صفحہ اول / شہر شہر / حکومت فارمل ونان فارمل ایجوکیشن کے منصوبوں پرعمل پیرا ہے،عمران جعفر

حکومت فارمل ونان فارمل ایجوکیشن کے منصوبوں پرعمل پیرا ہے،عمران جعفر

جھنگ . محکمہ خواندگی و غیر رسمی بنیادی تعلیم ضلع جھنگ کے زیر انتظام تقریب کا انعقا د جناح ہال تحصیل کونسل جھنگ میں ہوا۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر محمد عمران جعفر نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی جبکہ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر (لٹریسی) مہر رب نواز سپرا ، چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی چوہدری نسیم احمد زاہد، چیف آفیسر مہر سلطان سکندر بھروانہ ،این سی ایچ ڈی سے احسان اللہ کمبوہ سمیت لٹریسی ٹیچرز،طلباءو طالبات ، والدین ، سماجی شخصیات بھی اس موقع پر موجود تھیں۔

سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر محمد عمران جعفر نے محکمہ خواندگی کی اہمیت کو اُجاگر کیا اور کہا کہ عالمی یوم خواندگی منانے کا مقصد علم کے حصول کے بارے میں معاشرتی احساس اجاگر کرنا ہے۔اس مقصد کے لئے حکومت فارمل اورنان فارمل ایجوکیشن کے منصوبوں پر عمل پیرا ہے تاہم محکمہ تعلیم کے تمام انتظامی وتدریسی امور میں بہترین نظم ونسق کو یقینی بنایا جائے۔

حکومت پنجاب جہالت کے اندھیروں کو دور اور قوم کے نونہالوں کو تعلیم کی وسیع سہولیات فراہم کرنے کیلئے انقلابی پالیسیوں پر عمل پیرا ہے تاہم ناخواندگی کے خلاف جہاد میں معاشرے کے ہر فرد کو شامل ہوجانا چاہیے اور جو والدین بعض معاشی مجبوریوں کی وجہ سے بچوں کو سکولوں میں داخل کرانے سے گریزاں ہیں ان کی مدد کرکے تعلیم کی جانب راغب کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ اسلامی تعلیمات کی روشنی میں علم حاصل کرنا فرض کی حیثیت رکھتا ہے کیونکہ شعور وآگہی اورترقی وخوشحالی تعلیم کے بغیر ممکن نہیں لہذا معاشرتی رویوں اور سوچ کا رخ علم کی قدروقیمت کی جانب کرتے ہوئے تعلیم یافتہ قوم پروان چڑھائی جائے۔

ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر (لٹریسی) مہر رب نواز سپرا ، نے عالمی یوم خواندگی کے موقع پر کہا ہے کہ پاکستان سمیت دنیا بھر میں 8 ستمبر کو عالمی یوم خواندگی منایا جاتا ہے۔ ضلع جھنگ میں کل 360 نان فارمل سکولز میں 11125 طلبہ و طالبات زیرتعلیم ہیں۔وزیر اعلی ٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کے ویژن کے مطابق اور وزیر لٹریسی راجہ راشد حفیظ کی خصوصی کاوش سے محکمہ خواندگی و غیررسمی بنیادی تعلیم میں مختلف پراجیکٹس پر کام جاری ہے جن کی وجہ سے محکمہ ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔

اس موقع پر سی ای او ایجوکیشن چوہدری نسیم احمد زاہد نے خواندگی کی اہمیت کو اجاگر کیا اور بتایا کہ کوئی بھی معاشرہ تعلیم کے بغیر ترقی نہیں کرسکتا۔ اقوام عالم میں جن ممالک نے ترقی کی ہے وہاں خواندگی کی شرح بہت زیادہ ہے۔ موجودہ حکومت نے بھی خواندگی کی شرح بڑھانے کےلئے خاطر خواہ اقدامات کئے ہیں جوکہ قابل تحسین ہیں۔

مہر سلطان سکندر بھروانہ نے بھی سردار عثمان بزدار کے ویژن کے مطابق لٹریسی ڈیپارٹمنٹ کے زیر انتظام چلنے والے نان فارمل سکولز کی کارکردگی کو سراہا۔بعد ازاں فرینڈز آف لٹریسی کو سرٹیفیکیٹس تقسیم کئے گئے۔ بہترین کارکردگی والی لٹریسی ٹیچرز، ڈرائنگ پوزیشن ہولڈرز اور PEC پوزیشن ہولڈرز بچوں میں ایوارڈ، شیلڈز اور اسناد تقسیم کی گئیں۔۔اس موقع پر لٹریسی ڈیپارٹمنٹ جھنگ کا تمام سٹاف بھی موجود تھا۔

٭۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
نوٹ: قلب نیوز ڈاٹ کام ۔۔۔۔۔ کا کسی بھی خبر اورآراء سے متفق ہونا ضروری نہیں. اگر آپ بھی قلب نیوز ڈاٹ کام پر اپنا کالم، بلاگ، مضمون یا کوئی خبر شائع کر نا چاہتے ہیں تو ہمارے آفیشیل ای میل qualbnews@gmail.com پر براہ راست ای میل کر سکتے ہیں۔ انتظامیہ قلب نیوز ڈاٹ کام

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے