راولپنڈی . ضلع کرم کے علاقے پاک افغان سرحد پر افغانستان سے دہشتگردوں کی فائرنگ سے 5 جوان شہید ہوگئے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق دہشتگردوں کی جانب سے کرم کے علاقے پاک افغان سرحد پر فائرنگ کی گئی، فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے لانس نائیک عجب نور، سپاہی ضیاء اللہ، سپاہی ناہید اقبال، سپاہی ساجد علی اور سپاہی سمیر اللہ شہید ہوگئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق افغانستان سے دہشت گردوں نے سرحد پار پاکستانی سکیورٹی اہلکاروں پر کرم ضلع میں فائر کیا، اہلکاروں کی طرف سے فائرنگ کا بھرپور جواب دیا گیا، فائرنگ کے تبادلے میں دہشت گردوں کو بھی سخت جانی نقصان پہنچا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان دہشت گردوں کی طرف سے افغان سرزمین کے استعمال کی شدید مذمت کرتا ہے، توقع ہے کہ عبوری افغان حکومت مستقبل میں پاکستان کے خلاف اس قسم کی سرگرمیوں کی اجازت نہیں دے گی، پاکستان آرمی دہشت گردی کی لعنت کے خلاف ملکی سرحدوں کے دفاع کے لئے پرعزم ہے اور ہمارے بہادر جوانوں کی یہ قربانیاں اس عزم صمیم کا عکاس ہیں۔
وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے پاک افغان سرحد پارسے ضلع کرم میں سکیورٹی فورسز پر حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے دہشت گردوں کی فائرنگ سے جوانوں کی شہادت کی خبر پر دکھ اورافسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ سرحد پار سے دہشت گرد حملے کی بھر پور مذمت کرتے ہیں۔
شیخ رشید احمد نے مزید کہا کہ طالبان حکومت اپنے وعدوں کے مطابق سرحد پار سے دہشت گرد کارروائیاں روکے، سکیورٹی فورسز کے جذبہ قربانی کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں اور سکیورٹی فورسز کی وطن کے لئے قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔
٭۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
نوٹ: قلب نیوز ڈاٹ کام ۔۔۔۔۔ کا کسی بھی خبر اورآراء سے متفق ہونا ضروری نہیں. اگر آپ بھی قلب نیوز ڈاٹ کام پر اپنا کالم، بلاگ، مضمون یا کوئی خبر شائع کر نا چاہتے ہیں تو ہمارے آفیشیل ای میل qualbnews@gmail.com پر براہ راست ای میل کر سکتے ہیں۔ انتظامیہ قلب نیوز ڈاٹ کام