راولپنڈی . قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہا ہے ماہ مبارک رمضان 1443 ھ کے آغاز پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ قمری سال کا نواں مہینہ جس میں طلوع صبح صادق سے غروب آفتاب تک چند امور سے قربت خداوندی کی نیت پرہیز کیا جاتا ہے اور روزے جیسی اہم ترین عبادت انجام دی جاتی ہے، تمام ادیان و مذاہب اس کے قائل ہیں اور ان میں کسی نہ کسی شکل میں روزہ رکھا جاتا ہے .
علامہ ساجد نقوی کا مزید کہنا ہے کہ قرآن کریم میں اس ماہ مبارک کی فضلیت اور خصوصیت بیان کرتے ہوئے ارشاد خداوندی ہے کہ ”ماہ مبارک رمضان وہ ہے جس میں قرآن نازل کیا گیا جو لوگوں کے لئے ہدایت ہے “ پیغمبر اکرم کا ارشاد گرامی ہے کہ انما سمی رمضان لان رمضان یرمض الذنوب ”رمضان کو رمضان اس لئے کہا جاتا ہے کہ وہ گناہوں کو جلا دیتا ہے اسی طرح دختر پیغمبر اکرم حضرت فاطمہ زہرا ؑ نے فرمایا ”فرض اللہ الصیام تثبیتا للاخلاص خداوند تعالی نے روزے کو اس لئے واجب کیا ہے تاکہ لوگوں کے اخلاص کو محکم کرے“
انہوں نے کہا کہ دور حاضر میں امت مسلمہ کو جس سنگین صورت حال کا سامنا ہے اس کی اصلاح کا ایک ذریعہ ہر شعبہ زندگی میں تقویٰ کا ماحول پیدا کر ناہے۔ قرآن مجید میں روزے کے وجوب اور احکامات کو صراحت سے بیان کرتے ہوئے فرمایا گیا کہ ”تم تقوی اختیار کرو“ اس سے ایک ایسا ماحول اور معاشرہ تشکیل دینا مقصود ہے جس میں زندگی کے ہر عمل کی بنیاد تقوی ہو.
علامہ ساجد نقوی کے مطابق رمضان المبارک کی آمد پر ایک طرف حکومت کی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ عوام کے لئے بنیادی اشیائے ضروریہ کی فوری اور سستی فراہمی کو یقینی بنائے‘ بدامنی اور سفاکیت پر قابو پاکر عوام کو امن و تحفظ فراہم کرے‘ احترام ماہ صیام کو ہر حوالے سے یقینی بنائے‘ سحر و افطار کے اوقات میں لوڈشیڈنگ پر قابو پائے جبکہ دوسری جانب امت مسلمہ کے لئے لازم ہے کہ وہ ماہ مبارک کی برکتوں کو سمیٹنے کی ہر ممکن کوشش کرے اور عبادت و ریاضت کے مراحل پورے خلوص نیت اور تندہی سے انجام دے امت مسلمہ کے اندر بدامنی‘ ظلم و جور اور ناانصافی کا خاتمہ بھی تقویٰ ہی سے ممکن ہے۔
قائد ملت جعفریہ پاکستان نے یہ بات زور دے کر کہی کہ امت مسلمہ پر لازم ہے کہ وہ ماہ مبارک کے دوران خدا تعالی کی لاریب کتاب قرآن کریم کے مطالعے کو بالخصوص اپنی عادت بنائیں اور اس کے معانی و مفاہیم پر خصوصی توجہ دیں اور اس میں موجود اسرار و رموز کا باریک بینی سے جائزہ لیں اور انہیں اپنی انفرادی و اجتماعی زندگی پر نافذ کر نے کی کوشش کریں تاکہ انسانیت فلاح و ہدایت کے راستے پر گامزن ہوکر اخروی کامیابی سے ہمکنار ہوسکے۔
٭۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
نوٹ: قلب نیوز ڈاٹ کام ۔۔۔۔۔ کا کسی بھی خبر اورآراء سے متفق ہونا ضروری نہیں. اگر آپ بھی قلب نیوز ڈاٹ کام پر اپنا کالم، بلاگ، مضمون یا کوئی خبر شائع کر نا چاہتے ہیں تو ہمارے آفیشیل ای میل qualbnews@gmail.com پر براہ راست ای میل کر سکتے ہیں۔ انتظامیہ قلب نیوز ڈاٹ کام