اسلام آباد ۔ وزیر اعظم عمران خان نے سیالکوٹ ، کھاریاں موٹر وے کا سنگ بنیاد رکھ دیا ، اپنے خطاب میں وزیر اعظم نے کہا کہ پہلے ادوار میں بنائی گئی موٹر ویز سے ملک کو کوئی فائدہ نہیں ہوا،یہ موٹر وے پہلی موٹر وے سے 100 کلو میٹر کا سفر بچائے گی ۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ صرف یہ 100 کلو میٹر اضافی سفر سے گزشتہ 20 سالوں میں عوام کو وقت اور پٹرول کے ساتھ گاڑی کی مرمت پر لگنے والے پیسوں کی مد میں کتنا نقصان ہوا ہو گا۔ مجھے آج تک سمجھ نہیں آئی کہ یہ 100 کلو میٹر اضافی سفر کیوں تھا ؟۔
وزیر اعظم نے کہا کہ سوات موٹر وے سے صرف عید کے ایام میں27 لاکھ گاڑیاں گزریں ،عقل سے کام لیتے ہوئے اپنی آبادی کے بوجھ کو اپنے فائدے کیلئے استعمال کر سکتے ہیں ، صنعتی علاقوں کو سہولیات فراہم کرنا ہوں گی ، ہم نے اپنی برآمدات پر توجہ نہیں دی جس سے ڈالرز کم ہیں ۔ ہمیں ٹورازم کو بڑھانا ہوگا ، ٹور ازم کے ذریعے ہمارے پاس دولت آ سکتی ہے جس سے ہم ڈالر کی طلب و رسد کے فرق کو کنٹرول کر سکتے ہیں ۔
وزیر اعظم نے کہا کہ چھوٹے اور درمیانے درجے کے صنعتیں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہیں مگر ہم نے دیکھا کہ ان کیلئے رکاوٹیں بہت تھیں ، صنعتوں سے متعلق جو بھی رکاوٹیں ہوں گی انہیں دور کیا جائے گا۔ پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کو درپیش مشکلات کو بھی حل کیا جائے گا ۔
٭۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
نوٹ: قلب نیوز ڈاٹ کام ۔۔۔۔۔ کا کسی بھی خبر اورآراء سے متفق ہونا ضروری نہیں. اگر آپ بھی قلب نیوز ڈاٹ کام پر اپنا کالم، بلاگ، مضمون یا کوئی خبر شائع کر نا چاہتے ہیں تو ہمارے آفیشیل ای میل qualbnews@gmail.com پر براہ راست ای میل کر سکتے ہیں۔ انتظامیہ قلب نیوز ڈاٹ کام