اسلام آباد . وزیراعظم عمران خان سے قطر کے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ شیخ محمد بن عبدالرحمٰن الثانی نے ملاقات کی اور دونوں رہنماؤں نے دو طرفہ تعلقات سمیت افغانستان میں ابھرنے والے معاملات پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے کہا کہ افغانستان میں مستحکم سیکیورٹی اہمیت کی حامل ہے۔
سرکاری خبر ایجنسی اے پی پی کے مطابق وزیراعظم عمران خان اور قطر کے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ شیخ محمد بن عبدالرحمن الثانی نے ملاقات کے دوران افغانستان کی ترقی، پاکستان اور قطر کے درمیان مختلف شعبوں میں تعلقات پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
وزیراعظم عمران خان نے ملاقات کے دوران اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور خطے کے لیے ایک پرامن، محفوظ اور مستحکم افغانستان اہمیت کا حامل ہے۔انہوں نے کہا کہ افغانستان کی معاشی بہتری، انسانی ریلیف اور مدد کے لیے پاکستان اپنا کردار جاری رکھے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان تنازع افغانستان کی وجہ سے مشکلات کا شکار رہا ہے، اس لیے پاکستان اور اس خطے کے لیے ایک پر امن، محفوظ اور مستحکم افغانستان اہم ہے۔افغانستان کی بدلتے ہوئے حالات سے متعلق انہوں نے زور دیا کہ سیکیورٹی کی صورت حال میں استحکام، انسانی بحران کی روک تھام اور معیشت کی مضبوطی انتہائی اہم ہے۔
انہوں نے کہا کہ افغانستان کی امداد انسانی ریلیف اور معاشی بہتری کے لیے پاکستان اپنا کردار ادا کر رہا ہے اور کرتا رہے گا۔
وزیراعظم نے عالمی برادری سے کہا کہ وہ افغانستان کے عوام کے ساتھ یک جہتی کا مظاہرہ کریں اور افغانستان میں پائیدار امن، استحکام اور معاشی ترقی یقینی بنانے کے لیے اقدامات کریں اور مثبت بات چیت کریں۔
عمران خان نے افغان امن عمل میں قطر کے کردار کو سراہا جبکہ دو طرفہ تعلقات کے تناظر میں قطر کے ساتھ باہمی مفاد کے تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کی خواہش کا اعادہ کیا۔بیان کے مطابق انہوں نے تجارت، سرمایہ کاری، توانائی اور عوامی سطح پر رابطوں کو بڑھانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
اس موقع پر قطر کے نائب وزیراعظم نے علاقائی امن اور استحکام کے لیے پاکستان کے اہم کردار اور کوششوں کو سراہا۔قطری وزیر خارجہ نے پاکستان کے ساتھ دو طرفہ اور علاقائی امور پر اپنے قریبی روابط برقرار رکھنے کا عزم کیا۔
٭۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
نوٹ: قلب نیوز ڈاٹ کام ۔۔۔۔۔ کا کسی بھی خبر اورآراء سے متفق ہونا ضروری نہیں. اگر آپ بھی قلب نیوز ڈاٹ کام پر اپنا کالم، بلاگ، مضمون یا کوئی خبر شائع کر نا چاہتے ہیں تو ہمارے آفیشیل ای میل qualbnews@gmail.com پر براہ راست ای میل کر سکتے ہیں۔ انتظامیہ قلب نیوز ڈاٹ کام