صفحہ اول / پاکستان / 5فروری،یوم یکجہتی کشمیرملک بھر میں کل بھرپورطریقے سےمنایاجائےگا

5فروری،یوم یکجہتی کشمیرملک بھر میں کل بھرپورطریقے سےمنایاجائےگا

اسلام آباد ۔ اسلام آباد سمیت ملک بھر کے تمام شہروں میں 5فروری بروز ہفتہ کو یوم یکجہتی کشمیر بھر پور طریقے سے منایا جائیگا اورملک کے تمام ڈویژن کی طرح فیصل ڈویژن کے چاروں اضلاع فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ،چنیوٹ سمیت تمام صوبائی، ڈویژنل، ضلعی، تحصیل، سٹی ہیڈ کوارٹرز پر ریلیاں منعقد کی جائیں گی جن کا مقصد عالم اقوام کی توجہ مسئلہ کشمیر کے حل اور کشمیریوں کو حق خود ارادیت کی فراہمی کی جانب مبذول کرانا ہے۔

اس موقع پر مختلف سیاسی، دینی، مذہبی جماعتوں کے زیر اہتمام خصوصی سیمینارز، کانفرنسز، مباحثوں، مذاکروں، جلسے، جلوسوں کا انعقاد کیا جائے گا جس میں تمام مکاتب فکر کی شخصیات بڑ ی تعداد میں شرکت کریں گی۔فیصل آباد سمیت دیگر شہروں کی مختلف مذہبی، سیاسی، سماجی اور کاروباری تنظیموں نے کشمیر ی بھائیوں سے اظہار یکجہتی کیلئے مختلف پروگرامز ترتیب دیئے ہیں جن کے ذریعے عالمی طاقتوں اور رائے عامہ کی توجہ مسئلہ کشمیر کے حل کی طرف دلائی جائے گی۔

یوم یکجہتی کشمیر بھر پور جوش و خروش اور قومی جذبے سے منانے سمیت تمام بڑے و چھوٹے شہروں میں آج سیاسی، دینی، مذہبی، عوامی، سماجی تنظیموں کے زیر اہتمام عظیم الشان ریلیاں منعقد کی جائیں گی اور انسانی ہاتھوں کی زنجیریں بھی بنائی جائیں گی۔

ہفتہ کی صبح کا آغاز نماز فجر کے وقت کشمیر کی آزادی، پاکستان کے استحکام، ملکی سلامتی، دہشت گردی کے خاتمہ،عالم اسلام کی سربلندی، کشمیری و پاکستانی عوام کی خوشحالی، مستقل بنیادوں پر امن کے قیام،ا خوت و یگانگت اور بھائی چارے کی فضا کے فروغ،اتحاد بین المسلمین،قدرتی آفات ،ناگہانی سانحات سے بچاؤ کی خصوصی دعاؤں سے کیا جائے گا۔

صبح 10بجے اسلام آباد سمیت ملک کے تمام شہروں میں سائرن بجائے جائیں گے اور شہدائے کشمیر کو خراج عقیدت پیش کرنے سمیت ان کے ورثا سے اظہار یکجہتی کیلئے ایک منٹ کی مکمل خاموشی اختیار کی جائے گی۔ یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر تمام شہروں میں خصوصی سیمینارز، کانفرنسز، جلسوں، مباحثوں، مذاکروں کا بھی انعقاد کیا جائے گا جس سے حریت کانفرنس سمیت دیگرسیاسی، دینی، مذہبی جماعتوں کے مرکزی رہنما خطاب کریں گے۔

اس موقع پر کشمیری جماعتیں بڑے شہروں میں کیمپ بھی لگائیں گی۔ یہاں یہ امر بھی قابل ذکر ہے کہ یوم یکجہتی کشمیر کے سلسلہ میں فیصل آباد سمیت تمام بڑے شہروں میں بڑی تعداد میں مطالباتی بینرز بھی آویزاں کئے گئے ہیں جن پر کشمیر کی آزادی تک جنگ رہے گی جنگ رہے گی، کشمیر بنے گا پاکستان سمیت مختلف نعرے درج ہیں۔

حریت کانفرنس کے ترجمان نے کہا کہ کشمیر کسی بھی طرح بھارت کا اٹوٹ انگ نہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر بھارت 8 لاکھ کی بجائے 80 لاکھ فوجی بھی مقبوضہ کشمیر میں تعینات کر دے تب بھی وہ کشمیریوں کو آزادی کی جدو جہد سے نہیں روک سکتا۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام ہر قسم کے جبر و استبداد کے باوجود بھی آزادی کی جدو جہد جاری رکھیں گے۔

انہوں نے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے جسے کاٹنے کی کوئی کوشش کامیاب نہیں ہو سکتی۔ انہوں نے کہا کہ آج بھارت کی بڑھتی ہوئی جارحیت کے خلاف زبر دست آواز بلند کی جائیگی۔انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر تقسیم ہند کا نا مکمل ایجنڈا ہے جس کی تکمیل ہر کشمیری و پاکستانی کا قومی فریضہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ انشااللہ بہت جلد کشمیر بنے گا پاکستان کا نعرہ اپنی عملی شکل اختیار کر کے رہے گا۔

٭۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
نوٹ: قلب نیوز ڈاٹ کام ۔۔۔۔۔ کا کسی بھی خبر اورآراء سے متفق ہونا ضروری نہیں. اگر آپ بھی قلب نیوز ڈاٹ کام پر اپنا کالم، بلاگ، مضمون یا کوئی خبر شائع کر نا چاہتے ہیں تو ہمارے آفیشیل ای میل qualbnews@gmail.com پر براہ راست ای میل کر سکتے ہیں۔ انتظامیہ قلب نیوز ڈاٹ کام

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے