہزاروں افراد کی ان کی لحد پر حاضری اور مختلف شہروں میں منعقد ہونے والی تقریبات اس امر کی گواہی دیتی ہیں کہ پاکستانی قوم ان سے آج بھی والہانہ عقیدت رکھتی ہے۔

٭۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
نوٹ: قلب نیوز ڈاٹ کام ۔۔۔۔۔ کا کسی بھی خبر اورآراء سے متفق ہونا ضروری نہیں. اگر آپ بھی قلب نیوز ڈاٹ کام پر اپنا کالم، بلاگ، مضمون یا کوئی خبر شائع کر نا چاہتے ہیں تو ہمارے آفیشیل ای میل qualbnews@gmail.com پر براہ راست ای میل کر سکتے ہیں۔ انتظامیہ قلب نیوز ڈاٹ کام

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے