صفحہ اول / دنیا / امریکا کاافغانستان کی عبوری حکومت پرتشویش کا اظہار

امریکا کاافغانستان کی عبوری حکومت پرتشویش کا اظہار

نیویارک . افغانستان میں طالبان کی جانب سے اعلان کردہ عبوری حکومت پر امریکا نے تشویش کا اظہار کر دیا ہے، صدر جو بائیڈن کہتے ہیں کہ انہیں یقین ہے چین، طالبان کے ساتھ کام کرنے کے لیے انتظامات کی کوشش کرے گا۔

امریکی صدر جو بائیڈن نے کہا ہے کہ چین کو طالبان سے بڑا مسئلہ درپیش ہے تو وہ طالبان کے ساتھ کام کرنے کے لیے انتظامات کریں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یقین ہے ایسا پاکستان، روس اور ایران بھی کریں گے۔ یہ سب سمجھنے کی کوشش کر رہے ہیں کہ اب انھیں کیا کرنا ہے۔

صدر جوبائیڈن نے کہا کہ امریکا اور اتحادیوں نے مل کر طالبان سے متعلق حکمت عملی بنانے پر اتفاق کیا ہے اور فی الحال ان کی حکومت کو تسلیم نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

فرانسیسی خبر رساں ایجنسی (اے ایف پی) کے مطابق امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ امریکا طالبان سے ایک بار پھر مطالبہ کرتا ہے کہ وہ امریکی شہریوں اور ملک چھوڑنے کے خواہاں افغان شہریوں کو محفوظ راستہ فراہم کریں۔

امریکی دفترخارجہ کا کہنا ہے کہ افغانستان میں تشکیل دی گئی عبوری حکومت میں شامل ناموں پر تشویش ہے، نئی حکومت میں شامل افراد طالبان رکن یا ان کے قریبی ساتھی ہیں، عبوری حکومت میں کسی خاتون کو بھی شامل نہیں کیا گیا۔

امریکی دفترخارجہ کا مزید کہنا تھا کہ طالبان کی طرف سے بتایا گیا ہے کہ یہ عبوری حکومت ہے، وہ طالبان کے الفاظ نہیں، ان کےاقدامات دیکھیں گے،ترجمان نے کہا کہ امریکا کو امید ہے طالبان یہ یقینی بنائیں گے کہ ان کی سرزمین دوسرے ممالک کے خلاف استعمال نہ کی جائے۔

خیال رہے کہ گذشتہ روز طالبان نے اپنی عبوری کابینہ کا اعلان کیا ہے جس میں ملا محمد حسن اخوند کو عبوری وزیراعظم مقرر کیا گیا ہے جو اقوام متحدہ کی پابندیوں کی فہرست میں شامل ہیں اور 1996 سے 2001 تک طالبان کے سابق دور میں بھی اہم عہدوں پر فائز رہےہیں۔

اس کے علاوہ طالبان کے شریک بانی ملا عبدالغنی برادر کو نائب وزیراعظم مقرر کیا گیا ہے جبکہ سراج الدین حقانی کو وزیر داخلہ مقرر کیا گیا ہے جن کی گرفتاری پر امریکا نے لاکھوں ڈالرز انعام کا اعلان کررکھا ہے۔

٭۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
نوٹ: قلب نیوز ڈاٹ کام ۔۔۔۔۔ کا کسی بھی خبر اورآراء سے متفق ہونا ضروری نہیں. اگر آپ بھی قلب نیوز ڈاٹ کام پر اپنا کالم، بلاگ، مضمون یا کوئی خبر شائع کر نا چاہتے ہیں تو ہمارے آفیشیل ای میل qualbnews@gmail.com پر براہ راست ای میل کر سکتے ہیں۔ انتظامیہ قلب نیوز ڈاٹ کام

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے