صفحہ اول / کالم و مضامین / عوامی بہبود کے اقدامات۔۔۔ضلعی انتظامیہ پرعزم

عوامی بہبود کے اقدامات۔۔۔ضلعی انتظامیہ پرعزم

تحریر: محمد اویس عابد (ڈائریکٹر انفارمیشن)
حکومت پنجاب کی طرف سے صوبہ کے تمام اضلاع کو عوامی بہبود کے اقدامات پر موثر عملدرآمد کی تاکید کی گئی ہے اس ضمن میں مختلف محکموں سے متعلقہ 19۔انڈیکیٹرز بھی وضع ہیں جنہیں باقاعدگی سے مکمل کرکے شہریوں کو ریلیف فراہم کرنا مقصد ہے۔پنجاب کے چیف سیکرٹری کامران علی افضل نے دراصل یہ انڈیکیٹرز شہریوں کو ریلیف اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے وضع کئے ہیں جن پر عملدرآمد کی وہ خود ہفتہ وارمانیٹرنگ بھی کررہے ہیں۔

ضلع فیصل آباد میں بھی ڈپٹی کمشنر علی شہزاد کی زیر نگرانی عوامی بہبود کے اقدامات پر عملدرآمد کے لئے ضلعی انتظامیہ سرگرم ہے۔واسا،سوئی گیس اور پی ٹی سی ایل کی طرف سے مین ہولز/ڈرینز کا سروے کرکے بغیر کور ہولز کو ترجیحی بنیادوں پر کور کیا جارہا ہے اور گزشتہ دو ہفتہ میں ضلعی انتظامیہ نے متحرک ہوتے ہوئے287 ایسے مین ہولز کو ڈھکن لگواکر شہریوں کو اس لحاظ سے مطمئن کیا کہ خدانخواستہ کسی گلی،محلہ یا شاہراہ پر کوئی ناخوشگوار واقعہ رونما نہ ہو جبکہ ڈپٹی کمشنر کی تحریک پر دکانداروں اور اہل محلہ کو بھی آن بورڈلیا جارہا ہے تاکہ کسی بھی جگہ کھلے مین ہول کی نشاندہی ہو اور اسے پر کیاجائے۔

حکومت پنجاب نے گٹر کے ڈھکن کی چوری اور خرید پر اقدام قتل کا مقدمہ بھی درج کرنے کا حکم دیا ہواہے اور فیصل آباد میں دو ایسے افراد ڈھکن چوری پر زد میں آچکے ہیں جو دوسرے ایسے چوروں کے لئے نصیحت ہیں۔ماضی میں بچوں کے گلیوں میں کھیلنے کے دوران ان کے مین ہولز میں گرنے کے واقعات رونما ہوتے رہے ہیں لیکن یقینا مین ہولز اور ڈرینز کورہونے سے ایسے واقعات کا سدباب ہوگا۔

اسی مہم کے تحت سٹی کونسلز کو ٹارگٹ کرکے انہیں ہولز کور کرنے کے حوالے سے زیرو کیا جارہا ہے اور محض دو ہفتوں میں 21 علاقوں میں سو فیصد مین ہولز مکمل کور ہیں۔ضلعی انتظامیہ کے سوشل میڈیا پیج پر ایک شہری کی طرف سے کھلے مین ہولزکی شکایت پر ڈپٹی کمشنر فوری حرکت میں آئے اور متعلقہ محکمہ کو موقع پر بھجواکر نہ صرف شہری بلکہ اہل محلہ کی دادرسی کرائی گئی جس کے اہلیان محلہ بھی معترف ہیں۔

واساکےساتھ سوئی گیس اور پی ٹی سی ایل کو ان سے متعلقہ مین ہولز فوری کور کرنے کا ٹاسک تفویض اورکارکردگی کا گراف بلندسے بلند کرنے کا اہداف دیا گیااس سلسلے میں زیروٹالرنس ہے۔ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی کی طرف سے مین روڈز پر واقع سرکاری ونجی سکولوں کے بچوں کو محفوظ انداز میں روڈ کراسنگ کے لئے موثر اقدامات بھی انڈیکیٹرز میں سرفہرست ہے اس ضمن میں 130 سے زائد سکولوں کے باہر طالب علموں کو روڈ کراسنگ کے لئے سپیڈ بریکر بنوانے کے ساتھ ٹیچرز اور رضاکاروں کو باالخصوص چھوٹے بچوں کومحفوظ انداز میں روڈ کراس کرانے کئے متحرک کیا جارہا ہے جس کا مقصد بچوں کو حادثات سے بچانا ہے۔

میٹروپولیٹن کارپوریشن اور میونسپل کمیٹیز کی ٹیموں نے متحرک ہوتے ہوئے دو ہفتوں میں 1492 سٹریٹ لائٹس کو مکمل فنکشنل کیا اسی عرصہ کے دوران 20 سٹی کونسلز میں مکمل سٹریٹ لائٹس چالو کرائی گئی ہیں۔شاہرات پر رات کو سفر کرنے والوں کو لائٹس کی ضرورت رہتی ہے جو چوری وحادثات کے ممکنہ خطرات کو بھی ختم کرنے کے ساتھ شہر وشاہرات روشن نظر آتے ہیں۔

شہروں میں واقع پرانے پلوں کا سروے تیز رفتاری سے کرکے تین اہم پل کی مرمت وبحالی کا کام مکمل کیا گیا اسی طرح واسا نے عوامی شکایات کا ازالہ کرتے ہوئے 164بند ڈرینز کی صفائی کراکر انہیں چالو کرایا جس سے سیوریج کا مسئلہ ختم ہوااسی عرصہ کے دوران 300 سے زائد مقامات سے سیور لائینز کی درستگی بھی کرائی گئی۔فیصل آباد ویسٹ مینجمنٹ کمپنی شہرمیں صفائی ستھرائی اور کوڑا کرکٹ کے ڈھیروں کو مناسب انداز میں ٹھکانے لگا کا کام انتہائی ذمہ داری سے انجام دے رہی ہے تاہم انڈیکیٹر میں شامل ہوتے ہی کمپنی کے مستند ویسٹ ورکرز نے گلی، محلوں اور شاہراوں سے 19 ہزار 367ٹن کوڑا کرکٹ کو اٹھا کر ڈمپنگ سائٹس منتقل اور 20سٹی کونسلز کو زیروویسٹ کیا۔

گزشتہ پندرہ روزضلع بھر میں 14پبلک ٹرانسپورٹ سٹینڈز کی بلڈنگز،واش رومزکو رنگ روغن،مسلسل صفائی ستھرائی،ویٹنگ ایریاز میں موجود بینچز کو وائٹ واش کراکر مسافروں کو دلکش ماحول فراہم کیا گیا علاوہ ازیں گرین بیلٹس اور پلے گراونڈز کی حالت زار کو سنوارنے کے لئے متعلقہ محکمے متحرک ہیں اور پہلے سے موجود گرین بیلٹس وسپورٹس گراﺅنڈزکی بحالی کے ساتھ نئی دستیاب جگہوں کا انتخاب کرکے انہیں بھی گرین بیلٹس وپلے گراﺅنڈ کے لئے بروئے کار لانے پر کام جاری ہے۔

گزشتہ دو ہفتہ میں مختلف مقامات سے 21 غیر قانونی بل بورڈز کو اتروایاگیا جبکہ 208 مقامات پر نصب بل بورڈ کی سیفٹی کے اقدامات مکمل کئے گئے۔25مختلف مقامات سے وال چاکنگ کا صفایا،67 واٹر سٹوریج ٹینکس کی صفائی کرائی گئی۔168 بنیادی مراکز صحت،15 رورل ہیلتھ سنٹر اور 7 ہسپتالوں کی چھتوں سمیت اردگرد صفائی ستھرائی کا ٹاسک مکمل کیا گیا۔مساجد میں جمعہ کے خطبات اورسکولوں میں زیرو پیریڈ کے دوران صفائی کی اہمیت کو اجاگر کرنے کے لئے اقدامات تسلسل سے جاری ہیں۔

