جھنگ ۔ ووکیشنل ٹریننگ انسٹیٹوٹ جھنگ کی جانب سے ایک روزہ ہنر روز گار میلہ2021 ضلع جھنگ کا انعقاد کیا گیا۔ اس میلہ میں ضلع بھر کے ووکیشنل ٹریننگ انسٹی ٹیوٹس کے مختلف شعبہ جات سے فارغ التحصیل طلباء و طالبات کے لیے روز گار کے مواقع فراہم کیے گئے۔
اس موقع پر ملک بھر سے نامور کمپنیوں نے اپنے اسٹالز لگائے اور ماہر طلباء و طالبات کو روزگار کی فراہمی کے سلسلے میں انٹرویو کیے اور دو سو سے زائد طلباء و طالبات کو روزگار فراہم کیا۔ یہ ہنر روزگار میلہ دن بھر جاری رہا۔ میلہ کے آخر میں اختتامی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک اور نعت رسول صلی اللہ علیہ والہ وسلم سے کیا گیا ۔ اس کے بعد پرنسپل ادارہ ہذا خادم حسنین اصغر نے استقبالیہ کلمات پیش کیے اور تقریب کے بارے میں شرکاکو اگاہ کرنے کے ساتھ ساتھ اُنہیں خوش آمدید کہا ۔ اس کے بعد ایریا منیجر فیصل آبادناصر عباس مہار نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئےکہا کہ چئیرمین پنجاب ووکیشنل ٹریننگ کونسل شاہ نواز بدر کی ہدایات پر پنجاب کے تمام اضلاع میں ہنر روزگار میلہ کا انعقاد کیاجارہا ہے جس کا مقصد پاس آوَٹ ہنرمند بے روزگار افراد کو روزگار کے مواقع فراہم کرنا ہے۔
سلمان بن زاہد ریجنل منیجر سنٹرل پنجاب لاہورآپ کے چہروں پر مسکراہٹ اس بات کی نشاندہی ہے کہ آپ کو اپنا روشن مستقبل نظر آرہا ہے۔اس میلے کے ذریعے ہم انڈسٹری اور ہمنر مند فرد کو ایک چھت کے نیچے لے آئے ہیں تاکہ صنعت کار اپنے لیے بہترین ہنر مند افراد کا انتخاب کر سکیں اور صنعت کاروں کو پتہ چلے کہ ہم وی ٹی آ ئی میں کس حدتک ہنر سکھارہے ہیں ۔ تاکہ جب آپ کو مستقبل میں ہنر مند افراد کی ضرورت ہو تو آپ پرنسپل سے رابطہ کر کے متعلقہ ہنر مند افراد کو ملازمت پر رکھ سکیں۔
انہوں نے بچوں کو نصحیت کی کہ اپنے سیکھے ہوئے ہنر میں خود کو ماہر بنائیں اور جدیدٹیکنالوجی کو سیکھیں تاکہ آپ کو کسی موقع پر شرمندگی نہ اُٹھانا پڑے ۔ آپ کے اندر اعتماد ہو گا تو آپ کبھی بھی مار نہیں کھائیں گے۔ میں آپ کو ایک مثال دیتا ہوں کہ ہمارے وی ٹی آئی سے ایک مڈل پاس موٹر سائیکل مکینک کا کورس پاس کرکے جہاں کام کر رہا ہے وہاں اُ سکے ماتحت گریجوایٹ انجینئر کام کر رہے ہیں اور اُسکے پاس لاہور میں ذاتی گھر اور گاڑی ہے اور اُسکے بچے انگلش میڈیم سکول میں پڑھ رہے ہیں۔
انہوںنے مزید کہاکہ اپنے والدین کا احترام کریں جنہوں نے آپ کے لیے بہت قربانیاں دیں ہوں گی اور یہاں تک پہنچایا ۔ آخر میں دُعا ہے کہ آپ سب بچوں کو نوکریاں ملیں اور اچھی انڈسٹری آپ کو ملازمت دے۔
صدر جھنگ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری حاجی محمد ندیم ککے زئی نے کہا کہ یہ ہنر روزگارمیلہ نوجوانوں کو ایک پلیٹ فارم مہیا کرے گا گویا وی ٹی آئی نہ صرف نوجوانوں کو روز گار مہیا کرے گابلکہ بہتر مستقبل کا ضامن ہوگا۔ ہنر مند افراد کسی بھی انڈسٹر ی کے لیے بہت ضروری ہوتی ہےاور میں یہ فخر محسوس کرتا ہوں کہ پچھلے سال جھنگ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے وی ٹی آئی جھنگ کے ساتھ MOUسائن کیا ہے تاکہ بچوں کو بہتر روزگار کے مواقع ملیں ۔
محمد عمرخان صدر ڈسٹرکٹ بورڈ آف منیجمنٹ ڈسٹرکٹ جھنگ نے اپنے خیالات کا اظہار کرے ہوئے کہا کہ ، میں اس ادارے سے 2003 سے منسلک ہوں جب مجھے رضاکارانہ طور پراس کے بورڈ آف مینجمنٹ کا صدر بنایا گیا جس کے لیے میں پنجاب ووکیشنل ٹریننگ کونسل کا مشکور ہوں ۔
انہوںنے کہا کہ ہمارے ضلع جھنگ کے اداروں سے 18000 سے زائد طلباوطالبات فارغ التحصیل ہوچُکے ہیں اور اپنا باعزت روزگار کما رہے ہیں ۔میں یہ سمجھتا ہوں کہ میں نے زندگی میں اگر کو ئی اچھا کام کیا ہے تو وہ یہ ہے کہ میں نے اس ادارے کو وقت دیا ہے۔اس کا نتیجہ یہ ہے کہ آج پورے پنجاب میں وی ٹی آئی جھنگ کا ایک نمایا ں مقام ہے ۔
یہ بھی یاد رہے کہ یہ ادارہ دو عالمی گولڈ میڈل حاصل کرنے والا واحد ادارہ ہے ۔یہ کامیابی دراصل ایک ٹرائیکا ہے۔ جس میں ایک کونے پر پنجاب ووکیشنل ٹریننگ کونسل ، دوسرے کونے پر ڈسٹرکٹ بورڈ آف مینجمنٹ اور تیسرے کونے پر انڈسٹری ہے ۔جہاں بورڈ کو ہر طرح کے اختیار دیےگئے ہیں۔ جن میں بجٹنگ ،پرچیزنگ اورریکروٹمنٹ شامل ہے ۔
اگر آپ کسی بھی ادارے میں ترقی چاہتے ہیں تو اس کے لیے اختیارات کا ہونا لازمی ہے۔ جوکہ اس ادارے میں موجود ہیں ۔اس ٹیم کے اہم ممبران ہمارے تحصیل کے ایگزیکٹو ممبران اور وی ٹی آئی کے پرنسپل حضرات ہیں جنکےساتھ گزشتہ 18 سال سے کام کرتے ہوئے ہم نے مل کر ٹیم ورک کیا ہے تاکہ ہمارے بھائی ،بٹیاں ہنر سے آراستہ ہوں ۔اور آگے جا کر معاشرے میں اپنا باعزت روزگار حاصل کرسکیں۔اور آج ہم جس مقام پر کھڑے ہیں یہ ایک ٹیم ورک کا نتیجہ ہے ۔ آج بھی الحمداللہ 200 بچوں کو اسٹالز کے ذریعے روزگار ملاہے۔ اس کاتمام کریڈٹ شب روز محنت کرنے والے ہنر مند انسٹرکٹرز ، لیب اسسٹنٹ ،اور پرنسپلز کو جاتا ہے ۔
آخر میں ایگزیکٹوممبرانجینئر محمد سیف اللہ چوہدری سینئر وائس پریذڈنٹ شکر گنج ملز نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وی ٹی آئی جھنگ چھوٹے چھوٹے کورسز کے ذریعے بچوں کو ہنر مند بناتا ہے ۔ بالکل یہی ماڈل میں گذشتہ دنوں میں جرمنی میں بھی دیکھ آیا ہوں ۔ جہاں ٹیکنیکل کورسز کو اہمیت دی جاتی ہے۔
انہوںنے مزید کہاکہ وزیر اعظم کے ہنرمند نوجوان پروگرام کا بھی انہی ٹیکنکل کورسز پر فوکس ہے۔ تاکہ نوجوان کورس مکمل کرنے کے بعد روزگار فوری طور پر حاصل کرسکیں۔آخر میں انہوں نے تمام مہمانوں صنعت کاروں اورمعززین کا شکریہ ادا کیا ۔ جنہوں نے اس روز گار میلے کو کامیاب بنایا۔ تمام پرنسپلز ، سٹاف ممبران اور طلباَ وطالبات مبارکباد کے مستحق ہیں ۔ جن کی شب روز محنت نے اس میلے کو کامیابی سے ہمکنارکیا۔
٭۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
نوٹ: قلب نیوز ڈاٹ کام ۔۔۔۔۔ کا کسی بھی خبر اورآراء سے متفق ہونا ضروری نہیں. اگر آپ بھی قلب نیوز ڈاٹ کام پر اپنا کالم، بلاگ، مضمون یا کوئی خبر شائع کر نا چاہتے ہیں تو ہمارے آفیشیل ای میل qualbnews@gmail.com پر براہ راست ای میل کر سکتے ہیں۔ انتظامیہ قلب نیوز ڈاٹ کام