اسلام آباد . وزیراعظم نے کہا ہے کہ سانحہ سیالکوٹ نے ہمارا سر شرم سے جھکا دیا ہے، ملزمان کو قرار واقعی سزا یقینی بنائی جائے۔وزیراعظم کی زیر صدارت ملکی امن و امان کی صورتحال پر اجلاس ہوا، جس میں عمران خان کو سیالکوٹ واقعہ سے متعلق رپورٹ پیش کی۔
دوسری جانب سری لنکن ہائی کمشنر نے کہا ہے کہ سیالکوٹ واقعہ افسوسناک ہے، پاکستانی حکومت نے فوری ایکشن لیا، واقعے سے دونوں ممالک کے تعلقات متاثر نہیں ہوں گے، حکومت پاکستان کی اب تک کی کارروائی سے مطمئن ہیں۔
پی ٹی آئی قیادت نے سری لنکن ہائی کمیشن جاکر سیالکوٹ واقعہ پر اظہار تعزیت کیا۔ وفد کی قیادت جنرل ریٹائرڈ خالد نعیم لودھی نے کی۔ وفد نے کہا کہ سری لنکن مینجر کے قتل کا واقعہ انتہائی افسوسناک ہے، دکھ کا اظہار الفاظ میں ممکن نہیں، پوری قوم اس واقعے کی بھرپور مذمت کرتی ہے، پوری پاکستانی قوم سری لنکن منیجر کے قتل پر رنجیدہ ہے۔
پاکستان تحریک انصاف کے وفد نے سری لنکن حکام کو یقین دلایا کہ اس جرم میں شامل ہر ایک شخص کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا اور ذمہ دران کو پاکستانی قانون کے مطابق سخت سے سخت سزا دی جائے گی۔
سری لنکا کے ہائی کمشنر نے کہا کہ ملزمان کے خلاف پاکستان کی فوری کارروائی سے یقین ہے کہ متاثرہ خاندان کو انصاف ملے گا۔ پاکستان کے ساتھ ہمارے تعلقات بہترین رہے ہیں، ان پر کوئی آنچ نہیں آئے گی۔
ادھر سیالکوٹ واقعہ میں جاں بحق ہونے والے سری لنکن شہری پریانتھاکی لاش سری لنکا بھجوا دی گئی۔ لاہور ائیر پورٹ پر مشیر وزیر اعظم طاہر اشرفی اور صوبائی وزیر اقلیتی امور اعجاز عالم نے لاش کو جہاز تک پہنچایا۔ سری لنکن باشندے کی لاش سری لنکن ائیر لائن یو ایل 186 کے ذریعے کولمبو روانہ کی گئی۔
لاہور ائیر پورٹ پر صوبائی وزیر برائے اقلیتی امور اعجاز عالم، سری لنکن سفارت خانے کے نمائندے، فارن آفس کے افسران اور متعلقہ ادارے کے لوگ موجود تھے۔
لاہور ائیرپورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے وزیر اعظم کے مشیر برائے مذہبی امور طاہر اشرفی نے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ذمہ داروں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا، سری لنکن حکومت کو یقین دلاتے ہیں کہ انصاف کیا جائے گا۔
سیالکوٹ میں مشتعل ہجوم کے تشدد سے قتل ہونے والے سری لنکن منیجر پریانتھا کمارا کی میت کی باقیات لاہور ایئرپورٹ سے سری لنکا روانہ کردی گئی۔
میت کو ایمبولینس میں علامہ اقبال ایئرپورٹ لایا گیا جہاں پنجاب کے وزیر اقلیتی امور اعجاز عالم آگسٹین نے اسے وصول کیا مکمل سرکاری اعزاز کے ساتھ سری لنکن ایئرلائنز کے ذریعے روانہ کیا۔
اس موقع پر وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے بین المذاہب ہم آہنگی حافظ محمد طاہر اشرفی، سری لنکا کے اعزازی کونسل جنرل یٰسین جوئیہ، محکمہ داخلہ پنجاب اور سری لنکن ہائی کمیشن کے نمائندے موجود تھے۔
٭۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
نوٹ: قلب نیوز ڈاٹ کام ۔۔۔۔۔ کا کسی بھی خبر اورآراء سے متفق ہونا ضروری نہیں. اگر آپ بھی قلب نیوز ڈاٹ کام پر اپنا کالم، بلاگ، مضمون یا کوئی خبر شائع کر نا چاہتے ہیں تو ہمارے آفیشیل ای میل qualbnews@gmail.com پر براہ راست ای میل کر سکتے ہیں۔ انتظامیہ قلب نیوز ڈاٹ کام