صفحہ اول / پاکستان / پارلیمنٹ لاجز،انصار الاسلام کیخلاف پولیس آپریشن،جے یو آئی کی احتجاجی کال

پارلیمنٹ لاجز،انصار الاسلام کیخلاف پولیس آپریشن،جے یو آئی کی احتجاجی کال

اسلام آباد ۔ پارلیمنٹ لاجز میں جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی ف) کے رضا کار دستے انصار الاسلام کی موجودگی پر وفاقی پولیس نے آپریشن کر کے رکن قومی اسمبلی سمیت دیگر رہنماوں کو گرفتار کر لیا گیا۔پارلیمنٹ لاجز اسلام آباد میں آپریشن ڈی آئی جی آپریشنز کی کمانڈ میں کیا گیا۔

میڈیا کو پارلیمنٹ لاجز سے نکال دیا گیا جس کے بعد پولیس کی نفری نے صلاح الدین ایوبی کے لاج کا دروازہ توڑ کر گرفتاریاں شروع کیں۔ پولیس نے 10 افراد کو تھانہ سیکرٹریٹ منتقل کر دیا ہے۔گرفتار ہونے والوں میں جے یو آئی کے رکن قومی اسمبلی صلاح الدین ایوبی، جمال الدین اور جے یو آئی اسلام آباد کے ترجمان مفتی عبداللہ بھی شامل ہیں۔

پولیس نے انصار الاسلام کیخلاف آپریشن 30 منٹ تک جاری رہا جبکہ اس دوران انصار اسلام کے کئی رہنما کپڑے بدل کر لاجز سے نکل گئے۔پولیس آپریشن کے بعد پارلیمنٹ لاجز میں پولیس کی مزید نفری بھی تعینات کردی گئی ہے جبکہ آپریشن کرنے والی ٹیم پارلیمنٹ لاجز سے روانہ ہوگئی۔

دوسری جانب جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی)کے رہنما مولانا فضل الرحمان نے پارلیمنٹ لاجز میں پولیس آپریشن اور اس کے نتیجے میں جے یو آئی کے ارکان قومی اسمبلی کی گرفتاری پر حکومت کیخلاف اعلان جنگ کردیا۔مولانا فضل الرحمان نے اس واقعے کے بعد میڈیا سے گفتگو میں اپنے کارکنوں کو ملک بھر سے اسلام آباد پہنچنے کی ہدایت کی اور کہا کہ جو کارکن اسلام آباد نہ پہنچ سکے وہ اپنے اپنے علاقوں میں سڑکوں کو جام کردیں۔

خیال رہے کہ پارلیمنٹ لاجز میں جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی)کے محافظ دستے انصار الاسلام کے کارکنوں کی موجودگی پر اسلام آباد پولیس نے آپریشن کرکے متعدد گرفتاریاں کی ہیں۔پارلیمنٹ لاجز میں آپریشن ڈی آئی جی آپریشن کی کمانڈ میں کیا گیا۔ میڈیا کو پارلیمنٹ لاجز سے نکال دیا گیا جس کے بعد پولیس کی نفری نے صلاح الدین ایوبی کے لاج کا دروازہ توڑ کر گرفتاریاں شروع کیں۔

اطلاعات کے مطابق پولیس جے یو آئی کے ایم این اے صلاح الدین ایوبی کو بھی گرفتار کر کے لے گئی جبکہ 10 سے 12 رضا کاروں کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ ان تمام افراد کو نامعلوم مقام پر منتقل کردیاگیا ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اپوزیشن رہنماﺅں نے اپنے ارکان کے لاپتہ کیے جانے اور سکیورٹی پر خدشات ظاہر کیے تھے جس کے بعد مولانا فضل الرحمان کی سربراہی میں اپوزیشن جماعتوں نے فیصلہ کیا تھا کہ انصار الاسلام کے کارکن اپوزیشن کے تمام ارکان کو سکیورٹی فراہم کریں گے۔

