استبول ۔ آزاد جموں و کشمیر یونیورسٹی مظفرآباد اور ترکی کی شہرہ آفاق عساک یونیورسٹی کے درمیان طلبہ و اساتذہ کی تعلیم و تربیت اور دونوں جامعات کے درمیان وسیع باہمی تعاون کیلئے مفاہمت کی یاداشت پر دستخط ہو گئے۔
باہمی تعاون کے معاہدے کی تقریب ترکی کے شہر عساک میں ہوئی جہاں آزاد جموں و کشمیر یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد کلیم عباسی اور عساک یونیورسٹی کے وائس ریکٹر پروفیسر ڈاکٹر آدم دارو نے مفاہمت کی یاداشت پر دستخط کیئے۔
معاہدے کے تحت دونوں جامعات مشترکہ تعلیمی و تحقیقی سرگرمیوں میں تعاون کے علاوہ فیکلٹی و طلبہ کا تبادلہ بھی کریں گے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے جامعہ کشمیر مظفرآباد کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد کلیم عباسی نے عساک یونیورسٹی کے وائس ریکٹر پروفیسر ڈاکٹر آدم دارو ، یونیورسٹی کے صدر ڈاکٹر امجد برہام اور جامعہ کی انتظامیہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس توقع کا اظہار کیا کہ دونوں جامعات کے مابین ہونے والے باہمی تعاون کے اس معائدے سے جامعہ کشمیر مظفرآباد کے طلبہ و اساتذہ کو اعلیٰ تعلیم کے میدان تعلیم و تحقیق کے وسیع مواقع سے استفادہ کی سہولت میسر آئے گی۔
اُنہوں نے ترکی کی حکومت اور ترک عوام کی طرف سے 2005ءکے تباہ کن زلزلے کے بعد زلزلہ متاثرین کی فراخدانہ امداد پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہ کہ ترکی کی حکومت اور عوام نے جس عظیم انسانی جذبے اور اسلامی بھائی چارے سے آزاد کشمیر میں زلزلہ متاثرین کی مدد کی اُس کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
اُنہوں نے کہا کہ مظفرآباد شہر میں جامعہ کشمیر کے سٹی کیمپس کی موجودہ عمارت ترکی اور آزاد کشمیر کے عوام کے درمیان دوستی اور بھائی چارے کی ہمیشہ یاد دلاتی رہے گی۔ اُنہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کے طلبہ کیلئے ترکی کی حکومت اعلیٰ تعلیم کے حصول کے دروازے بتدریج کھول رہی ہے۔
اس وقت آزاد کشمیر کے 32 سے زیادہ طلبہ ترکی کی مختلف جامعات میں پی ایچ ڈی اور انڈر گریجویٹ کی تعلیم حاصل کر رہے ہیں اور آنے والے مہینوں اور سالوں میں یہ تعداد مزید بڑھ جائے گی۔ اُنہوں نے اس اُمید کا اظہار کیا کہ آزاد کشمیر سے جتنی تعداد میں طلبہ و اساتذہ ترکی کے اعلیٰ تعلیمی اداروں میں تعلیم کی غرض سے آ رہے ہیں وہ وقت دور نہیں جب دونوں خطوں کے عوام کے درمیان ایک پائیدار تعلیمی راہداری قائم ہو جائے گی۔
مفاہمت کی یاداشت پر دستخط سے قبل جامعہ کشمیر کے دفتر برائے تحقیق ، تنوع اور ترقی (اوریک) کے ڈائریکٹر ڈاکٹر محمد نعیم احمد نے عساک یونیورسٹی کی چار روزہ بین الاقوامی کانفرنس کے ایک پروگرام میں جامعہ کشمیر ، اس کی تاریخ اور تعلیمی پروگرامات کا تعارف پیش کیا اور عساک یونیورسٹی کے صدر ڈاکٹر امجد برہام کے ساتھ یادگاری تحائف کا تبادلہ کیا۔
٭۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
نوٹ: قلب نیوز ڈاٹ کام ۔۔۔۔۔ کا کسی بھی خبر اورآراء سے متفق ہونا ضروری نہیں. اگر آپ بھی قلب نیوز ڈاٹ کام پر اپنا کالم، بلاگ، مضمون یا کوئی خبر شائع کر نا چاہتے ہیں تو ہمارے آفیشیل ای میل qualbnews@gmail.com پر براہ راست ای میل کر سکتے ہیں۔ انتظامیہ قلب نیوز ڈاٹ کام