اسی طرح محکمہ ٹرانسپورٹ نے دھواں دینے والی 219 گاڑیاں بند اور6 لاکھ 19ہزار روپے جرمانہ،473۔اوورلوڈگاڑیوں کو 17لاکھ روپے زائد جرمانہ ہوا۔6۔اربن اور 7 رورل چھوٹے روڈز کا پیچ ورک مکمل کرنے کے علاوہ بجلی کی لٹکتی تاروں اور ٹریفک کی روانی میں حائل 23پولز کی منتقلی کی گئی جبکہ پانچ ٹرانسفارمرز کو کور کیا گیا۔میٹروپولیٹن کارپوریشن اور میونسپل کمیٹیز کی ٹیموں نے مختلف شاہرات،پارکوں اور کھلے میدانوں سے 31 آوارہ کتوں کو زہریلی ادویات کے ذریعے تلف کرکے ٹھکانے لگایا۔آوارہ کتوں کے کاٹنے اور شہری ان سے خوف زدہ نظر آتے ہیں جس کی روک تھام کے لئے مناسب اقدامات ناگزیر تھے۔

ڈپٹی کمشنر نے تمام انڈیکیٹرز پر عملدرآمد اورمحکموں کی کارکردگی کی تسلسل سے رپورٹ بھی لے رہے ہیں جس کا مقصد عوامی بہبود کے اقدامات کو حکومتی وژن کے مطابق یقینی بنانا ہے۔ان کی طرف سے محکموں کو کاغذی کارروائی سے گریز اور کارکردگی رپورٹ تحریری طور پر اپنے دستخط کے ساتھ ڈی سی آفس کو جمع کرانے کا حکم دینے کے ساتھ واضح کیا گیا ہے کہ حکومت پنجاب نے محکموں کی کارکردگی کی جانچ کے لئے تھرڈ پارٹی ویلیڈیشن کرانے کا فیصلہ بھی کررکھا ہے لہذاحقائق پر مبنی کارکردگی ہی پیش کی جائے۔

فیصل آباد کے ڈپٹی کمشنر عوامی بہبود کے اقدامات کے 19۔انڈیکیٹرز پر روزانہ کی بنیاد پر عملدرآمد کرانے کے لئے انتہائی سنجیدہ اور پرعزم ہیں یقینا ایسے ہی ایڈمنسٹریٹر کی بدولت محکموں کی ذمہ دارانہ ورکنگ سے عوام کو ریلیف ملتا ہے اور گزشتہ 15 روز میں فیصل آباد کی شاہرات پر لائٹس روشن،مین ہولز/ڈرینز کور،چھوٹے روڈز کی حالت زار بہتر،سکولوں کے باہر سپیڈ بریکرز قائم،سیوریج مسائل حل،کوڑا کرکٹ کی صفائی، پبلک ٹرانسپورٹس میں دلکش ماحول،گرین بیلٹس خوشنما،ہسپتالوں میں صفائی کا اعلی معیار ودیگر اقدامات واضح نظر آرہے ہیں جس کا کریڈٹ بلاشبہ شہر کے سالار ڈپٹی کمشنر علی شہزاد کو جاتا ہے جو عوامی بہبود کے ایسے اقدامات کو تسلسل سے جاری رکھنے کا عزم کئے ہوئے ہیں۔

٭۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
نوٹ: قلب نیوز ڈاٹ کام ۔۔۔۔۔ کا کسی بھی خبر اورآراء سے متفق ہونا ضروری نہیں. اگر آپ بھی قلب نیوز ڈاٹ کام پر اپنا کالم، بلاگ، مضمون یا کوئی خبر شائع کر نا چاہتے ہیں تو ہمارے آفیشیل ای میل qualbnews@gmail.com پر براہ راست ای میل کر سکتے ہیں۔ انتظامیہ قلب نیوز ڈاٹ کام

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے