اسلام آباد ۔ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیر اعظم عمران خا ن القادر ٹرسٹ کیس میں گرفتار کیا ہے۔ انہیں رینجرز نے اسلام آباد ہائیکورٹ کے احاطے سے گرفتار کیا ہے۔
سابق وزیراعظم کو اس وقت گرفتار کیا گیا جب مختلف مقدمات کے سلسلے میں لاہور سے اسلام آباد ہائیکورٹ آئے تھے۔ ان کی گرفتاری کے موقع پر اسلام آباد ہائیکورٹ میں پولیس اور وکلا میں تصادم بھی ہوا ہے۔ پولیس تشدد سے زخمی گارڈز اور وکلا کو ابتدائی طبی امداد دی جا رہی ہے۔
عمران خان کو گرفتاری کے بعد اسلام ہائیکورٹ سے لے جایا گیا ہے۔فواد چوہدری کے مطابق وکلا کو تشدد کا نشانہ بنایا جا رہا ہے جب کہ فرخ حبیب نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان کو اسلام آباد ہائیکورٹ میں داخل ہوتے ہی گرفتار کرلیا گیا ہے۔
عمران خان کی گرفتاری کے بعد پی ٹی آئی رہنماﺅں نے ملک بھر کے عوام سے گھروں سے باہر نکلنے کی اپیل کردی ہے دوسری جانب اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس نے ان کی گرفتاری پر برہمی کا اظہار کیا ہے۔عمران خان کی گرفتاری کے بعد ہائیکورٹ کے احاطہ میں وکلا اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے مابین ہاتھا پائی ہوئی جس میں جی بی کے اہلکار بھی زخمی ہوئے ۔
اس حوالے سے آئی جی اسلام آباد کا کہنا ہے کہ عمران خان کو القادر ٹرسٹ کیس میں گرفتار کیا گیا ہے، حالات معمول کے مطابق ہیں، اسلام آباد میں دفعہ 144 نافذ العمل ہے خلاف ورزی کی صورت میں کارروائی ہوگی۔
چیئرمین پی ٹی آئی دو مقدمات میں ضمانت کیلئے عدالت آ رہے تھے، عمران خان ابھی کمرہ عدالت تک نہیں پہنچے تھے کہ رینجرز اہلکاروں نے انہیں گرفتار کر لیا،۔
ذرائع کے مطابق قومی احتساب بیورو (نیب) نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو القادر ٹرسٹ کیس میں گرفتار کیا ہے، نیب حکام کے پاس عمران خان کی گرفتاری کے وارنٹ یکم مئی سے موجود تھے۔ سابق وزیراعظم کو نیب راولپنڈی کے دفتر منتقل کیا جا رہا ہے۔
٭۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
نوٹ: قلب نیوز ڈاٹ کام ۔۔۔۔۔ کا کسی بھی خبر اورآراء سے متفق ہونا ضروری نہیں. اگر آپ بھی قلب نیوز ڈاٹ کام پر اپنا کالم، بلاگ، مضمون یا کوئی خبر شائع کر نا چاہتے ہیں تو ہمارے آفیشیل ای میل qualbnews@gmail.com پر براہ راست ای میل کر سکتے ہیں۔ انتظامیہ قلب نیوز ڈاٹ کام