کابل . ترجمان طالبان ذبیح اللّٰہ مجاہد کا کہنا ہے کہ چین بڑی اقتصادی قوت ہے، افغانستان کیلئےبہت اہم ہے، افغانستان کی تعمیر نو،ترقی کیلئے چین کے تعاون کی ضرورت ہے۔
طالبان ترجمان ذبیح اللّٰہ مجاہد نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ دشمن کے آخری ٹھکانے پر قبضہ کرلیا ہے، طالبان کےسپریم لیڈر ہیبت اللّٰہ اخوندزادہ جلد منظر عام پر آئیں گے۔
طالبان نے کابل کے شمال میں وادی پنجشیر پر قبضہ کر نے کا دعویٰ کیا ہے، ترجمان نے دعویٰ کیا ہے کہ کچھ باغی ہلاک اورباقی تمام فرار ہوگئے۔ پنجشیرکےعوام ہمارےبھائی ہیں، انتقامی کارروائی نہیں ہوگی، ہم سب مل کر ملکی ترقی اور خوشحالی کےلئےکام کریں گے۔
اللہ تعالی کے فضل و کرم سے ہمارا کنٹرول اب سارے افغانستان پر ہوچکا ہے، مسائل پیدا کرنے والوں کو شکست ہوچکی ہے اور اب وادی پنجشیر ہماری کمان میں ہے۔
جب کہ دوسری جانب سابق نائب صدر امر اللہ صالح نے جو طالبان کی شدید مخالفت کر رہے ہیں میڈیا کو بتایا کہ ان کے ملک سے فرار ہوجانے کی اطلاع غلط ہے اور وہ افغانستان ہی میں موجود ہیں۔
بین الاقوامی میڈیا ادارے روئیٹرز نے بھی پنجشیر پر طالبان کے قبضہ کی اطلاع دی ہے، تاہم کہا گیا ہے کہ مکمل صوبے کے کنٹرول کی خبر کی ابھی آزادانہ توثیق نہیں ہوسکی ہے۔
یہ دعویٰ بھی کیا جا رہا ہے کہ پنجشیر پر کنٹرول حاصل کرلینے کے بعد طالبان نے وہاں کئی ٹینک اور دبابے بھی اپنے قبضے میں کرلئے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پنج شیر پر کنٹرول حاصل کرنے کے دوران شہریوں کی ہلاکتیں نہیں ہوئیں، یہاں آج سے انٹرنیٹ، بجلی بحال ہوجائے گی۔
ترجمان نے بتایا کہ کابل ایئرپورٹ سے بین الاقوامی پروازیں جلد شروع کرنے کیلئے کوششیں جاری ہیں،قطر، ترکی اور متحدہ عرب امارات کی کمپنی کی تکنیکی ٹیمیں کابل ایئرپورٹ کے دوبارہ کام شروع کرنے کے لیے کام کر رہی ہیں۔
ذبیح اللّٰہ مجاہد نے کہا کہ لوگوں کو معلوم ہونا چاہیے، حملہ آور کبھی بھی ہمارے ملک کی تعمیر نو نہیں کریں گے، یہ ہمارے لوگوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ خود کریں، افغانستان کی سابق افواج نئی حکومت کیساتھ شامل ہوجائیں۔
انہوں نے کہا کہ تمام ممالک سےاچھے تعلقات چاہتےہیں۔ان کا کہنا تھا کہ امارت اسلامیہ شورش کے بارے میں بہت حساس ہے، شورش شروع کرنے کی کوشش کرنے والوں سے سختی سے نمٹا جائے گا،ہم مزیدشورش کی اجازت نہیں دیں گے۔
٭۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
نوٹ: قلب نیوز ڈاٹ کام ۔۔۔۔۔ کا کسی بھی خبر اورآراء سے متفق ہونا ضروری نہیں. اگر آپ بھی قلب نیوز ڈاٹ کام پر اپنا کالم، بلاگ، مضمون یا کوئی خبر شائع کر نا چاہتے ہیں تو ہمارے آفیشیل ای میل qualbnews@gmail.com پر براہ راست ای میل کر سکتے ہیں۔ انتظامیہ قلب نیوز ڈاٹ کام