چنیوٹ . ڈپٹی کمشنر سید محمد مسعود نعمان نے کہا ہے کہ عیدمیلادالنبیؐ کا تقاضا ہے کہ ہم اتباع سنتؐ پر صدق دل سے عمل پیراہوں کیونکہ اسوہ حسنہ کی پیروی سے ہی ہماری دنیاوی واخروی زندگی سنور سکتی ہے.
انہوں نے مزید کہا کہ ضلع میں شان رحمت اللعالمین صلی اللہ علیہ والہ وسلم کی تقریبات کا آغاز ہو گیا ہے جو 12 ربیع الاول تک جاری رہیں گی جن میں کالجز،سکولز،ہسپتالوں سمیت محکموں واداروں میں روزانہ کی بنیاد پر محافل میلاد،قرات ونعت خوانی،سیرت النبیؐ کانفرنسز،نعتیہ مشاعرہ شان رسالتؐ پر گفتگو سمیت متعدد ایونٹس منعقد کرکے نبی کریم صلی اللہ علیہ والہ وسلم کی شان اقدس میں گلہائے عقیدت پیش کیا جائے گا۔
ڈپٹی کمشنر سید محمد مسعود نعمان نے بتایا کہ رحمت اللعالمین صلی اللہ علیہ والہ وسلم تقریبات کا آغازضلعی لیول کے حسن قرات اور نعت خوانی کے مقابلہ جات سے ہوا۔انہوں نے دیگر ایونٹس کی تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے سوموار سے ضلعی سطح پر نعت خوانی اور تقریری مقابلہ بھی منعقد ہوگا۔
انہوں نے بتایا کہ سیرت النبیؐ کانفرنس بھی منعقد کروائی جائے گی جبکہ بارہ ربیع الاول تک روزانہ ایک پروگرام منعقد ہوگا۔ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ قرآنی خطاطی کی نمائش،نعتیہ مشاعرہ،سرکاری ہسپتالوں میں محافل میلاد،تعلیمی اداروں میں شان رسالت صلی اللہ علیہ والہ وسلم بھی تقریبات کا حصہ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ضلع بھر میں رحمت اللعالمین صلی اللہ علیہ والہ وسلم تقریبات بھرپور جوش وجذبے سے منائی جائیں گی اس ضمن میں تمام متعلقہ محکموں کو ہدایات بھی جاری کردی گئی ہیں۔
ڈپٹی کمشنر نے مزید کہا کہ سیرت مبارکہ سے ہمیں احترام انسانیت،صبروتحمل اور امن ومحبت کا درس ملتا ہے ایسے جذبات کو فروغ دیکر ہی ہم اپنے مسائل پر قابو پاسکتے ہیں اور ایک فعال فلاحی معاشرہ تشکیل پاسکتا ہے لہذاعیدمیلادالنبیؐ کی تقریبات مناتے وقت ہمیں قرآن وسنت کی پیروی کاپختہ عزم کرنا چاہیے جو کہ حب رسولؐ کا اہم ترین تقاضا ہے۔
٭۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
نوٹ: قلب نیوز ڈاٹ کام ۔۔۔۔۔ کا کسی بھی خبر اورآراء سے متفق ہونا ضروری نہیں. اگر آپ بھی قلب نیوز ڈاٹ کام پر اپنا کالم، بلاگ، مضمون یا کوئی خبر شائع کر نا چاہتے ہیں تو ہمارے آفیشیل ای میل qualbnews@gmail.com پر براہ راست ای میل کر سکتے ہیں۔ انتظامیہ قلب نیوز ڈاٹ کام