خیال رہے کہ اپوزیشن نے وزیراعظم عمران خان کیخلاف قومی اسمبلی سیکرٹریٹ میں تحریک عدم اعتماد جمع کرادی ہے جس پر اب اسپیکر کو اجلاس بلا کر ووٹنگ کرانی ہے۔اپوزیشن کو خدشہ ہے کہ ان کے ارکان کی تعداد کم کرنے کیلئے گرفتاریاں یا ارکان کو غائب کیا جاسکتا ہے۔

جمعیت علما اسلام (جے یو آئی )کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی اپیل پر ملک بھر میں جے یو آئی کے کارکنوں نے احتجاجا اہم سڑکیں بلاک کردیں جس سے ٹریفک جام ہوگیا۔سندھ کے شہر سکھر میں جے یو آئی کے کارکنوں نے قومی شاہراہ پنوعاقل پر دھرنا دے دیا،

جے یو آئی کارکنان کا پریس کلب کے سامنے بھی دھرنا دے کر بیٹھ گئے۔نواب شاہ میں جے یو آئی کے کارکنوں نے سکرنڈ روڈ پر دھرنا دے کر ٹریفک بلاک کردی، جیکب آباد میں بھی کارکنان کا ڈی سی چوک پر دھرناجاری ہے، میرپورخاص میں جے یو آئی کے کارکنان نے ٹول پلازہ پر احتجاج کیا جس سے ٹریفک معطل ہوگیا،

ادھر مٹیاری میں بھی جے یو آئی کارکنوں کا قومی شاہراہ پردھرنا جاری ہے جس کے باعث گاڑیوں کی قطاریں لگ گئی ہیں۔اس کے علاوہ سوات میں جے یو آئی کے کارکنوں نے نشاط چوک مینگورہ میں مظاہرہ کیا، ادھر خضدار میں بھی جے یو آئی کے کارکنان قومی شاہراہ پر جمع ہونے لگے، مانسہرہ میں مولانا فضل الرحمان کی اپیل پر ہزارہ ایکسپریس وے پر احتجاج کیا جا رہا ہے،کارکنوں نے اچھڑیاں کے قریب ہزارہ ایکسپریس وے ٹریفک کے لیے بندکردی۔

اسلام آباد میں بھی مولانافضل الرحمان کی کال پردرجنوں کارکنان پارلیمنٹ لاجز پہنچ گئے۔کوئٹہ میں مولانافضل الرحمان کی کال پرپارٹی کارکنوں نے منان چوک پر احتجاج کیا اور ٹائر جلا کر جناح روڈ بلاک کردی، حب بائی پاس اور اوتھل کے مقام پر بھی جے یو آئی کا احتجاج جاری ہے جس سے کراچی کوئٹہ شاہراہ بند ہوگئی ہے۔ حیدرآباد میں بھی جے یو آئی کی جانب سے قاسم آباد کے قریب قومی شاہراہ پر دھرنا دیا گیا۔

بعد ازں جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی)کے رہنما مولانا فضل الرحمان نے پی ڈی ایم کے رات گئے ہونے والے اجلاس میں متفقہ فیصلے کے بعد احتجاجی دھرنے صبح 9بجے تک موخر کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہاکہ اگر حکومت نے ہمارے کارکنوں اور ایم این ایز کو رہا نہ کیا اور مطالبات پورے نہ کئے تو پھر ملک بر میں شدت کےساتھ بھر پور طریقے سے احتجاجی کرتے ہوئے پورے ملک کی تمام سڑکوںکودھرنا دے کر بندکر دیں گے ۔

٭۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
نوٹ: قلب نیوز ڈاٹ کام ۔۔۔۔۔ کا کسی بھی خبر اورآراء سے متفق ہونا ضروری نہیں. اگر آپ بھی قلب نیوز ڈاٹ کام پر اپنا کالم، بلاگ، مضمون یا کوئی خبر شائع کر نا چاہتے ہیں تو ہمارے آفیشیل ای میل qualbnews@gmail.com پر براہ راست ای میل کر سکتے ہیں۔ انتظامیہ قلب نیوز ڈاٹ کام

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے