صفحہ اول / شہر شہر / مولانا فضل الرحمان سیاسی بے روزگار ہیں،فرخ حبیب

مولانا فضل الرحمان سیاسی بے روزگار ہیں،فرخ حبیب

اسلام آباد ۔ وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمان سیاسی بے روزگار ہیں، مولانا فضل الرحمان پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) کو استعمال کر رہے ہیں، اپوزیشن ایک دوسرے کی اپوزیشن بنی ہوئی ہے اور یہ ایک دوسرے کو گرانے کی کوشش کر رہے ہیں، پہلے پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) کا آپس میں مک مکا ہوتا تھا، وزیراعظم عمران خان نے تو پہلے کوئی مک مکا کیا اور نہ ہی اب کریں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان نے پوری پی ڈی ایم کو تگنی کا ناچ نچایا ہوا ہے، وہ کبھی پیپلز پارٹی اور کبھی مسلم لیگ (ن) کو آگے کر دیتے ہیں، خود مولانا فضل الرحمان کے صاحبزادے اور ان کے اراکین بھی اسمبلی کا حصہ ہیں، ایک طرف تو موجودہ اسمبلیوں کو ناجائز کہتے ہیں اور پھر اسی اسمبلی سے مولانا فضل الرحمان کے بیٹے نے ڈپٹی سپیکر کا الیکشن بھی لڑ لیا، مولانا فضل الرحمان کچھ بھی کہتے رہیں ان کے کہنے سے کچھ فرق نہیں پڑتا، فضل الرحمان اس وقت سیاست کے سب سے بڑے بیروزگار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پرویز مشرف کا ایل ایف او پاس کروانا تھا تو فضل الرحمان آگے کھڑے تھے، 2008ء سے 2013ء تک پیپلز پارٹی کی حکومت تھی تو اس وقت مولانا سب سے بڑے اتحادی بنے ہوئے تھے، اس کے بعد 2013ء سے 2018ء تک مسلم لیگ (ن) کے اتحادی بن کر مولانا فضل الرحمان نے اقتدار کے مزے لوٹے، پاکستان تحریک انصاف کی حکومت ایسی واحد حکومت ہے جس میں مولانا فضل الرحمان نہیں ہیں لہذا مولانا فضل الرحمان کی بات میں کوئی وزن نہیں ہے، وہ تو اپوزیشن جماعتوں میں پھوٹ ڈالنے کا سب سے بڑا کردار ادا کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت سماجی شعبہ میں بہت بڑے اور اہم اقدامات اٹھا رہی ہے، ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ کسی وزیراعظم نے عوام کو ہیلتھ کارڈ کی سہولت دی ہے، خیبرپختونخوا میں ہم ہیلتھ کارڈ دے چکے ہیں اور پنجاب میں اس کے لئے 60 ارب روپے رکھے ہیں، آج ہی لاہور میں ہم نے سنٹرل بزنس ڈسٹرکٹ بنایا ہے، ایل ڈی اے کے وہ پلاٹ جو کوڑیوں کے بھائو فروخت کئے جاتے تھے آج والٹر میں جو سنٹرل بزنس ڈسٹرکٹ بن رہا ہے اس کے پانچ پلاٹ 22 ارب روپے میں فروخت ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ دور حکومت میں صرف قراردادیں ہی نہیں منظور کی گئیں بلکہ جنوبی پنجاب کو اس کا حق دیا گیا ہے، اس کے سیکرٹریٹ کے رولز پاس کر دیئے گئے، اگر آج مدر اینڈ کیئر ہسپتال بن رہے ہیں تو یہ بھی گورننس کا حصہ ہے، 18 سے 19 کے قریب یونیورسٹیاں بنائی جا رہی ہیں، لو کاسٹ ہائوسنگ پر پنجاب سب سے زیادہ کام کر رہا ہے تو یہ بھی گورننس کا حصہ ہے۔

ایک سوال کے جواب میں وزیر مملکت فرخ حبیب نے کہا کہ سابق وزیراعظم نواز شریف کو عدالتوں سے سزا سنائی گئی ہے، ملک کی عدالتیں ان کو واپس بلا رہی ہیں، پہلے پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) کا آپس میں مک مکا ہوتا تھا لیکن اب صورتحال بالکل تبدیل ہے، اب پاکستان تحریک انصاف کی حکومت ہے اور وزیراعظم عمران خان نے تو پہلے کوئی مک مکا کیا اور نہ ہی اب کریں گے، ہم نے اپوزیشن کی جلسے جلوسوں، عدم اعتماد کی تحریکوں پر مبنی تمام تر بلیک میلنگ برداشت کر لی ہے.

٭۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
نوٹ: قلب نیوز ڈاٹ کام ۔۔۔۔۔ کا کسی بھی خبر اورآراء سے متفق ہونا ضروری نہیں. اگر آپ بھی قلب نیوز ڈاٹ کام پر اپنا کالم، بلاگ، مضمون یا کوئی خبر شائع کر نا چاہتے ہیں تو ہمارے آفیشیل ای میل qualbnews@gmail.com پر براہ راست ای میل کر سکتے ہیں۔ انتظامیہ قلب نیوز ڈاٹ کام

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے