اسلام آباد ۔ پاکستان میں کورونا کی صورتحال شدت اختیار کرگئی ہے ، ایک دن میں 83 اموات ریکارڈ کی گئی اور 3ہزار600 سے زائد کیسز سامنے آئے۔
تفصیلات کے مطابق نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر (این سی او سی ) نے ملکی کورونا صورتحال کے تازہ اعدادو شمار جاری کردیئے ہیں ، جس میں بتایا گیا ہے کہ ملک میں24گھنٹے میں کورونامیں مبتلا83افرادانتقال کرگئے، جس کے بعد مجموعی اموات کی تعداد 26 ہزار 497ہو گئی ہے۔
این سی او سی کا کہنا تھا کہ گزشتہ24 گھنٹے میں 61 ہزار128کورونا ٹیسٹ کیے گئے، جس میں سے 3ہزار689 افراد میں کورونا کی تصدیق ہوئی اور اس دوران کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کی شرح6.03 فیصد رہی۔
اعدادو شمار کے مطابق سندھ میں کورونا کے کیسز کی تعداد چار لاکھ 41 ہزار 410، پنجاب میں چار لاکھ8 ہزار 758 ، خیبر پختونخوا میں ایک لاکھ 66 ہزار 564 اور بلوچستان میں 32 ہزار 480 ہوگئی ہے جبکہ اسلام آباد میں کورونا کے ایک لاکھ ایک ہزار 840، آزاد کشمیر میں 33 ہزار 37 اور گلگت بلتستان میں 10 ہزار 109 کیسز سامنے آچکے ہیں۔
خیال رہے کورونا کی بگڑتی صورتحال پر ین سی اوسی نے کورونا پابندیوں میں ایک ہفتے کی توسیع کرتے ہوئے تعلیمی ادارے بھی مزید ایک ہفتہ بند رکھنے کا فیصلہ کیا ہے، ذرائع کے مطابق توسیع کا فیصلہ کوروناصورتحال اور ہیلتھ سسٹم پر دباو¿ کے پیش نظر کیا گیا ہے۔
این سی او سی نے اسلام آباد، پنجاب اور خیبرپختونخوا کے 24 شہروں میں نافذ سخت پابندیوں میں توسیع کردی ہے۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق پہلے سے نافذ پابندیوں کو 15 ستمبر تک بڑھا دیا گیا ہے۔
این سی او سی نے جن شہروں میں سخت پابندیاںاسلام آباد، ہری پور، مالاکنڈ، مانسہرہ، صوابی، ڈی آئی خان، سوات، ایبٹ آباد، پشاور، سرگودھا، خوشاب، میانوالی، رحیم یار خان، خانیوال، فیصل آباد، بھکر، گجرات، گوجرانوالہ، ملتان، بہاولپور، لاہور، راولپنڈی، سیالکوٹ اور شیخوپورہ شامل ہیں۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کا کہنا ہے کہ پابندیوں پر نظرثانی 15 ستمبر کو ہوگی، اس وقت تک مذکورہ شہروں میں پہلے سے نافذ پابندیاں لاگو رہیں گی۔کرونا وائرس کی چوتھی لہر کے دوران کیسز میں مسلسل اضافے کے پیش نظر این سی او سی نے 3 ستمبر کو اسلام آباد کے علاوہ پنجاب اور خیبرپختونخوا کے تقریباً 2 درجن شہروں پر سخت پابندیوں کا اطلاق کیا تھا۔
این سی او سی کا کہنا تھا کہ زیادہ کیسز والے منتخب اضلاع میں 4 سے 12 ستمبر تک اضافی پابندیاں نافذ ہوں گی، ان علاقوں میں اعلان کردہ نئے ایس او پیز درج ذیل ہیں۔اسکول، کالج اور یونیورسٹیاں بند رہیں۔بین الاضلاعی نقل و حمل پر پابندی عائد ہوگی۔ان ڈور اور آوٹ ڈور اجتماعات پر پابندی ہوگی۔شادی کی آوٹ ڈور تقریبات میں صرف 300 افراد کو شرکت کی اجازت ہوگی جبکہ جمز بھی بند رہیں گے۔
٭۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
نوٹ: قلب نیوز ڈاٹ کام ۔۔۔۔۔ کا کسی بھی خبر اورآراء سے متفق ہونا ضروری نہیں. اگر آپ بھی قلب نیوز ڈاٹ کام پر اپنا کالم، بلاگ، مضمون یا کوئی خبر شائع کر نا چاہتے ہیں تو ہمارے آفیشیل ای میل qualbnews@gmail.com پر براہ راست ای میل کر سکتے ہیں۔ انتظامیہ قلب نیوز ڈاٹ کام