صفحہ اول / پاکستان / محسن پاکستان ونامور ایٹمی سائنسدان ڈاکٹر عبدالقدیر خان انتقال کر گئے

محسن پاکستان ونامور ایٹمی سائنسدان ڈاکٹر عبدالقدیر خان انتقال کر گئے

اسلام آباد . محسن پاکستان ونامور ایٹمی سائنسدان ڈاکٹر عبدالقدیر خان انتقال کر گئے،نجی ٹی وی چینل کے مطابق ڈاکٹر عبدالقدیر خان کو ہسپتال کے آئی سی یو میں داخل کرایا گیا، ڈاکٹروں نے ان کی جان بچانے کی پوری کوشش کی تاہم وہ خالق حقیقی سے جاملے۔

انھوں نے اپنے پسماندگان میں اہلیہ اور دو بیٹیاں چھوڑی ہیں۔یاد رہے کہ وہ ملک کے جوہری پروگرام کے بانی تھے اور انھوں نے ملکی دفاع میں اہم کردار ادا کیا۔

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے نامور سائنسدان ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی وفات پر اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا ہے کہ محسن پاکستان کی وفات پر گہرا دکھ ہے ۔اتوار کو اپنے ایک ٹویٹ میں انہوں نے انا للہ و انا الیہ راجعون لکھتے ہوئے کہا کہ میں ڈاکٹر عبدالقدیر خان کو 1982 سے ذاتی طور پر جانتا ہوں ، انہوں نے قوم کے تحفظ کےلئے ایٹمی ہتھیار بنانے میں ہماری بے مثال مدد کی۔

صدر مملکت نے کہا کہ بطور احسان مند قوم ہم اس حوالے سے ان کی خدمات کو بھلا نہیں سکتے۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو اپنے جوار رحمت میں جگہ دے۔

وزیراعظم عمران خان نے نامور سائنسدان اور محسن پاکستان ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی وفات پر گہرے رنج اور دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک کو ایٹمی ریاست بنانے کے حوالے سے ان کے اہم کردار کےلئے پوری قوم ڈاکٹر عبدالقدیر خان سے محبت کرتی ہے۔

اتوار کو اپنے ایک ٹویٹ میں وزیراعظم عمران خان نے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے ہمیں اپنے سے کئی گنا بڑے ہمسائے اور ایٹمی ریاست کی جارحیت سے تحفظ فراہم کیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام کےلئے وہ ایک قومی ہیرو ہیں۔وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ڈاکٹر عبدالقدیر خان کو ان کی خواہش کے مطابق فیصل مسجد کے احاطے میں دفن کیا جائے گا۔انہوں نے ڈاکٹر عبدالقدیر خان کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے ان کےلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے پاکستان کے ممتاز سائنسدان ڈاکٹر عبدالقدیر خان کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔اتوار کو اپنے ایک ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ ‏ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی رحلت پر پوری قوم افسردہ ہے، پاکستان کیلئے ان کی ان گنت خدمات ہیں، اللہ تعالیٰ انھیں غریق رحمت کرے۔ آمین

وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمدنےڈاکٹر عبدالقدیر خان کے انتقال پرگہرے دکھ اورغم کا اظہارکرتے ہوئے کہا ہے کہ اللہ تعالی محسن پاکستان کو جنت الفردوس میں اعلی ٰترین مقام عطا فرمائے۔اتوار کو شیخ رشید احمد نے کہا کہ اللہ تعالی ڈاکٹر عبدالقدیر خان کے سوگواران اور لواحقین کو صبر عطا فرمائے ۔

محسن پاکستان ونامور ایٹمی سائنسدان ڈاکٹر عبدالقدیر خان کے انتقال پر مرکزی سیاسی و مذہبی رہنماوں نے بھی افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ نامور ایٹمی سائنسدان ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے پاکستان کو جوہری طاقت بنانے کا شاندار کارنامہ سر انجام دیا ان کی خدمات قوم پر پوری قوم کو فخر ہے جس پر ڈاکٹر عبدالقدیر کی بے لوث خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائےگا.

ڈاکٹر عبدالقدیر خان کو پاکستانی ایٹم بم کے خالق ہیں وہ پہلے پاکستانی ہیں جنہیں 3 صدارتی ایوارڈز ملے، ان کو ہلال امتیاز سے بھی نوازا گیا۔ ڈاکٹرعبدالقدیرخان 1936 میں بھوپال میں پیدا ہوئے۔ 1947 میں خاندان کے ہمراہ ہجرت کر کے پاکستان منتقل ہوئے۔ انجینئرنگ کی ڈگری 1967 میں نیدرز لینڈ کی یونیورسٹی سے حاصل کی۔ انہوں نے بیلجئیم کی یونیورسٹی سے میٹلرجیکل انجینئرنگ میں ڈاکٹریٹ کی ڈگری لی بعد ازاں ایمسٹرڈیم میں فزیکل ڈائنامکس ریسرچ لیبارٹری جوائن کی۔

اعلیٰ تعلیم کے بعد ڈاکٹر عبدالقدیر خان 1976 میں وطن واپس لوٹ آئے اور اسی برس 31 مئی کو پاکستان کی اٹامک انجینئرنگ ریسرچ لیبارٹریز کا حصہ بن گئے۔ یکم مئی 1981 کو انجینئرنگ ریسرچ لیبارٹری کا نام تبدیل کر کے ڈاکٹر اے کیو خان ریسرچ لیبارٹریز رکھ دیا گیا۔ شب و روز کی انتھک محنت کے بعد 1998 میں ایٹمی دھماکے کر کے انہوں نے پاکستان کو جوہری طاقت بنانے کا شاندار کارنامہ سر انجام دیا۔

محسن پاکستان اور پاکستان کے نامور ایٹمی سائنسدان ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی نماز جنازہ فیصل مسجد اسلام آباد میں ادا کی جائے گی۔اہلخانہ کے مطابق ایٹمی سائنسدان ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی نماز جنازہ فیصل مسجد اسلام آباد میں ادا کی جائے گی۔

اہلخانہ کے مطابق ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی نماز جنازہ 3 بج کر 30 منٹ پر ادا کی جائے گی اور ان کی تدفین اسلام آباد کے مرکزی قبرستان میں کی جائے گی تاہم وزارت داخلہ میں ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی تدفین کے حوالے سے مشاورت کی جا رہی ہے۔اسلام آباد انتظامیہ کا بتانا ہے کہ ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی تدفین اسلام آباد کے ایچ ایٹ قبرستان میں کی جائے گی۔ جبکہ حکومت نے فیصل مسجد میں تدفین کرنے کے انتظامات کئے ہیں ،

وزیر داخلہ پاکستان شیخ رشید نے میڈیا سےگفتگو کرتے ہوئے کہا کہ محسن پاکستان ایٹمی سائنسدان ڈاکٹر عبدالقدیر کی تدفین لواحقین کی خواہش کے مطابق کی جائےگی ،ڈاکٹر عبد القدیر کی تدفین کے تمام تر انتظامات فیصل مسجد اور ایچ ایٹ قبرستان میں مکمل کر لئے گئے ہیں اور ڈاکٹر عبدالقدیر خان کو پورے سرکاری اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کیا جائے گا۔شیخ رشید کا کہنا تھا کہ تمام انتظامات اہلخانہ کے ساتھ ملکر کرنے کا حکم دے دیا ہے.

٭۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
نوٹ: قلب نیوز ڈاٹ کام ۔۔۔۔۔ کا کسی بھی خبر اورآراء سے متفق ہونا ضروری نہیں. اگر آپ بھی قلب نیوز ڈاٹ کام پر اپنا کالم، بلاگ، مضمون یا کوئی خبر شائع کر نا چاہتے ہیں تو ہمارے آفیشیل ای میل qualbnews@gmail.com پر براہ راست ای میل کر سکتے ہیں۔ انتظامیہ قلب نیوز ڈاٹ کام

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے