صفحہ اول / پاکستان / اپوزیشن نے وزیراعظم کیخلاف تحریک عدم اعتماد جمع کرا دی

اپوزیشن نے وزیراعظم کیخلاف تحریک عدم اعتماد جمع کرا دی

اسلام آباد. اپوزیشن نے اسمبلی سیکرٹریٹ میں قومی اسمبلی اجلاس بلانے کے لئے ریکوزیشن اور وزیراعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد جمع کرا دی۔

اپوزیشن نے تحریک عدم اعتماد اسمبلی سیکرٹریٹ میں جمع کرائی۔ تحریک عدم اعتماد وزیراعظم کے خلاف جمع کرائی گئی۔ تحریک عدم اعتماد پر 86 ارکان کے دستخط ہیں۔اپوزیشن کے کل ممبران کی تعداد 162ارکان جب کہ اپوزیشن کا دعویٰ ہے کہ حکومت کے24ارکان رابطے میں ہیں اور انہیں ان کی حمایت حاصل ہے .

دوسری جانب مسلم لیگ ن کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہوا، جس میں تحریک عدم اعتماد کی قرارداد تیار کر لی گئی۔ ذرائع کے مطابق پارلیمانی پارٹی نے تحریک عدم اعتماد کی قرارداد پر دستخط کر دیئے۔ شاہد خاقان عباسی نے اجلاس میں ارکان کو اسلام آباد میں رہنے کی ہدایت کر دی۔ انہوں نے کہا کہ تحریک عدم اعتماد آنے والی ہے، قومی اسمبلی اجلاس کی ریکیوزیشن جمع کرائی جائے گی، تمام ممبران اسلام آباد میں رہیں، کسی بھی وقت قومی اسمبلی اجلاس ہوسکتا ہے۔

وزیر اعظم کے خلاف تحریک عدم اعتماد جمع کرانے کے لیے مسلم لیگ (ن) کے رہنما سردار ایاز صادق، خواجہ سعد رفیق، مریم اورنگزیب اور رانا ثنااللہ جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی کے سید نوید قمر، شازیہ مری اور دیگر اپوزیشن رہنما اسپیکر قومی اسمبلی کے چیمبر میں پہنچے تھے۔

جس وقت اپوزیشن رہنما تحریک عدم اعتماد جمع کرانے پہنچے تھے اس وقت اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیسر اپنے چیمبر میں موجود نہیں تھے اور ذرائع کے مطابق اسد قیصر اس وقت چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کے چیمبر میں موجود تھے۔

مسلم لیگ (ن) کی رہنما مریم اورنگزیب کے مطابق اسپیکر کی غیر موجودگی کی وجہ سے اپوزیشن رہنما قومی اسمبلی سیکریٹریٹ پہنچے اور وزیر اعظم کے خلاف تحریک عدم اعتماد جمع کرائی۔
تحریر جاری ہے‎

دوسری جانب پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزبِ اختلاف شہباز شریف، پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن اور سابق صدر آصف علی زرداری آج اہم مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کریں گے۔

مریم اورنگزیب نے بتایا تھا کہ شہباز شریف، مولانا فضل الرحمٰن اور سابق صدر آصف علی زرداری آج 3 بج کر 30 منٹ پر اہم مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کریں گے۔

بعد ازاں، اپوزیشن کے رہنماؤں کی اہم مشترکہ پریس کانفرنس کا وقت تبدیل کردیا گیاہے، اپوزیشن رہنما اب 4 بج کر 30 منٹ پر اہم پریس کانفرس کریں گے، تاہم مشترکہ پریس کانفرنس کا وقت تبدیل کرنے کی وجہ نہیں بتائی نہیں گئی۔

واضح رہے کہ اس وقت قومی اسمبلی میں تحریک عدم اعتماد کی کامیابی کے لیے اس کی حمایت میں 172 ووٹ درکار ہیں۔

قومی اسمبلی کی ویب سائٹ کے مطابق پی ٹی آئی کو اپنے اتحادیوں سمیت 178 اراکین کی حمایت حاصل ہے، جن میں پی ٹی آئی کے 155 ارکان، ایم کیو ایم کے 7، بی اے پی کے 5، مسلم لیگ (ق) کے 5 ارکان، جی ڈی اے کے 3 اور عوامی مسلم لیگ کا ایک رکن شامل ہے۔

دوسری جانب حزب اختلاف کے کل ارکان کی تعداد 162 ہے، ان میں مسلم لیگ (ن) کے 84، پاکستان پیپلز پارٹی کے 57 ، متحدہ مجلس عمل کے 15، بلوچستان نیشنل پارٹی کے 4 جبکہ عوامی نیشنل پارٹی کا ایک رکن شامل ہے۔ اس کے علاوہ دو آزاد اراکین بھی اس اتحاد کا حصہ ہیں۔

٭۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
نوٹ: قلب نیوز ڈاٹ کام ۔۔۔۔۔ کا کسی بھی خبر اورآراء سے متفق ہونا ضروری نہیں. اگر آپ بھی قلب نیوز ڈاٹ کام پر اپنا کالم، بلاگ، مضمون یا کوئی خبر شائع کر نا چاہتے ہیں تو ہمارے آفیشیل ای میل qualbnews@gmail.com پر براہ راست ای میل کر سکتے ہیں۔ انتظامیہ قلب نیوز ڈاٹ کام

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے