اسلام آباد ۔ وفاقی وزیر خزانہ شوکت ترین نے جمعرات کووفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین کے ساتھ فنانس ڈویڑن میں ملاقات کی۔ ملاقات میں سیکرٹری اطلاعات ، سیکرٹری خزانہ ڈویژن ، چیئرمین ایف بی آر اور دیگر اعلیٰ افسران بھی موجود تھے۔
ملاقات کے دوران دونوں وفاقی وزراءکے درمیان ملکی فلمی صنعت اور اس کی زبوں حالی کا معاملہ زیر بحث آیا۔اس موقع پر وزیر خزانہ شوکت ترین نے کہا کہ پاکستان کے سافٹ امیج کو فروغ دینے کے لئے فلم انڈسٹری کی بحالی کے لئے مکمل تعاون کیا جائے گا.کیونکہ سنیما کی بحالی جہاں لوگوں کے لئے تفریح کے راستے بھی کھولے گی وہاں ہمارے باصلاحیت نوجوانوں کے لئے روزگار کے وسیع مواقع پیدا کرے گی .
انہوں نے فلم سازی میں عصر حاضر کی جدید ترین ٹیکنالوجی اپنانے کی ضرورت پر زور دیا تاکہ انتہائی مسابقتی ماحول میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا جا سکے۔ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات نے اس موقع پر پاکستانی فلم انڈسٹری کی بحالی کے لیے اپنی مختلف تجاویز پیش کیں۔
انہوں نے مقامی پروڈیوسروں اور فلم سازوں کی حوصلہ افزائی کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پہلے ہی سے اپنی بقا کی جدوجہد کرنے والی فلم انڈسٹری کو سپورٹ کیا جائے جو کوویڈ 19 وبائی امراض کی وجہ سے تقریباًبند ہونے کے دہانے پر ہے، اس مسئلے کی سنگینی کی وجہ سے فلمی صنعت کو ہنگامی بنیادوں پر حوصلہ افزائی کی ضرورت ہے۔
انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ فلم ساز ی میں پروڈکشن سائیڈ پر موجود خلا کو پر کرنے کے لیے بھی حوصلہ افزائی کی جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ فلمسازی کے لیے اصل مواد رکھنے اور مقامی وسائل استعمال کرنے والوں کی ٹیکس کی مختلف مراعات کے ذریعے حوصلہ دیا جانا چاہئے تاکہ ملک میں سینما انڈسٹری پروان چڑھ سکے۔وزیر خزانہ نے پاکستان میں فلم انڈسٹری کی بحالی کے لیے مکمل تعاون اور سہولت کی تصدیق کی اور وزارت اطلاعات و نشریات کی پیش کردہ تجاویز پر غور کیا۔
٭۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
نوٹ: قلب نیوز ڈاٹ کام ۔۔۔۔۔ کا کسی بھی خبر اورآراء سے متفق ہونا ضروری نہیں. اگر آپ بھی قلب نیوز ڈاٹ کام پر اپنا کالم، بلاگ، مضمون یا کوئی خبر شائع کر نا چاہتے ہیں تو ہمارے آفیشیل ای میل qualbnews@gmail.com پر براہ راست ای میل کر سکتے ہیں۔ انتظامیہ قلب نیوز ڈاٹ کام